مندرجات کا رخ کریں

امجد حسین

ویکی‌وحدت سے
امجد حسین
دوسرے نامامجد ایڈوکیٹ
ذاتی معلومات
پیدائش1975 ء
پیدائش کی جگہپاکستان
مذہباسلام، شیعہ
مناصبپاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے صدر اور وزیر اعلی

امجد حسین، پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے صدر اور سینئر قانون دان ایڈووکیٹ امجد حسین گلگت بلتستان کے نئے وزیرِ اعلیٰ منتخب ہو گئے ہیں۔ نو منتخب اسمبلی میں ان کے مقابلے میں کسی جماعت یا رکن کی جانب سے کوئی متبادل امیدوار سامنے نہ آنے کے باعث وہ بلامقابلہ منتخب ہوئے۔

سوانح عمری

1975 میں گلگت شہر کے علاقے امپھری میں پیدا ہونے والے امجد حسین ایک سیاسی گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں۔ ان کے والد مرحوم آذر خان پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق چیئرمین ضلع گلگت رہے۔

سیاسی اور سماجی سرگرمیوں سے بھرپور ماحول میں پرورش نے انہیں کم عمری ہی سے قانون، سیاست اور عوامی امور کی جانب مائل کیا۔

تعلیم

انہوں نے ابتدائی تعلیم گورنمنٹ ہائی سکول نمبر ون گلگت سے حاصل کی، جبکہ ایف ایس سی پبلک سکول اینڈ کالج جٹیال سے مکمل کی۔ بعد ازاں پنجاب یونیورسٹی سے قانون کی ڈگری حاصل کر کے وکالت کے شعبے میں قدم رکھا اور وقت کے ساتھ گلگت بلتستان کے نمایاں قانون دانوں میں شمار ہونے لگے۔

قانونی میدان میں وہ گلگت بلتستان ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن اور پیپلز لائرز فورم کے صدر بھی رہے۔ سپریم اپیلیٹ کورٹ گلگت بلتستان کے سینئر وکیل کے طور پر انہوں نے آئینی، انتظامی اور عوامی مفاد سے متعلق مقدمات میں سرگرم کردار ادا کیا۔

سیاسی سرگرمیاں

  • ان کی سیاسی زندگی کا آغاز طلبہ دور سے ہوا، جب 1996 میں وہ پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے ضلعی صدر منتخب ہوئے۔ بعد ازاں پارٹی کے مختلف تنظیمی عہدوں پر کام کرتے ہوئے وہ گلگت بلتستان میں پیپلز پارٹی کی اہم قیادت کے طور پر ابھرے۔
  • 2009 سے 2014 تک وہ گلگت بلتستان کونسل کے رکن رہے، جہاں انہوں نے آئینی معاملات، قانون سازی اور طرزِ حکمرانی سے متعلق امور میں حصہ لیا۔ 2015 میں پارٹی قیادت نے انہیں پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کی صدارت سونپی، جس کے بعد انہوں نے تنظیمی ڈھانچے اور سیاسی سرگرمیوں کو ازسرِ نو فعال بنانے پر توجہ دی۔
  • 2020 کے انتخابات میں انہوں نے ایک منفرد سیاسی ریکارڈ قائم کیا اور بیک وقت دو حلقوں، جی بی اے-1 گلگت ون اور جی بی اے-4 نگر ون، سے کامیابی حاصل کی۔ بعد میں انہوں نے گلگت کی نشست برقرار رکھتے ہوئے نگر کی نشست چھوڑ دی۔
  • 2020 سے 2023 تک وہ گلگت بلتستان اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف بھی رہے، جہاں انہوں نے آئینی حقوق، جمہوری عمل اور علاقائی خودمختاری کے موضوعات پر نمایاں کردار ادا کیا۔

امجد حسین خصوصاً “حقِ حکومت” اور “حقِ ملکیت” جیسے سیاسی نعروں اور مہمات سے وابستہ رہے، جن کا مقصد گلگت بلتستان کے عوام کے سیاسی اختیارات اور زمینوں سے متعلق حقوق کے مطالبات کو آگے بڑھانا تھا۔ بعد ازاں یہ نکات پیپلز پارٹی کے علاقائی سیاسی بیانیے کا حصہ بنے۔

تاہم ان کی سیاسی جدوجہد اور اصلاحاتی ایجنڈے پر تنقید بھی موجود رہی ہے۔ بالخصوص ان کی کوششوں سے سامنے آنے والے لینڈ ریفارمز بل پر مختلف سماجی، سیاسی اور عوامی حلقوں نے تحفظات کا اظہار کیا۔

ناقدین کے مطابق اس قانون نے زمینوں کے انتظام اور اختیار کے معاملے میں بیوروکریسی کا کردار مزید مضبوط کیا، جبکہ بعض حلقوں کا مؤقف ہے کہ اس سے عوامی یا روایتی ملکیتی زمینوں پر مقامی آبادی کے اختیار میں کمی واقع ہوئی۔

دوسری جانب اس بل کے حامی اسے زمینوں کے انتظام اور قانونی وضاحت کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیتے ہیں۔

وزیرِ اعلیٰ کے طور پر ان کا انتخاب

2026 کے عام انتخابات میں وہ دوبارہ جی بی اے-1 گلگت ون سے کامیاب ہوئے جبکہ پیپلز پارٹی اسمبلی میں سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آئی۔ اس کے بعد وزیرِ اعلیٰ کے طور پر ان کا انتخاب خطے میں سیاسی تعاون اور مفاہمت کے ایک اہم مرحلے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

سیاست اور قانون کے علاوہ امجد حسین کاروباری اور سماجی سرگرمیوں سے بھی وابستہ رہے ہیں۔ فٹبال، ماہی گیری اور مطالعہ ان کی ذاتی دلچسپیوں میں شامل ہیں۔

تقریباً تین دہائیوں پر محیط سیاسی اور پیشہ ورانہ تجربے کے بعد امجد حسین ایسے وقت میں گلگت بلتستان کی قیادت سنبھال رہے ہیں جب عوام کی توقعات سیاسی استحکام، ادارہ جاتی اصلاحات اور سماجی و معاشی ترقی سے وابستہ ہیں[1]

متعلقہ تلاشیں

حوالہ جات