مندرجات کا رخ کریں

"ابن حسن جارچوی" کے نسخوں کے درمیان فرق

ویکی‌وحدت سے
کوئی خلاصۂ ترمیم نہیں
کوئی خلاصۂ ترمیم نہیں
 
سطر 15: سطر 15:
| faith = [[شیعہ]]
| faith = [[شیعہ]]
| works = {{افقی باکس کی فہرست|فلسفہ آل محمد|بصیرت افروز مجالس|شہید نینوا|جدید ذاکری|علی کا طرز جہانبانی|}}
| works = {{افقی باکس کی فہرست|فلسفہ آل محمد|بصیرت افروز مجالس|شہید نینوا|جدید ذاکری|علی کا طرز جہانبانی|}}
| known for = {{افقی باکس کی فہرست|تحریک[[پاکستان]] اور آل انڈیا مسلم لیگ کی ورکنگ کمیٹی کے رکن}}
| known for = {{افقی باکس کی فہرست|تحریک [[پاکستان]] اور آل انڈیا مسلم لیگ کی ورکنگ کمیٹی کے رکن}}
}}
}}



حالیہ نسخہ بمطابق 14:40، 6 دسمبر 2025ء

ابن حسن جارچوی
دوسرے نامسید ابن حسن جارچوی رضوی
ذاتی معلومات
پیدائش1905 ء، 1283 ش، 1322 ق
یوم پیدائش21 مارچ
پیدائش کی جگہجارچہ ضلع بلند شہر
یوم وفات16 جولائی
وفات کی جگہکراچی
مذہباسلام، شیعہ
اثرات
  • فلسفہ آل محمد
  • بصیرت افروز مجالس
  • شہید نینوا
  • جدید ذاکری
  • علی کا طرز جہانبانی
مناصب
  • تحریک پاکستان اور آل انڈیا مسلم لیگ کی ورکنگ کمیٹی کے رکن

ابن حسن جارچوی(پیدائش: 21 اپریل، 1904ء - وفات: 16 جولائی، 1973ء) پاکستان سے تعلق رکھنے والے اردو کے ممتاز شعیہ عالم دین، شعیت پر متعدد کتب کے مصنف، ماہر تعلیم، تحریک پاکستان کے کارکن اور آل انڈیا مسلم لیگ کی ورکنگ کمیٹی کے رکن تھے۔

نسب نامہ

سید ابن حسن جارچوی ابن سید مہدی حسن ابن سید شفاعت علی ابن سید تراب علی ابن سید ببر علی ابن سید ہدایت علی ابن سید قیام الدین ابن سید حسام الدین ابن سید ناصر خورد ابن سید بھکاری شاہ ابن سید تاج الدین ابن سید ناصر کلاں ابن سید خان میر ابن سید علی سبزواری ابن سید علاء الدین ابن سید محمد ابن سید جلال بحقی ابن سید علی نوری ابن سید محمد مولائی ابن سید محمد اکبر مودودی ابن سید شاہ علی ابن سید شاہ محمد علی‌ نقی ابن سید شاہ محمد نقی کربلائی ابن سید ابو محمد حسن ابن سید شاہ حسن روشن چراغ ابن امام علی الرضا علیہ السلام

سوانح عمری

علامہ ابن حسن جارچوی بن سید مہدی حسن رضوی جارچہ ضلع بلند شہر میں 4 محرم 1322ھ بمطابق 21, مارچ1905ء کو پیدا ہوئے ۔پانچ سال کے ہوئے تو والد نے رحلت ہو گئی۔ نانا نے تعلیم و تربیت کا بوجھ اٹھایا۔ مولانا مدت تک اپنے بہنوئی مولوی شبیر حسین صاحب کے پاس میر پور بھٹورو ضلع ٹھٹہ سندھ میں رہے۔ انہوں رام پور اور اورینٹیل کالج سے مولوی فاضل و منشی فاضل، میرٹھ سے انٹرس، لاہور سے ایف اے، بی اے، ایم اے اور ایم او ایل کیا۔ 1932ء میں علی گڑھ یونیورسٹی سے بی ٹی کی سند حاصل کی۔

تعلیم

انہوں رام پور اور اورینٹیل کالج سے مولوی فاضل و منشی فاضل، میرٹھ سے انٹرس، لاہور سے ایف اے، بی اے، ایم اے اور ایم او ایل کیا۔ 1932ء میں علی گڑھ یونیورسٹی سے بی ٹی کی سند حاصل کی۔ 1920 سے 1930 تک وہ سندھ، پنجاب اور دہلی میں اپنی تقریر و تحریر کی وجہ سے مشہور ہو چکے تھے۔

علامہ مرتضٰی حسین صدر الافاضل لکھتے ہیں کہ ”میں نے ان کی تصویر دیکھی ہے جس میں عمامہ و عبا میں ملبوس ہیں۔ ان دنوں سندھ میں پیش نماز و خطیب تھے۔‘‘۔سکھر 1923 میں آل انڈیا شیعہ کانفرس کا اجلاس منقعد ہوا تو علامہ سید ابن حسن جارچوی نے اس میں شرکت فرمائی اور اپنی بصریت افروز تقریر سے لوگوں کے دل موہ لیے۔اس اجلاس کی صدارت شمس العلماء مرزا قلیچ بیگ نے فرمائی اور سابق چیف جسٹس جناب آغا حسن علی نے مہمان خصوصی کی حثیت سے اجلاس میں شرکت فرمائی۔

ہر دو حضرات نے علامہ سید ابن حسن جارچوی کی دینی و ملی فراست کی داد دی۔ اس کانفرس میں نواب آف خیر پور بھی تھے جو ہمیشہ علامہ سید ابن حسن جارچوی کے مداح رہے۔

تعلیمی سرگرمیاں

1931ء سے 1938ء تک وہ استاد جامعہ ملیہ میں رہے۔1937ء کے عشرہ محرم میں تبصرہ کرتے ہوئے سرفراز لکھنؤ کے نامہ نگار خصوصی نے بمبئی سے حسب ذیل خیالات کا اظہار کیا۔ ”ہماری قوم کی دوسری مایہ ناز ہستی درد دینی و قومی بہبود کے خیال سے ممبئی کو اپنی تشریف آوری سے مشرف و متفخر کرتی رہتی ہے علامہ ابن حسن جارچوی کی ذات ہے۔

علوم مشرقی اور مغربی دونوں آپ کے دوش کی زینت ہیں۔اور جسم پر ٹھیک اترتی ہے۔ علوم جدید اور ضروریات زمانہ کے احساس نے آپ کی تقریر کو ہر طرح تبلیغی موزوں اور اپ کی ذات کو تبلیغ کا اہل بنا دیا ہے۔

1938ء میں راجہ صاحب محمد امیر احمد خان آف محمود آباد نے بلا لیا جہاں راجا صاحب اف محمود آباد کو دینی تعلیم دینے کا فریضہ سونپا گیا۔ مولانا لکھنؤ میں علمی اور جدید فلسفی کے حلقہ کے سربراہ رہے۔ 1949 سے 1951ء شیعہ کالج لکھنؤ کے پرنسپل رہے۔ اس دوران وہ شیعہ وقف بورڈ، لکھنؤ یونیورسٹی، دارالتالیف محمود آباد، شیعہ کانفرنس اور تمام قومی اداروں کے رکن رہے۔

علامہ مرتضی حسین صدر الافاضل اپنی ملاقاتوں کا تذکرہ کرتے ہوئے لکھتے ہیں کہ” 1944ء سے1947ء تک مہینے میں ایک دو مرتبہ میری ان سے ملاقات عموماً ہوتی رہی۔ میں امیر الدولہ پبلک لائبریری جاتا تھا۔ لائبریری کے متصل وہ راجہ صاحب محمود آباد کی ایک کوٹھی میں رہتے تھے میں آتے جاتے ان کی خدمت میں حاضر ہوتا اور ان کے سیاسی، فلسفی، تاریخی اور جدید مسائل پر تازہ مطالعے سے مستفید ہوتا تھا۔ وہ ان دنوں کیمونزم اور جدید فلسفہ حکومت پر بہت عمیق مطالعہ کرنے کے بعد محمد و آل محمد کی تعلیم اور اور اسلامی اصولوں پر بڑی عالمانہ باتیں کرتے تھے۔

انگریزی کتابوں کا ڈھیر رکھا رہتا تھا اور ہیگل، لینن جیسے مشاہیر ضخیم تالیفات کے نسخے سامنے رکھ کر حوالے دیتے تھے۔ بالشویک تحریک پر سخت تنقید کرتے اور اس سے پیدا ہونے والی جدید نکتوں پر شیعہ نقطہ نظر سمجھا تے تھے۔ میں نے ان سے بے حد استفادہ کیا۔ وہ نوابوں اور رئیسوں سے کھنچ کر ملتے اور ان پر کڑی تنقید کرتے تھے۔ وہ راجہ میر احمد خان صاحب کی فقیرانہ زندگی کا اکثر ذکر کرتے تھے۔

وہ نواب صاحب رام پور کے نواب رضا علی خان مرحوم سے اپنا اختلاف کھل کر ظاہر کرتے تھے۔ میں نے ان کی صحبت بیٹھ کر یہ تاثر لیا کہ ہمارے طلباء کو جدید علوم سے باخبر ہونا چاہئے۔ میں نے مدت تک سوچ بچار کے بعد میں 1945ء میں ” کل ہند شیعہ عربی جمعیت طلباء” کی تاسیس کی اور ملک کے تمام شیعہ مدارس سے رابطہ کرکے 1946ء ایک بہت بڑا اجلاس کیا۔ جس کے ایک جلسے کی صدارت جناب مولانا کلب حسین صاحب قبلہ نے، ایک جلسے کی صدارت جناب جارچوی صاحب نے فرمائی۔

اس اجلاس میں شیعہ مدارس کے لیے جدید نصاب طے کیا گیا لیکن میں نے دیکھا کہ اس تحریک کو بعض سیاسی جماعتیں اپنا آلہ کار بنانا چاہتی ہے اس لئے وہ سلسلہ ختم کر دیا لیکن خود دینی تعلیم کے فورا بعد سیاست و ادب و تاریخ کے مطالعے میں منہمک ہو گیا۔ اگرچہ سیاست سے عملی تعلق کبھی پیدا نہ کیا۔”

پاکستان منتقلی

وہ یکم اکتوبر 1951ء کو پاکستان منتقل ہو گئے۔ تحریک پاکستان کے دوران وہ آل انڈیا مسلم لیگ کی ورکنگ کمیٹی کے رکن رہے۔ وہ ان دو افراد میں سے ایک تھے جنہیں قائد اعظم محمد علی جناح نے کرپس مشن کے سامنے بڑے فخر کے ساتھ پیش کیا تھا کہ اس مشن کو تخلیقِ پاکستان کا دینی پس منظر سمجھا سکیں۔ علامہ جارچوی نے پاکستان آنے کے بعداہلِ خانہ، اکابرین ، دوستوں اور مولانا محسن علی عمرانی کے مشورے سے عملی سیاست کا سلسلہ بھی جاری رکھا، تحریر و تقریر سے بھی منسلک رہے اور درس و تدریس سے بھی وابستہ رہے۔

وہ کراچی یونیورسٹی میں شعبہ تھیالوجی کے پہلے استاد تھے اور یہ شعبہ انہی کی کوششوں سے وجود میں آیا تھا۔ عمر کے آخری حصے میں انھوں نے انسٹی ٹیوٹ آف اسلامک اینڈ کلچرل ریسرچ کے نام سے ایک ادارہ بنانے کا منصوبہ بنایا۔ اس مقصد کے لیے زمین بھی حاصل کرلی گئی تھی مگر عمر نے وفا نہ کی۔

ابن حسن جارچوی نے متعدد کتابیں بھی یادگار چھوڑیں جن میں فلسفۂ آلِ محمد، شہیدِ نینوا، بصیرت افروز مجالس، علی کاطرز جہانبانی، جدید ذاکری اور مقدمہ فلسفۂ آلِ محمد شامل ہیں۔ اس کے علاوہ انھوں نے زوال رومۃ الکبریٰ کے حصہ اسلام کو بھی اردو میں منتقل کیا تھا جو شائع ہو چکا ہے۔

تصانیف

  • جدید ذاکری
  • علی کاطرز جہانبانی
  • فلسفۂ آلِ محمد
  • شہیدِ نینوا
  • مقدمہ فلسفۂ آلِ محمد
  • بصیرت افروز مجالس
  • زوال رومۃ الکبریٰ (حصہ اسلام کا اردو ترجمہ)

مذہب شیعہ کا انتخاب کرنا

بانی البصیرہ سید ثاقب اکبر مرحوم نے متعدد بار مجھے بتایا کہ کہ علامہ سید صفدر حسین نجفی رح نے ان سے پوچھا کہ کہ کس کتاب سے متاثر ہو کر آپ نے مذہب شیعہ اثناء عشری کی طرف آئے تو انہوں نے جواب دیا کہ علامہ ابنِ حسن جارچوی رح کی کتاب " فلسفہ آل محمد" نے متاثر کیا۔ علامہ موصوف نے کہا کہ آپ نے درست کتاب کا انتخاب کیا۔ جب میں نے وحدت امت کے حوالے سے مطالعہ شروع کیا تو اکثر نے بتایا کہ علامہ ابنِ حسن جارچوی رح کے افکار کو پڑہیں۔

1968ء میں مشہور صحافی مجیب الرحمٰن شامی نے علامہ ابن حسن جارچوی رح کا انٹرویو کیا جو اخبار جہاں میں شائع ہوا بعد میں ہفت روزہ رضا کار لاہور اور ماہنامہ پیام اسلام آباد میں شائع ہوا ۔ اس انٹرویو میں آپ نے مسلمانوں کے مسائل کا حل " لا شرقیہ لا غربیہ" میں قرار دیا۔ حضرت امام خمینی رح نے اسے 1979ء میں عملی کر دکھایا۔

آل انڈیا مسلم لیگ کی مرکزی ورکنگ کمیٹی میں شامل تھے اور یوپی سے لیجسلیٹو کونسل کے رکن منتخب ہوئے تھے۔ لیاقت علی خان اور عبد الرب نشتر کی قائد اعظم کے مزار کے احاطے میں تدفین میں بنیادی کردار ادا کیا جب کہ انتظامیہ انکاری تھی کہ اسے قبرستان نہیں بنانا۔ ایوب خان کے مقابلے میں محترمہ فاطمہ جناح کا ساتھ دیا۔ تمام جماعتوں نے آپ کے گھر پر اجلاس کیا اور پریس کانفرنس بھی کی جس میں میں مولانا مودودی رح نمایاں تھے۔ آپ نے ہی محترمہ فاطمہ جناح کی نماز جنازہ پڑھائی ۔

مفسر قرآن ڈاکٹر حسن رضوی جو آپ کے شاگرد ہیں نے بتایا کہ لوگوں نے آپ کو قائل کیا کہ وہ ایوب خان سے کہیں کہ وہ ایک پلاٹ الاٹ کر دے تاکہ وہاں پر علمی کام کیے جا سکیں جب کہ آپ اس کے لیے تیار نہیں تھے۔ جب صدر پاکستان کے پرائیویٹ سیکرٹری کو بتایا کہ علامہ ابنِ حسن جارچوی رح ملنا چاہ رہے ہیں تو فوراً وقت دیا گیا اور کہا سرکاری گاڑی انہیں لینے آئے گی ۔

علامہ رح نے کہا وہ ییلو کیب ٹیکسی میں ہی آئیں گے ۔ جب ایوب خان سے ملے تو کافی دیر باتیں کرتے رہے اور پلاٹ کی الاٹمنٹ کا ذکر بھی نہیں کیا۔ ساتھ آئے ہوئے ایک شخص نے کہا کہ جارچوی صاحب تو اس کام کے لیے آئے ہیں۔ ایوب خان نے فوراً کہا کہ کہاں ہے درخواست ؟ ہو درخواست پر منظوری دے دی۔ اس زمین پر آئی آر سی کا ادارہ قائم کیا جو عائشہ منزل اور ابن حسن جارچوی روڈ کے سنگم پر ہے اور یہیں آپ آسودہ خاک ہیں۔

علامہ ابن حسن جارچوی رح کے آثار کے حوالے سے چند تجاویز ہیں۔ 1- آپ کے تمام آثار کو جمع کر کے ایک مجموعہ کی صورت میں شائع کیا جائے۔ 2- ایک ویب سائٹ بنائی جائے جس میں قلمی کام و تصاویر محفوظ کی جائیں۔ 3- ہر سال آپ کی برسی کے موقع پر ایک علمی سیمنار منعقد کیا جائے۔ 4- کم از کم اس کتاب کو خرید کر پڑھا جائے۔ 5- مواد کی جمع آوری کے بعد ایم فل اور پی ایچ ڈی کے لیے بھی کوشش کی جائے۔ وہ قومیں ختم ہو جاتی ہیں جو اپنے محسنین کو بھول جائیں[1]۔

علامہ ابنِ حسن جارچوی: تحریک پاکستان کا فراموش مجاہد

برصغیر پاک و ہند کی تاریخ میں بہت کم ایسی سیاسی شخصیتیں ملیں گی جن کے کردار نے ایک عہد کو متاثر کیا ہو۔ علامہ ابن حسن جارچوی برصغیر کے چند شخصیتوں میں سے ایک ہیں جنہوں نے اپنے خلوص ایثار اور اعلٰی کردار کی بنا پر تاریخ میں نہ صرف ایک اہم مقام حاصل کیا ہے بلکہ آنے والی نسلوں کو بھی متاثر کیا ہے۔ بعض سیاسی رہنماوں کا خیال ہے کہ مولانا حسرت موہانی کی بعد اگر کسی نے درویشی اور فقیری کی زندگی اختیار کی ہے تو وہ علامہ ابن حسن جارچوی تھے۔

جو تحریک پاکستان کے صف اول کے قائد ہوتے ہوئے بھی عجز و انکسار کے پیکر تھے۔ ان کے مرتبہ کا اندازہ اس طرح آسانی سے لگایا جاسکتا ہے کہ انہوں نے محترمہ فاطمہ جناح کی نماز جنازہ بھی پڑھاائی تھی۔

مولانا ابن حسن جارچوی 1935ء سے مسلم لیگ میں کام کر رہے تھے اور تحریک پاکستان کے وقت ان کا عالم ہی کچھ اور تھا۔ ان کی سیاسی معلومات اور مذہبی جذبے سے متاثر ہو کر قائداعظم نے سر کرپس مشن کے سامنے دو قومی نظریے کا دینی پس منظر سمجھانے کے لیے دو علماء کو منتخب کیا تھا ایک علامہ شبیر احمد عثمانی دوسرے ابن حسن جارچوی۔ ان حضرات نے کرپس مشن مسلمانوں کے موقف کی مکمل صورت حال سمجھائی۔ علامہ ابن حسن جارچوی انڈیا مسلم مجوزہ ایجوکیشن کمیٹی کے رکن تھے جو اسلامی نظام تعلیم کے لیے نصاب کی تیاری کے لیے قائم کی گئی تھی [2]۔

پاکستان کی تحریک کو مقبول بنانے اور مسلم لیگ کے اجتماعات میں شرکت کرنے کے لیے انہوں نے دورے کیے۔ وہ اپنی جسامت کی وجہ سے زیادہ چلنے پھرنے کے قابل نہ تھے لیکن پاکستان کی خاطر انہوں جان پر کھیل کر یہ کام کیا۔ جب پاکستان بنا تو سیاسی طالع آزماؤں کی وجہ سے وہ اپنی ٹیم سے مایوس ہوکر لکھنؤ میں ہی رہ گئے۔ وہ کہتے تھے کہ میرا مقصد پورا ہو گیا۔

اب عہدے بٹیں گے اور امیدوار دوڑیں گے، مجھے اس بندر بانٹ سے کیا مطلب۔ وہ نئی نسل کی تعمیر افکار و کردار کے لیے شیعہ کالج لکھنؤ سے وابستہ ہو گئے۔ لیکن ہندوستان میں ہندؤں کی سیاست سے بدظن اور بدل ہو کر ہجرت پر مجبور ہوے اور1951ء میں کراچی آ گئے۔ ارباب سیاست نے ان کا استقبال کیا۔ وہ مسلم لیگ کی ورکنگ کمیٹی کے رکن تھے اس لیے حکومتوں نے انہیں عہدے دئے مگر وہ اپنا راستہ خدمت علم تجویز کر چکے تھے۔ اس لیے کراچی کے ادارہ اسلامیات سے وابستہ ہو گئے لیکن سیاسی دلچسپیاں جاری رہیں۔

لیاقت علی خان سے انہیں اختلاف تھا لیکن ان کی رحلت جب بحث ہوئی کہ انہیں کہاں دفن کیا جائے مگر اختلاف کے باوجود وہ مسلم لیگ کے طاقت ور گروپ سے ٹکرائے اور لیاقت علی خان کو قائد اعظم کے احاطے میں دفن کرنے پر آمادہ کرلیا۔ محترمہ فاطمہ جناح 9جولائی1967ءکو اتوار کے دن خالق حقیقی سے جا ملیں۔ آپ کی دو نماز جنازہ ہوئیں پہلی نماز جنازہ مولانا ابن حسن جارچوی نے قصر فاطمہ میں تقریباً ساڑھے آٹھ بجے پڑھائی دوسری نماز جنازہ مفتی محمد شفیع اوکاڑوی نے پڑھائی [3]۔

علماء سواے مفتی محمود کے فاطمہ جناح کے حامی تھے لیکن روشن خیالوں نے ایک نیا شوشہ یہ اٹھایا کہ فاطمہ جناح شیعہ ہیں اور یہ علما صرف اقتدار کی خاطر ایک ‘بدمذہب’ کی حمائت کر رہے ہیں۔ لیاقت آباد میں مشہور شیعہ عالم علامہ ابن حسن جارچوی کے گھر پر علما کا اجلاس تھا جس میں مولانا عبدالحامد بدایونی، مولانا ظفر انصاری، مولانا مودودی اور ہر مکتبہ فکر کے علما موجود تھے۔

سرکاری اخبار کے ایک صحافی نے طنزیہ سوال کیا کہ فاطمہ جناح تو صدر منتخب ہونے کےبعد فقہ جعفریہ نافذ کردینگی کیا سنیوں کیلئے یہ قابل قبول ہے؟ مولانامودودی نے ترنت جواب دیا کہ یہ فقہ کافریہ سے بہر حال بہت بہتر ہے[4]۔

1964ء میں جب ایوب خان کے مقابلے میں الیکشن میں کسی کے آگے کی ہمت نہ تھی اس وقت ابن حسن صاحب صرف سیاسی اختلاف ظاہر کرنے کے لئے کھڑے ہو گئے۔ ایوب آمریت کے خلاف علامہ ابن حسن جارچوی کا کردار پاکستانی عوام سے کبھی اوجھل نہیں ہو سکتا ہے۔ انہوں نے جس بے باکی اور دلیری سے ایوب آمریت کے خلاف اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے وہ جمہوریت کے احیاء میں اہم ترین ستون کی حیثیت رکھتے ہیں۔

حالانکہ ایوب خان نے علامہ صاحب کو خاموش رکھنے کے لئے بڑی بھاری پیشکش کیں لیکن ان کی نظر میں عوام اور ملت کے مفاد سب سے زیادہ عزیز تھا۔ اگر علامہ صاحب جیسا کوئی اور ہوتا تو ایوب خان کی پیشکش کو فورا قبول کر لیتا۔ انہوں نے اپنے بچوں کی پریشانی کو گوارا کر لیا لیکن حکومت وقت کے سامنے کبھی دست حاجت دراز نہ کیا۔ کسی نے بچوں کی طرف متوجہ کیا تو مسکرا کر فرمایا” اس وقت ملک کے کتنے بچے ملازمت کی تلاش میں مارے مارے پھر رہے ہیں اگر میرے بچے ایسا کر رہے ہیں تو کون سی قیامت ٹوٹ پڑے گی۔

پاکستان کے فدائی اور ملت شیعہ کے مبلغ و مفکر

وہ پاکستان کے فدائی اور ملت شیعہ کے مبلغ و مفکر تھے۔ وہ علماء کا بے حد احترام کرتے تھے اور مذہب کے ہر آڑے میں کام آتےتھے۔ انہوں نے شیعہ منبر اور مجلس کو نئی فکر دی۔ انہوں نے شیعہ لٹریچر کو ادبی اسلوب دیا۔ بمبئی، دہلی، لاہور، لکھنؤ اور بڑے بڑے شہروں میں مجلسیں پڑھتے رہے۔ انہوں نے ہزاروں میلاد پڑھے اور متعدد مناظرے کئے۔ وہ شیعہ و سنی دونوں کے خطیب تھے۔

اسلامی معاملات میں اعلیٰ درجے کے نمائندہ تصور کیے جاتے تھے۔ 1939ء میں انہوں نے لاہور میں آریوں سے حیرت انگیز طریقے پر ایک مناظرہ جیت کر تمام مسلمانوں میں مقبولیت حاصل کی۔ آریوں آریوں کا چیلنج تھا قرآن مجید وید کا ترجمہ ہے۔ مناظرہ شروع ہوا۔ حریف کی تقریر کے بعد جارچوی صاحب نے کھڑے ہوکر مدعی کی تائید میں زوردار تقریر کی۔ اور کہا کہ آج بڑا کام ہو گیا۔

13 سو سال گتھی حل ہو گئی۔ مسلمانو تم سے اتنا بھی نہ ہو سکا کہ ایک انوکھی اچھوتی کتاب بنا لیتے۔ پھر مدعی سے فرمایا آپ کا دعویٰ مان لیا جائے گا اگر اسے لکھ دیجئے۔ مدعی نے لکھ دیا۔مسلمانوں میں کھلبلی مچ گئی۔ آپ نے فرمایا آپ نے یہ مان لیا کہ قرآن مجید سنسکرت اور عربی کتابوں کا ترجمہ ہے۔ میں ابھی وصیت لکھے دیتا ہوں میرے اولاد کوئی اسلام قبول نہ کرے مگر یہ بتا دیجیے کہ اس قرآن میں کتنے دیوتاؤں اور دیویوں کا زکر ہے اور اللہ کے سوا، توحید کے سوا کہاں کہاں کسی اور قوت کا اثبات ہے۔

قرآن مجید نفی ماسوا اور توحید کا سبق دیتا ہے۔ پھر کیسے مان لیا جائے کہ آپ سچے؟ اگر یہ کتاب آپ ہی کی کتابوں کا ترجمہ ہے تو کیا یہ اچھا نہیں کہ آپ اسی کو مانیں اور سب کچھ غلط جانیں۔ یہ بات ایسے انداز سے کہی کہ مناظرہ الٹ گیا اور سب نے اقرار کیا کہ آج تک اتنا علمی اور منطقی مناظرہ نہیں ہوا تھا۔ مسلمانوں نے فتح کے نقارے بجا دیے۔

مولانا ابن حسن جارچوی کا یہی انداز سیاست میں رہا وہ جس طرح اعلیٰ درجے کے صاحب کردار مسلمان تھے اسی طرح منطقی عقلی اور پکے مسلم لیگی تھے اور آخر تک وہ اسی سیاسی مصلحت پر قائم رہے اور دور آمریت میں اکیلے شخص تھے جو اپنا اختلاف ظاہر کرنے کے لیے مسلم لیگ کے ٹکٹ پر الیکشن لڑے اور ناکام ہو کر اپنے نام کو مخالفت میں لکھوا لیا۔ وہ وہ غریبوں کے حامی اور ان کے دکھ سکھ میں شریک اور اسلامی برادری اسلامی حکومت کے قیام پر یقین رکھتے تھے۔

مولانا بہت سخت اصول کے پابند، حرص و ہوس سے دور، قانع اور باعمل آدمی تھے۔ کراچی یونیورسٹی میں شیعہ تھیالوجی کے پہلے استاد مقرر ہوئے اور یہای شعبہ ان کی سعی سے وجود وجود میں آیا۔ وہ طلباء کو اپنی فکر دینے کے متمنی تھے اسی بنا پرانہوں نے “انسٹی ٹیوٹ آف اسلامک اینڈ کلچر ریسرچ” کے نام سے ایک ادارہ بنا لیا.زمین خریدی اور کام شروع کیا لیکن ضعف و علالت نے انہیں بے کار کر دیا تھا۔

ان کا خیال تھا کہ وہ اسلام و آل محمد کو نئی تاریخی و فلسفی روشنی میں متعارف کرائیں لیکن عمر نے وفا نہ کی اور 16 جولائی 1973ء بمطابق 14 جمادی الثانی 1393ھ کو جاں بحق ہوئے۔ اور ” انسٹیٹیوٹ آف اسلامک اینڈ کلچرل ریسرچ” کراچی کے میدان میں دفن ہوئے۔

تصانیف

  • مقدمہ فلسفہ آل محمد 2
  • زوال رومہ کبریٰ کے حصہ اسلام کا ترجمہ, 1936 میں
  • فلسفہ آل محمد چھ حصے
  • بصیرت افروز مجالس،
  • چودہ تقریریں جو علامہ مرتضی حسین صدر الافاضل کے مقدمے کے ساتھ
  • شہید نینوا
  • جدید ذاکری
  • علی کا طرز جہانبانی
  • دیو مالا، جو 30 ستمبر 1938ء کی ہے۔
  • ہندوستانی کی دوسری کتاب، ابن حسن جارچوی اور محمد نزیر الدین کی مشترکہ کاوش ہے[5]

وفات

علامہ ابن حسن جارچوی 16 جولائی، 1973ء کو کراچی، پاکستان میں وفات پاگئے۔ وہ کراچی میں واقع انسٹی ٹیوٹ آف اسلامک کلچر اینڈ ریسرچ کے احاطے میں سپردِ خاک ہیں۔

متعلقہ تلاشیں

حوالہ جات

  1. [زندگانی علامہ ابن حسن جارچوی ( ان کی اپنی زبانی)، تحریر: پروفیسر سید صغیر اصغر جارچوی کھوج: سید نثار علی ترمذی تصیح و تدوین و حواشی: سید شاہد رضا، کراچی پبلیشر: البصیرہ پاکستان
  2. جناح پیپرز، جلد دہم، دستاویز نمبر۔63
  3. نواے وقت 16 جولائی
  4. 9- جولائی 2019مسعود عبدالہ، بلاگر
  5. علامہ ابنِ حسن جارچوی: تحریک پاکستان کا فراموش مجاہد، سید نثار علی ترمذی -شائع شدہ از:20 جولائی 2023ء- اخذ شدہ بہ تاریخ: 7 دستمبر 2025ء