فضل الرحمان

ویکی‌وحدت سے
فضل الرحمان
فضل الرحمان.jpg
دوسرے ناممولانا فضل الرحمان
ذاتی معلومات
پیدائش1953 ء، 1331 ش، 1372 ق
یوم پیدائش13 جون
پیدائش کی جگہعبد الخیل، خیبر پختونخواہ پاکستان
اساتذہ
  • مولانا خلیفہ محمد، مفتی محمود
  • مولانا عبداللطيف
  • مولانا محمد اکبر
  • مفتی محمد عیسٰی خان گورمانی
  • مولانا عبد الغفور گورمانی
مذہباسلام، سنی
اثرات
  • فقہ کے بنیادی اصول
  • زادِ حرم
  • عشق الہی
  • و...
مناصبقائد جمعیت علماء اسلام پاکستان

فضل الرحمان قائد جمعیت علمائے پاکستان اور اس ملک کی مذہبی اور سیاسی جماعت جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مرکزی امیر ہیں اور اپوزیشن تحریک موجودہ حکومتی اتحادی جماعتوں پاکستان ڈیمو کریٹ مومنٹ (پی ڈی ایم) اور جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ ہیں۔ ہندوستان میں بنائے کے گئے دیوبندی مسلک سے ان کا تعلق ہے۔ اہل سنت والجماعت اور دیوبند مکتب فکر کے پیروکار ہونے کی وجہ سے آپ کو دیوبندی حنفی کہلاتے ہیں۔ ان کی جماعت جمعیت علما اسلام (ف) پاکستان کے صوبوں خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں بہت اثر ورسوخ رکھتی ہے۔ صوبہ بلوچستان میں ہمیشہ ان کی جماعت کے بغیر کوئی پارٹی حکومت نہیں بنا پاتی، آپ نے مشہور تحریک ایم آر ڈی میں قائدانہ کردار ادا کیا جو جنرل ضیاءالحق کے خلاف تھی جن میں ان کے ساتھ پیپلزپارٹی شریک تھی۔ جس کی پاداش آپ 2 سال تک جیل میں بھی رہے ان کا کردار حکومت کی بائیں بازو کی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی میں 1992ء میں بڑھ گیا۔ وہ 1988ء میں قومی سطح کی سیاست میں آئے اور پہلی بار رکنِ قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔ 2004ء کے الیکشن میں ان کی جماعت شکست کھائی۔

تعلیم

1965ء میں پانچویں جماعت پاس کی، ملت ہائی اسکول کچہری روڈ ملتان سے 1970ء میں میٹرک کا امتحان دیا فرسٹ ڈویژن حاصل کی، خلیفہ محمد سے ناظرہ قرآن مجید کے بعد فارسی اور فقہ کی ابتدائی کتب پڑھ چکے تھے- اسکول سطح پر ہمیشہ حسن قرأت کے مقابلوں میں اول پوزیشن حاصل کرتے رہے- علم الصرف مفتی عیسی خان گورمانی اور ان کے بھائی مولانا عبد الغفور گورمانی سے پڑھتے رہے۔

فضل الرحمان نے 19 فروری 1972ء کو دارلعلوم اکوڑہ خٹک میں داخلہ لیا، مولانا محمد علی سے کافیہ، علم النحو، صرف اور منطق کے قواعد و ضوابط زبانی یاد کیے- جولائی 1979ء میں وفاق المدارس کے تحت دور حدیث کا امتحان دیکر سند فضلیت حاصل کی-

اساتذہ

  • مولانا خلیفہ محمد، مفتی محمود (والد)،
  • مولانا عبداللطيف،
  • شیخ الحدیث مولانا محمد اکبر،
  • مفتی محمد عیسٰی خان گورمانی،
  • مولانا عبد الغفور گورمانی،
  • مولانا محمد امیر،
  • دارلعلوم اکوڑہ خٹک کے مہتمم مولانا عبد الحق سے بخاری جلد اول (ابتدائی چند ابواب)،
  • مولانا حسن جان رحمہ اللہ سے بخاری جلد اول، ترمذی شریف، سنن ابن ماجہ، سنن نسائی، موطائین، شمائل، جلالین،
  • مولانا ڈاکٹر شیر علی شاہ صاحب رحمہ اللہ سے مقامات، نور الانوار،
  • مولانا عبد الحلیم زروبوی سے مسلم شریف، بخاری شریف جلد ثانی، بیضاوی اور توضیح وتلویح،
  • محمد فرید صاحب سے بخاری شریف (چند ابواب) ابو داؤد، جلالین، شرح جامی،
  • مولانا عبد الغنی سے مشکاۃ شریف جلد ثانی، شرح چغمینی، حمداللہ، تحریر اقلیدس وغیرہ،
  • مولانا محمد علی سواتی سے کافیہ، مختصر المعانی، ھدایہ ثالث و رابع، طحاوی، ترمذی جلد ثانی۔

انھوں نے اپنی ابتدائی تعلیم ایک دینی مدرسے جامعہ حقانیہ میں حاصل کی۔ اس کے بعد انھوں نے جامعہ پشاور سے 1983ء میں اسلامک اسٹڈیز میں بی۔ اے کا امتحان امتیازی نمبروں سے پاس کیا۔ اس کے بعد وہ مصر کے جامعہ الازہر میں تعلیم حاصل کرنے کی غرض سے گئے اور وہاں سے ایم۔ اے کا امتحان پاس کیا۔ وہاں انھوں نے مذہبی علوم میں تعلیم حاصل کی اور اسی صنف میں تحقیق کی۔ انہوں نے الازہر یونیورسٹی سی ایم۔ اے کی سند حاصل کی [1]۔

درس و تدریس

1979ء میں دار العلوم اکوڑہ خٹک سے سند فضیلت حاصل کرنے کے بعد فضل الرحمن نے اپنے والد اور دیگر اساتذہ کی نگرانی میں جامعہ قاسم العلوم ملتان سے درس و تدریس کا آغاز کیا، اسباق کے ساتھ ساتھ کچھ وقت دارالافتاء کو بھی دیتے تھے اور فقہی سوالات کی بھی تحقیق کر کے جوابات تحریر کرتے تھے۔

سیاسی زندگی

فضل الرحمان نے 1988ء کے عام انتخابات میں حصہ لیا۔ انھوں نے 1988ء کے انتخابات جمعیت علما اسلام (ف) کے پلیٹ فارم سے لڑے تھے جو ایک اسلامی بنیاد رکھنے والی پارٹی ہے۔ 2013ء کے انتخابات میں بھی اپنے حلقہ سے کامیابی ہوئی۔ آپ جموں و کشمیر اور افغانستان کے متعلق علاقائی پالیسی میں اپنا کردار موؑثر طور پر ادا کیا۔ آپ 1988ء میں قومی سطح کی سیاست میں آئے اور پہلی بار رکنِ قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

آپ نے 1988ء میں ہونے والے پاکستانی عمومی انتخابات میں پہلی بار ڈی آئی خان کی نشست سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ اس کے بعد اس نے افغان طالبان سے رابطے کیے۔ فضل الرحمٰن ڈی آئی خان کے سیٹ سے دوسری مرتبہ 1990ء میں عام انتخابات میں پاکستان کی قومی اسمبلی کی نشست کے لیے انتخاب لڑے تھے لیکن وہ انتخاب میں کامیابی حاصل نہیں کرسکے۔

انہوں 1993ء میں پاکستانی جماعتی انتخابات میں دوسری مرتبہ ڈی آئی خان نشست سے اسلامی جہموری محاذ کے ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ فضل الرحمٰن کو پاکستان کی قومی اسمبلی میں قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کا چیئرمین مقرر کیا گیا۔ انہوں نے چوتھی بار پاکستانی عام انتخابات میں 1997ء میں قومی اسمبلی پاکستان کی نشست کے لیے انتخاب لڑا تھا مگر آپ انتخاب میں کامیابی حاصل نہیں کر سکے تھے۔ 2001ء میں افغانستان میں جنگ کے بعد فضل الرحمٰن نے پاکستان کے بڑے شہروں میں کئی امریکی مخالف مظاہروں اور طالبان نواز ریلیوں کی قیادت کی۔ انھوں نے امریکی صدر جارج ڈبلیو بش کو تنقید کا نشانہ بنایا اور دھمکی دی کہ اگر یہ بمباری جاری رہی تو امریکا کے خلاف جہاد کرنے کی دھمکی دی جائے گی۔

آپ نے صدر پاکستان پرویز مشرف کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور متنبہ کیا کہ اگر وہ "دہشت گردی کے خلاف جنگ" کی حمایت کرتے رہے تو ان کا تختہ الٹ دیا جائے گا۔ اکتوبر 2001ء میں، پرویز مشرف نے پاکستان کے شہریوں کو افواج پاکستان کے خلاف اکسانے اور حکومت پاکستان کا تختہ الٹنے کی کوشش کرنے پر اپنے آبائی گاؤں عبد الخیل میں فاضل کو نظربند رکھا۔ بعد ازاں مارچ 2002ء میں، فضل الرحمٰن کو رہا کر دیا گیا اور ان کے خلاف مقدمات واپس لے لیے گئے۔ فضل الرحمٰن 2002ء میں متحدہ مجلس عمل کے ٹکٹ پر تیسری مرتبہ پاکستانی عام انتخابات میں رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ فضل الرحمان نے دو نشستوں، این اے 24 اور این اے 25 پر کامیابی حاصل کی، بعد میں اسے خالی کر دیا گیا۔ الیکشن جیتنے پر، فضل الرحمٰن پاکستان کے وزیر اعظم کے عہدے کے ممکنہ امیدوار بن گئے لیکن ان کی تقرری نہیں ہوئی۔

متحدہ مجلس عمل

فضل الرحمان نے 2004ء سے 2007ء تک حزب اختلاف کے رہنما کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ انہوں نے 2008ء میں قومی اسمبلی کی نشست کے لیے چھٹی بار متحدہ مجلس عمل کے دو حلقوں، این اے 24 ، ڈی آئی سے متحدہ مجلس عمل کے ٹکٹ پر انتخاب کیا تھا۔ خان جو ان کا روایتی حلقہ ہے اور این اے 26 ، بنوں ستمبر 2008ء میں، وہ پاکستان کی قومی اسمبلی کی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین منتخب ہوئے۔ انہوں نے بنوں کے حلقہ انتخاب سے متحدہ مجلس عمل کے ٹکٹ پر چوتھی بار پاکستان کی قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے، لیکن وہ ڈی آئی میں الیکشن ہار گئے۔ خان حلقہ۔ 2008ء تک، فضل نے خود کو طالبان سے دور کر دیا اور خود کو اعتدال پسند قرار دیا۔ مئی 2014ء میں، وزیر اعظم نواز شریف نے انھیں کشمیر سے متعلق قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی کے چیئرمین ہونے کے لیے وفاقی وزیر کا درجہ دے دیا۔

اگست 2017ء میں، وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے انھیں دوبارہ ایک ہی درجہ دیا۔ 31 مئی 2018ء کو قومی اسمبلی کی مدت ملازمت ختم ہونے پر تحلیل ہونے پر، انھوں نے وفاقی وزیر کے عہدے پر فائز ہونا چھوڑ دیا۔ مارچ 2018ء میں، وہ متحدہ مجلس عمل کے سربراہ بن گئے۔ انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان کے حلقوں، این اے 38 اور این اے 39 سے 2018ء کے عام انتخابات میں قومی اسمبلی پاکستان کی نشست پر انتخاب کیا لیکن وہ کامیابی حاصل نہیں کر سکے۔ 27 اگست 2018ء کو، پاکستان مسلم لیگ (ن) سمیت متعدد اپوزیشن جماعتوں نے انھیں 2018ء کے صدارتی انتخابات میں امیدوار نامزد کیا۔ لیکن اس میں ناکام ہوئے- اس کے بعد عمران خان حکومت کے خلاف اپوزیشن تحریک پاکستان ڈیمو کریٹ (PDM) کے سربراہ بنے اور کامیابی حاصل کی۔

ہندوستان کا سرکاری دورہ

سال 2003ء میں فضل الرحمان نے ہندوستان کا ایک انتہائی اہم دورہ کیا جو سال 2002ء کے انتخابات بعد کسی سیاست دان کا ہندوستان کا پہلا دورہ تھا۔ اس وقت وہ ایم ایم اے کے قائد تھے جو دائیں بازو کی جماعتوں کا ایک بڑا اتحاد تھا۔ ان کے بارے میں نئی دہلی، ہندوستان میں پہلے سے یہ تأثر موجود تھا کہ وہ افغانستان میں طالبان کی حمایت کرتے ہیں۔ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان میں خارجہ تعلقات کو درست کرنے کے لیے فضل الرحمٰن نے جموں و کشمیر کے متعلق کئی عوامی بیانات دیے۔ ہندوستان کے وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی ان سے اپنی سرکاری رہائش گاہ پر ملے اور ان کے لیے ایک سرکاری ریاستی کھانے کا اہتمام کیا۔ ہندوستانی میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے فضل الرحمٰن نے کشمیر کو ایک علاقائی مسئلہ قرار دیا اور ان سے کہا کہ پاکستان اور ہندوستان کے مابین تجارت اور معاشی تعلقات بحال ہونے چاہئیں اور اس سے دونوں ملکوں کے درمیان میں اعتماد میں اضافہ ہو گا۔


تیل(ڈیزل) پرمٹ بیچنے کا الزام کیا ہے

پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان اپنی تقریروں میں جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی ف) کے سربراہ فضل الرحمٰن کے لیے ’ایک غیر شائستہ‘اور نامناسب نام مسلسل استعمال کیا جس پر کافی بحث چلی ہے۔ فوجی سربراہ کے مشورے کے باوجود عمران خان، فضل الرحمٰن پر ماضی میں لگائے گئے الزام کو دہرا رہے ہیں۔ یہی الزام گذشتہ روز لوئر دیر میں ایک جلسہ عام کے دوران پھر لگایا گیا۔

ان کو کرپٹ ثابت کرنے کے لیے یہ استعمال کیا جاتا تھا لیکن شاید بہت کم لوگوں کو معلوم ہو کہ اس نام کے پیچھے کہانی کیا ہے اور جس تناظر میں اس کا استعمال کیا جاتا ہے، کیا اس میں کوئی صداقت ہے یا نہیں؟

حامد میر کا تجزیہ

اس حوالے سے سینیئر صحافی و تجزیہ کار حامد میر نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ 90کی دہائی(1993-1996)میں جب بے نظیر بھٹو کی حکومت تھی، تو فضل الرحمٰن ان کے اتحادی تھے اور اس وقت وہ خارجہ امور کے کمیٹی کے سربراہ بھی تھے۔

حامد میر کے مطابق اسی دوران افغانستان میں طالبان کی حکومت آگئی، تو فضل الرحمٰن پر اپوزیشن جماعتوں نے جن میں پاکستان مسلم لیگ ن بھی شامل تھی، یہ الزام لگانا شروع کر دیا کہ فضل الرحمان نے طالبان کو ڈیزل کے پرمٹ فروخت کیے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ’اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے یہ الزام اس وقت لگا لیکن اس حوالے سے کوئی ثبوت سامنے نہیں آئے۔ بعد میں جب پرویز مشرف 2002کے انتخابات میں حصہ لے رہے تھے، تو پاکستان مسلم لیگ ق نے یہی الزام دہرایا اور اس وقت عمران خان فضل الرحمان کا دفاع کرتے تھے۔ تو اس کا مطلب یہی ہے کہ یہ محض ایک الزام ہے اور مولانا کے مخالفین نے یہ الزام مختلف اوقات میں لگایا ہے۔

ان کی جانب سے اس حوالے سے ایک 2019 میں روزنامہ جنگ میں ایک کالم بھی لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سیاسی مخالفین نے اس اصطلاح کو طعنے کے طور پر استعمال کرنا شروع کر دیا اور یہ زمانہ تھا جب نواز شریف بے نظیر بھٹو کی حکومت کے خلاف تحریک نجات چلانے میں مصروف تھے۔

حامد میر نے انڈپینڈنٹ اردو کو تبایا کہ ’عطاالحق قاسمی نے اسی کالم پر 2006 میں معافی بھی مانگی تھی لیکن جس طرح الزام لگانے کا کالم اچھالا گیا تھا، اس طرح معذرت والا کالم شیئر نہیں کیا گیا۔ عطاالحق قاسمی نے کالم میں مولانا سے معذرت کی تھی۔‘

حامد میر نے بتایا کہ ان کی جہاں تک تحقیق ہے یہ الزام درست نہیں ہے اور اگر سچ ہے تو موجودہ اور سابق حکومتوں کو جمعیت کے رہنما کے خلاف ریفرنس دائر کرنا چاہیے ناکہ روزانہ سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا جائے۔

’جعلی خبروں کی یہ ایک بڑی مثال ہے جو گذشتہ کئی دہائیوں سے بنائی جا رہی ہیں اور مختلف اوقات میں اس کا استعمال کیا جاتا ہے۔ دوسری بات یہ کہ ڈیزل پرمٹ تو شخصیات کو نہیں وہ تو پیٹرول پمپس کو جاری کیے جاتے ہے۔‘ حامد میر نے اپنے کالم میں لکھا ہے کہ ایک دن انہوں نے جے یو آئی کے رہنما مفتی نظام الدین شامزئی سے اس الزام کے بارے میں پوچھا تو انہوں نے اسے ’گھٹیا‘ الزام قرار دیا اور یہ بھی کہا کہ آپ عطا الحق سے پوچھیں کہ انہوں نے یہ کالم کیوں لکھا تھا۔

ٹی وی سکرین پر ایک طویل عرصے تک غیرحاضر رہنے کے واپس لوٹنے والے حامد میر کے مطابق ’میں نے عطاالحق سے بھی پوچھا تھا لیکن انہوں نے ایک اخبار کی خبر کا ذکر کیا، جس میں کہا گیا تھا کہ مولانا فضل الرحمٰن نے ڈیزل پرمٹ لیا تھا لیکن عطاالحق قاسمی کے پاس اس حوالے سے مزید کوئی تفصیل نہیں تھی کہ پرمٹ کس سے لیا اور کتنے میں لیا۔‘

اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ پاکستان میں بغیر ثبوت کے جعلی خبر کیسے شائع کروائی جاتی ہے اور پھر اسے سیاسی بیانیے کا حصہ بنانے کی مخالفین کوشش کرتے ہیں۔

حامد میر سے جب پوچھا گیا کہ یہ کہا جاتا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن وزیر پیٹرولیم تھے اور انہوں نے اپنا اثر رسوخ استعمال کر کے ڈیزل پرمٹ بیچے تھے، تو اس حوالے سے انہوں نے بتایا کہ مولانا فضل الرحمٰن کبھی بھی پیٹرولیم کے وزیر نہیں رہے ہیں بلکہ وہ بے نظیر حکومت میں امور خارجہ کمیٹی کے چیئرمین تھے۔

اس زمانے میں ڈیزل پرمٹ کیا ہوتا تھا؟

شمیم شاہد پشاور کے سینیئر صحافی ہیں اور افغانستان جہدوجہد سمیت طالبان کی 90 کی دہائی کی حکومت کی کوریج بھی کر چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس زمانے میں قبائلی علاقہ جات افغانستان کے لیے ٹرانزٹ روٹ تھے جس طرح اب بھی ہیں اور تجارت اسی راستے سے کی جاتی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ افغانستان کے لیے گندم اور ڈیزل کے پرمٹ لیے جاتے تھے یعنی یہاں سے افغانستان ڈیزل برآمد کیا جاتا تھا اور اس کے لیے پرمٹ لینا پڑتا تھا۔

شمیم شاہد نے بتایا کہ ’یہی الزام مولانا فضل الرحمٰن پر لگایا جاتا ہے کہ ان کو بے نظیر کی حکومت نے ڈیزل کا پرمٹ دیا تھا۔‘ مزید پڑھیے

مرحوم جنرل (ر) نصیر اللہ خان بابر بے نظیر بھٹو کی دوسری حکومت میں وزیر داخلہ تھے اور انگریزی اخبار دا نیوز کو 2007 میں دیے گئے ایک انٹرویوں میں انہوں نے ڈیزل پرمٹ کا بھی ذکر کیا ہے۔ انہوں نے بتایا تھا کہ مولانا فضل الرحمٰن نے ڈیزل پرمٹ لینے کی میڈیا کے سامنے خود تصدیق بھی کی ہے۔

نصير الله بابر نے ایک سوال کے جواب میں دا نیوز کو بتایا تھا کہ ’مولانا فضل الرحمٰن اتنے مطالبات کرتے تھے کہ ایک مرتبہ میں نے ان کے سامنے بے نظیر سے کہا تھا کہ مولانا کو سٹیٹ بینک کی چابیاں دے دیں تاکہ ان سے جان چھوٹ جائے۔‘

انڈپینڈنٹ اردو کو اس سٹوری کے لیے تحقیق کے دوران احتساب ادارے کی جانب سے مولانا فضل الرحمٰن کے خلاف درج کردہ ڈیزل پرمٹ لینے یا اس سے منسلک کسی قسم کی کرپشن کا ریفرنس یا کسی قسم کا کیس نہیں ملا۔

مولانا فضل الرحمٰن کی جمعیت کیا کہتی ہے

مولانا فضل الرحمٰن سے اس الزام کے بارے میں ماضی میں متعدد بار ذرائع ابلاغ کے نمائندوں اور ٹی وی پروگرامز میں پوچھا گیا ہے کہ اس کے پیچھے کہانی کیا ہے اور اس میں کتنی حقیقت ہے۔

اسی الزام کے بارے میں حامد میر نے ایک پروگرام میں پوچھا تو مولانا فضل الرحمٰن نے جواب دیا، ’اگر میں نے کوئی ڈیزل پرمٹ لیا ہے تو پرمٹ تو بغیر دستاویزات کے نہیں لیا جاتا تو اگر پرمٹ لیا ہے، تو اس کے ثبوت سامنے لے کر آئیں۔‘

جمعیت علمائے اسلام خیبر پختونخوا کے ترجمان عبدالجلیل جان نے انڈپیندنٹ اردو کو بتایا کہ پاکستان تحریک انصاف کی مرکز میں حکومت کا چوتھا اور خیبر پختونخوا میں آٹھواں سال چل رہا ہے، تو اس تمام عرصے میں اب تک پی ٹی آئی یا عمران خان نے مولانا فضل الرحمٰن کے خلاف اس الزام کی تحقیق کیوں نہیں کی یا کوئی ثبوت کیوں سامنے نہیں لے کر آئے۔

انہوں نے بتایا، ’یہ سراسر جھوٹ ہے۔ اگر پی ٹی آئی کے پاس کچھ ثبوت ہوتے تو ابھی تک سامنے لا چکے ہوتے لیکن جب ان کے پاس دلائل ختم ہوجاتے ہیں تو وہ گالیوں پر اتر آتے ہیں اور ملک مین انتشار پھیلانا چاہتے ہیں۔‘

جلیل جان سے جب پوچھا گا کہ کیا مولانا فضل الرحمٰن کے خلاف اگر اس الزام کی تحقیقات حکومت کرتی ہے تو کیا وہ پیش ہونے کے لیے تیار ہوں گے، اس کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ مولانا تو پہلے بھی اور اب بھی تیار ہیں کہ اس کی تحقیقات کیا ایک غیر جانب دار احتساب ادارے سے کرایا جائے تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے۔

جلیل جان نے بتایا کہ ’یہی غیر شائستہ گفتگو وہ حکومت سے پہلے کنٹینرز پر کھڑے ہو کر کرتے تھے اور اب حکومت میں ہونے کے باجود یہی رویہ اپنایا ہوا ہے۔ سیاسی اختلافات سیاسی جماعتوں کے مابین ہوتے ہیں لیکن تہذیب کا دامن کبھی نہیں چھوڑنا چاہیے۔‘

سیاسی مبصرین کے مطابق اگر حکومتوں میں اعلی عہدیدار بھی سیاسی مقاصد کے لیے بے بنیاد الزامات کا سہارا لیتے ہیں تو یہ ان کی بے بسی کا شاید اظہار کرتی ہے۔ وہ عدالت میں تو ثابت نہیں کرسکتے لیکن سیاسی پنڈال میں اس کا بھرپور استعمال کرتے ہیں [2]۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمان نے افغانستان کے عبوری وزیراعظم ملا محمد حسن اخوند سے ملاقات کی ہے۔ پیر کو جمعیت علمائے اسلام کے میڈیا سیل کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے ملا محمد حسن اخوند سے ملاقات میں کہا کہ ہمارے دورہ افغانستان کا مقصد دونوں ممالک کے تعلقات میں پائی جانے والی غلط فہمیوں کو دور کرنا، اور دونوں ملکوں کے سیاسی تعلقات، معیشت، تجارت اور باہمی ترقی میں تعاون کی راہیں تلاش کرنا ہے۔ مزید پڑھیں۔

انہوں نے کہا کہ جے یو آئی نے پاکستان میں افغان مہاجرین کے ساتھ رویے کے خلاف صدائے احتجاج بلند کی ہے۔ ’ہم اس قسم کے رویے کو غلط اور دونوں ممالک کے درمیان مسائل کی وجہ قرار دیتے ہیں۔‘ انہوں نے کہا کہ ہم یہاں خیر سگالی کا پیغام لائے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ اس سفر کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔ عبوری افغان وزیراعظم ملا محمد حسن اخوند نے کہا کہ امارت اسلامیہ افغانستان پاکستان سمیت کسی بھی پڑوسی ملک کو نقصان پہنچانے یا مسائل پیدا کرنے کا ارادہ نہیں رکھتی۔ انہوں نے کہا کہ ’پاکستانی حکام کو افغان مہاجرین کے ساتھ اپنا ظالمانہ رویہ بند کرنا چاہیے کیونکہ اس قسم کے رویے سے مسائل حل نہیں ہوتے بلکہ مخالفت اور مایوسی میں اضافہ ہوتا ہے۔‘ ملا محمد حسن اخوند کا مزید کہنا تھا کہ امید کرتے ہیں کہ یہ دورہ دونوں پڑوسی ممالک اور برادر عوام کے درمیان بھائی چارے اور مثبت تعلقات کی مضبوطی کا باعث بنے گا۔ عبوری افغان وزیراعظم سے ملاقات میں مولانا فضل الرحمان کے ہمراہ مولانا عبدالواسع، مولانا صلاح الدین، مولانا کمال الدین، مولانا جمال الدین، مولانا سلیم الدین شامزئی، مولانا امداد اللہ، مولانا ادریس، ڈاکٹر عتیق الرحمان اور مفتی ابرار بھی موجود تھے [3]۔

مولانا فضل الرحمان اور پی ٹی آئی کے آپس میں مذاکرات

پاکستان کی سیاست میں ایک بڑی پیش رفت اس وقت ہوئی جب تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے سخت حریف اور مخالف مولانا فضل الرحمان نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا کہ 2022 میں پی ٹی آئی حکومت گرانے کے لیے تحریک عدم اعتماد اس وقت کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ڈی جی آئی ایس آئی جنرل فیض حمید کے کہنے پر لائی گئی۔ اس انٹرویو کے نشر ہونے کے کچھ ہی دیر بعد تحریک انصاف کا ایک وفد سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی قیادت میں مولانا فضل الرحمان سے ملنے گیا اور تقریبا ایک گھنٹے تک مولانا اور ان کی جماعت کے ساتھیوں کے ساتھ موجودہ سیاسی صورتحال پرمشاورت کرتا رہا۔

اس ملاقات کے بعد مولانا کے قریبی ساتھی حافظ حمداللہ اور پی ٹی آئی کے رہنما بیرسٹر سیف نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ دونوں جماعتیں اس بات پر متفق ہیں کہ آٹھ فروری 2024 کے انتخابات میں دھاندلی ہوئی ہے اور اس بارے میں دونوں کا موقف ایک ہے۔ پاکستان کے مختلف تجزیہ نگاروں اور مبصرین نے اس حوالے سے اپنا نظریہ بیان کیا ہے۔ ان میں سے بعض مبصرین کا کہنا ہے کہ یہ ملاقات مولانا فضل الرحمان اور عمران خان کے درمیان برف پگھلنے کا سبب بن سکتی ہے۔ سینیئر تجزیہ نگار اور صحافی مظہر عباس کہتے ہیں کہ آج کی ملاقات سے پی ٹی آئی کو نقصان ہوا ہے۔ اور ’پی ٹی آئی کے اندر سے آوازیں اٹھ رہی ہیں کہ اس ملاقات کی ضرورت کیا تھی۔، ایک سوال کے جواب میں مظہر عباس کا کہنا تھا کہ انہیں نہیں لگتا کہ یہ قربت دیرپا ثابت ہوگی۔ ’جے یو آئی اور اور پی ٹی آئی مل بھی جائیں تو اسمبلی میں کوئی تبدیلی یعنی حکومت نہیں بناسکتے۔‘ ’دوسری بات یہ ہے کہ جے یو آئی کا موقف اور احتجاج ہی اس بات پر ہے کہ ان کی سیٹیں خیبر پخونخوا میں ان سےچھین کر پی ٹی آئی کو دی گئی ہے۔‘ یہ ملاقات اور دونوں جماعتوں کا مشترکہ موقف اس لیے بھی اہم ہے کہ مولانا فضل الرحمان کی جماعت جمعیت علمائے اسلام اور تحریک انصاف دونوں نے انتخابات میں ہونے والی مبینہ دھاندلی کے خلاف احتجاج کا اعلان کر رکھا ہے۔ لہٰذا اگر دونوں جماعتیں اگلے مرحلے میں مشترکہ احتجاج اور پارلیمنٹ میں اتحاد بنانے پر رضامند ہو جاتی ہیں تو یہ مسلم لیگ نواز اور پیپلز پارٹی کے ساتھ ساتھ مقتدرہ کے لیے بھی سخت مشکلات کا باعث بن جائے گا۔ بعض ماہرین اور مبصرین کا کہنا ہے کہ کل کی یہ دونوں متحارب سیاسی جماعتیں اگر آج اکٹھی ہو گئیں تو نئی حکومت کے لیے کام کرنا آسان نہیں ہو گا [4]۔

مولانا فضل الرحمن کے انکشافات کے مقاصد کیا ہیں؟

کچھ ناقدین کا خیال ہے کہ مولانا فضل الرحمن کا غصہ ن لیگ کی دھوکے بازی کا جواب ہے، جس کی وجہ سے مولانا کے سیاسی عزائم خاک میں مل گئے۔ مولانا فضل الرحمن کے بیانات کو روز روشن قرار دینا، پاکستان تحریک انصاف کے تو حق میں ہی ہے لیکن دیگر کچھ حلقوں کے طرح پاکستان علماء کونسل کے سربراہ مولانا طاہر اشرفی کے بقول فضل الرحمن کے دعوؤں میں کوئی حقیقت نہیں۔ پاکستان تحریک انصاف مولانا فض الرحمن کے دعوؤں کی کسی حد تک تصدیق کرتی ہوئی نظر آتی ہے جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی اور دوسرے فریقین اس کی تردید کرتے ہوئے دکھائی دیٓتے ہیں۔

فضل الرحمن کے انکشافات

مولانا فضل الرحمن نے جمعرات کو ایک انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور سابق آئی ایس آئی چیف جنرل فیض حمید نے سیاسی جماعتوں کو عمران خان کی حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی راہ دکھائی تھی۔ ان کا دعویٰ تھا کہ جنرل فیض اور جنرل باجوہ تمام سیاسی جماعتوں سے تحریک عدم اعتماد کے مسئلے پر رابطے میں تھے اور یہ کہ بعد میں پی پی پی اور ن لیگ نے بھی اس کی حمایت کی۔ ان کا یہ دعویٰ بھی تھا کہ وہ تحریک اعتماد کے حق میں نہیں تھے لیکن اپنے دوستوں کی خاطر انہوں نے اپنے نقطہ نظر کی قربانی دی۔

ان انکشافات کے بعد فضل الرحمن نے اپنے دیرینہ سیاسی دشمن عمران خان کی طرف بھی دوستی کا ہاتھ بڑھایا ہے۔ کئی حلقوں میں ان انکشافات کے مقاصد اور صحت پر بحث ہو رہی ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی)، مسلم لیگ (ن) اور دونوں جنرلوں کے قریبی حلقوں نے مولانا کے دعوؤں کی تردید کی ہے۔ پاکستان علماء کونسل کے سربراہ مولانا طاہر اشرفی نے ڈی ڈبلیو کو بتایا، مولانا فضل الرحمن کی دعوؤں میں کوئی حقیقت نہیں۔ جنرل باجوہ یا جنرل فیض حمید نے سیاسی جماعتوں کو کبھی عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا نہیں کہا۔‘‘

معروف تجزیہ نگار سہیل وڑائچ کا کہنا ہے کہ مولانا کی طرز سیاست کی وجہ سے ان کے خلاف نفرت بہت بڑھ گئی تھی، اس لیے وہ اس نفرت کو ختم کرنے کے لیے اس طرح کے دعوے کر رہے ہیں۔ انہوں نے ڈی ڈبلیو کو بتایا، خیبر پختونخوا میں مولانا نے عمران خان کی بھرپور مخالفت کی، جس کی وجہ سے وہاں ان کے خلاف نفرت بڑھی۔ بالکل اسی طرح مولانا کے بارے میں یہ بھی خیال کیا جاتا ہے کہ وہ جی ایچ کیو کے قریب رہے، جس کی وجہ سے عسکریت پسند تنظیمیں ان کے خلاف ہو گئیں۔‘

سہیل وڑائچ کے مطابق مولانا کے تازہ بیانات اس بات کی کوشش ہے کہ اس نفرت کو کم کیا جائے، کیونکہ اس نفرت کی وجہ سے انہیں انتخابات میں شکست بھی ہوئی اور وہ بھرپور طریقے سے اپنی انتخابی مہم بھی نہیں چلا سکے۔‘‘

ن لیگ کی دھوکہ بازی اور مولانا کے سیاسی مقاصد

کچھ ناقدین کا خیال ہے کہ مولانا کا غصہ ن لیگ کی دھوکے بازی کا جواب ہے، جس کی وجہ سے مولانا کے سیاسی عزائم خاک میں مل گئے۔ جمعیت علماء اسلام سے تعلق رکھنے والے سابق سینیٹر حافظ حسین احمد، جو مولانا کی پالیسیوں کے شدید ناقد رہے ہیں، نے اس حوالے سے ڈی ڈبلیو کو بتایا، جب مولانا نے لانگ مارچ نکالا تھا، میں نے اس وقت کہا تھا کہ مسلم لیگ نون ہمیں استعمال کرے گی اور پھر ہمیں نظر انداز کر دیا جائے گا۔‘ حافظ حسین احمد کے مطابق لانگ مارچ کے وقت مولانا سے صدارت کا وعدہ بھی کیا گیا تھا، اور یہ بھی کہا گیا تھا کہ پنجاب اور کے پی میں جمعیت علماء اسلام کے امیدواروں کی حمایت کی جائے گی لیکن ن لیگ نے تمام ہی معاملات پر مولانا فضل الرحمن کو دھوکہ دیا۔‘‘حافظ حسین احمد کے مطابق افسوس کی بات یہ ہے کہ اس وقت جن لوگوں نے مولانا کی اس پالیسی پر تنقید کی انہیں پارٹی سے نکال دیا گیا، کیا مولانا کو یہ نظر نہیں آتا کہ ن لیگ نے جاوید ہاشمی، شاہد خاقان، غوث علی شاہ اور دیگر کے ساتھ کیا کیا۔ وہ لوگوں کو استعمال کرتے ہیں اور مولانا کو بھی استعمال کیا گیا۔‘‘

قربانیوں کے باوجود مولانا سائیڈ لائن کر دیے گئے

صحافی اور اینکر پرسن فریحہ ادریس حافظ حسین احمد کی اس رائے سے اتفاق کرتی ہیں۔ انہوں نے ڈی ڈبلیو کو بتایا، اس بات میں کوئی شک نہیں کہ ن لیگ نے جو دوبارہ اقتدار حاصل کیا، اس کے لیے مولانا نے بہت جدوجہد کی۔ ان کے دھرنے کی وجہ سے نواز شریف کو باہر جانے کی اجازت ملی اور مولانا کے کارکنان ہمیشہ ن لیگ کے جلسوں کو بڑے اجتماع میں بدل دیتے تھے۔‘‘ فریحہ ادریس کے مطابق مولانا نے نواز شریف کا بہت مشکل وقت میں ساتھ دیا، اور اب ان کو محسوس ہوتا ہے کہ انہیں سائیڈ لائن کر دیا گیا ہے۔‘‘

مولانا پر الزامات بے بنیاد ہیں

جمیعت علماء اسلام کے ترجمان محمد اسلم غوری کا دعویٰ ہے کہ مولانا فضل الرحمن کے انکشافات پر اعتراضات اٹھانے والے بالکل بے بنیاد طرح کے الزامات لگا رہے ہیں۔ انہوں نے ڈی ڈبلیو کو بتایا، اس بات میں کوئی حقیقت نہیں کہ مولانا یہ سب کچھ صدارت حاصل کرنے کے لیے کر رہے۔ صدارت کے لیے آج بھی لوگ منتیں کر رہے ہیں لیکن ان کا ایک اصولی موقف ہے کہ انتخابات میں دھاندلی ہوئی ہے اور یہ دھاندلی اسٹیبلشمنٹ نے کی ہے۔‘‘ نئے انتخابات کرائے جائیں

محمد اسلم غوری کا کہنا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ سیاست سے لاتعلقی کرے اور صرف اپنی توجہ اس ذمہ داری پر مرکوز کرے جس کا آئین اسے کہتا ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ ملک میں انتخابات میں بڑے پیمانے پہ دھاندلی ہوئی ہے۔ سیاسی جماعتوں کو مینڈیٹ نہیں ملا اور ایک معلق پارلیمنٹ معرض وجود میں آئی ہے۔ اس لیے انتخابات دوبارہ کرائے جائیں اور اس میں اسٹیبلشمنٹ کی کسی بھی طرح کی مداخلت نہ ہو۔‘‘

کیا مولانا کے خلاف دھاندلی ہوئی ہے؟

اس سوال پر فریحہ ادریس کا خیال ہے کہ کیونکہ مولانا اپنے حلقے کی عوام سے رابطے میں نہیں رہے، اس لیے انہیں شکست ہوئی ہے، پیپلز پارٹی کے فیصل کریم کنڈی اور پی ٹی آئی کے علی امین گنڈاپور دونوں اپنے حلقے کی عوام سے رابطے میں رہے ہیں اور ان کو ملنے والے ووٹ بھی اس بات کی عکاسی کرتے ہیں۔‘‘ سہیل وڑائچ کا خیال ہے کہ مولانا کے ووٹ چوری نہیں کیے گئے ہیں، میرا خیال ہے کہ انہیں واضح شکست ہوئی ہے اور اس میں دھاندلی کا کوئی عنصر نہیں ہے۔‘‘[5]۔

دونوں جماعتوں کے درمیان دیوار نہیں پہاڑ حائل ہے

سیاسیات-جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہےکہ پی ٹی آئی اور جے یو آئی کے درمیان کوئی اتحاد نہیں ہوا، دونوں جماعتوں کے درمیان دیوار نہیں پہاڑ حائل ہے، اس کو عبور کرنا آسان کام نہیں۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا وفد پہلے بھی کئی بار آیا ہے، ہمیشہ عزت دی ہے، جے یو آئی کو ملک بھر کے الیکشن پر تحفظات ہیں، خیبرپختونخوا میں بھی پی ٹی آئی کے نتائج سے متعلق تحفظات ہیں، ہم نے ان کے سامنے بھی اچھے انداز میں اپنے تحفظات رکھے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اور جے یو آئی کے درمیان 12سال کا اختلاف رہا ہے، دونوں جماعتوں کے درمیان دیوار نہیں پہاڑ حائل ہے، اس کو عبور کرنا آسان کام نہیں، ہم اپنی پوزیشن پر ہیں اور پی ٹی آئی والے اپنی پوزیشن پر ہیں، پی ٹی آئی اور ہم نے اپنی پوزیشن تبدیل نہیں کی ہے، پی ٹی آئی اور جے یو آئی کے درمیان کوئی اتحاد نہیں ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی والوں کا یہاں آنا، ہم سے گفتگو کرنے سے ایک ماحول تشکیل ہوا ہے، ایسا ماحول جس میں مذاکرات ہوں، مسئلےکا حل نکلے، ہم سیاسی لوگ ہیں، سیاسی آدمی مذاکرات اور مسئلے کے حل کا انکار نہیں کرتا۔

الیکشن کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ جس الیکشن پر سوال اٹھیں اس کو کیسے تسلیم کریں؟ 2018 کا الیکشن اور اس بار کا الیکشن بھی متنازع ہوگیا ہے، جس طرح دھاندلی ہوئی،کونسی پارٹی کو جتوانا ہے،کس کو ہرانا ہے، رشوت دی گئی، اس پر شکایات آئی ہیں، 2018 میں بھی تقریباً یہی مینڈیٹ تھا،اس وقت پیپلزپارٹی، ن لیگ کیوں کہہ رہے تھے دھاندلی ہوئی، آج اسی مینڈیٹ کے ساتھ کہہ رہے ہیں الیکشن ٹھیک ہوئے ہیں، پی ٹی آئی والوں کو بھی کہتا ہوں آپ کا بھی تقریباً وہی مینڈیٹ ہے، آج پی ٹی آئی والے دھاندلی کہہ رہے ہیں، 2018 میں کہا الیکشن ٹھیک ہیں، 2018 ہو یا 2024، غلط ہمیشہ غلط ہوتا ہے، سندھ میں جی ڈی اے نے بھی الیکشن سے متعلق مظاہرے کیے۔

سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ میں نے سوال اسٹیبلشمنٹ سے کیا ہے، سوال کیا ہےکہ اگر الیکشن ٹھیک ہوئے ہیں تو 9 مئی کا بیانیہ تو دفن ہوگیا، اس کا مطلب یہ ہےکہ قوم نے ملک کے باغیوں کو ووٹ دیا ہے، ن لیگ، پیپلزپارٹی اور اسٹیبلشمنٹ سےکہتا ہوں آپ کے یہاں تضادات ہیں، ان میں تضادات ہیں، نوعیت شاید مختلف ہو، لوگ الیکشن میں اسی چیز کو دیکھتے ہیں جو سامنے نظر آتی ہے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنی جنرل کونسل سے سفارش کی ہےکہ ہم کیوں الیکشن میں اتر رہے ہیں؟ الیکشن میں پیسا بھی خرچ ہوتا ہے، توانائی بھی صرف ہو رہی ہیں، ہم نےسفارش کی ہےکہ پارلیمانی سیاست کیوں نہ چھوڑ دی جائے، ایسی ایکسر سائز کا کیا فائدہ؟ اگر ایوان نہیں تو میدان فیصلہ کریں گے، ہم نے پہاڑوں والا کام نہیں کرنا، ہم نے آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنی تحریک کو آگے بڑھانا ہے، ہم کس لیے یہ ساری ایکسرسائز کر رہے ہیں؟ ہمارے فیصلےکوئی اورکرتا ہے۔

پی ڈی ایم حکومت کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ڈیڑھ سال کی حکومت کی قیادت مسلم لیگ ن کر رہی تھی، ن لیگ کے بعد ڈیڑھ سال کی حکومت میں اکثریت پیپلزپارٹی کی تھی، ہم تو تیسرے، چوتھے نمبر پر تھے، اب سارا نزلہ ن لیگ پر گرنا چاہیے تھا، 10 سے 15 سیٹیں ملنی چاہیے تھیں، دوسرے نمبر پر پیپلزپارٹی جس کو سندھ میں شکست ہونی چاہیے تھی، پیپلزپارٹی تو آگے بڑھ رہی ہے، بلوچستان کی طرف جا رہی ہے، صرف ہم پر ہی نزلہ گر رہا ہے، ہم نے ہی جرم کیا ہے۔

انہوں نےکہا کہ ہم پہلے بھی اتحاد کے بغیر جیتے ہیں، بلدیاتی الیکشن میں ہمارا کوئی اتحادی نہیں تھا، ہم نے بلدیاتی الیکشن پورے صوبے سے جیتا تھا، میں کبھی کسی کو اپنی طرف سے امیدوار نہیں بناتا، ہمارے امیدواروں نے الیکشن کمیشن کو درخواست دی ہے، جو بھی ہمارے امیدوار چاہتے ہیں الیکشن کمیشن کو بتا دیا ہے، ہم توسوچتے ہیں کہ الیکشن غلط ہوئے ہیں، لوگوں نے ہمیں ووٹ دیا ہے فی الحال پارلیمانی کردار نہیں چھوڑیں گے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جس طرح الیکشن ہوا، نتیجہ آیا،ن لیگ کو پہلےہی کہہ چکا ہوں، ملک کے سیاسی، معاشی حالات ہیں، ڈیڑھ سال کا تجربہ ہے، چیلنج کو قبول کیا، ڈیڑھ سال کی حکومت میں ہم سب ن لیگ کے ساتھ تھے، اس کے باوجود آپ کوئی نیک نامی حاصل نہیں کرسکے، مزید اپنی سیاست دفن نہ کریں، ن لیگ کو کہا ہےکہ اپوزیشن میں آئیں اور ساتھ بیٹھیں، حیرت اس بات پر ہےکہ میرے خلاف کیوں پریس کانفرنس کی، پیپلزپارٹی کو کیا ضرورت پڑی تھی کہ میرے خلاف پریس کانفرنس کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت میں جانا مشکل ہے، ہمارا پارلیمانی کردار جاری رہےگا، جب تک ہماری جنرل کونسل فیصلہ نہیں کرتی پارلیمانی کردار ادا کریں گے، ہر روز صورتحال بدلتی ہے، جو بھی صورتحال ہوگی اس کےحساب سے فیصلہ ہوگا، الیکشن عوام کا فیصلہ ہوتا ہے اور وہ نظر نہیں آرہا، ہم نے تقریباً فیصلہ کرلیا ہےکہ حکومت میں نہیں جائیں گے، نواز شریف کے ساتھ دھوکا ہوا ہے تو وہ خود ڈٹ کر کہیں، بلوچستان میں کسی جماعت کو سپورٹ کرنے کا ابھی نہیں سوچا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے ڈٹ کر مطالبہ کیا ہےکہ چیف الیکشن کمیشن کو مستعفی ہوجانا چاہیے، شفاف الیکشن کے بیان کو ہم نے مسترد کردیا ہے، سابق کمشنر راولپنڈی کے پاس اگر ایسی چیزیں ہیں تو سامنے لائیں [6]۔

حوالہ جات

  1. حافظ مومن خان عثمانی، حضرت مولانا فضل الرحمن شخصیت و کردار
  2. اظہار اللہ، کیا واقعی مولانا فضل الرحمٰن نے ڈیزل پرمٹ لیے تھے؟ independenturdu.com
  3. فضل الرحمان کی افغان وزیراعظم سے ملاقات، urdunews.com
  4. خرم شہزاد، اردو نیوز اسلام آباد، کیا مولانا فضل الرحمان اور عمران خان کے درمیان برف پگھل رہی ہے؟،urdunews.com
  5. مولانا فضل الرحمن کے انکشافات کے مقاصد کیا ہیں؟، qaumiawaz.com
  6. پی ٹی آئی کے ساتھ اتحاد نہیں ہوا، دونوں جماعتوں کے درمیان دیوار نہیں پہاڑ حائل ہے۔ فضل الرحمان، siasiyat.com