طوفان الاقصی -2.jpg

طوفان الاقصیٰ (آپریشن طوفان الاقصیٰ) 7 اکتوبر 2023 کو، حماس کی قیادت میں فلسطینی مجاہدین نے غزہ کی پٹی سے اسرائیل کے خلاف بڑے پیمانے پر حملے کا آغاز کیا، غزہ کے مجاہدین نے اسرائیلی رکاوٹ کو توڑتے ہوئے اور غزہ کی سرحدی گزرگاہوں کے ذریعے قریبی اسرائیلی بستیوں میں داخل ہوگئے۔ حماس نے اسے آپریشن طوفان الاقصیٰ کا نام دیا۔ 1948ء کی عرب اسرائیل جنگ کے بعد اسرائیل کی حدود میں یہ پہلا براہ راست تنازعہ ہے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے سپریم لیڈر حضرت آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے اس آپریشن کو کامیاب آپریشن قرار دیا۔ اسی طرح حضرت آیت اللہ سید علی سیستانی نے اس کے آپریشن کے بعد مسلمان امت کے لئے اسرائیل کے خلاف جہاد کا فتوی دیا۔

آپریشن طوفان الاقصیٰ

آپریشن طوفان الاقصیٰ کے نام سے 7 اکتوبر 2023 کو، حماس کی قیادت میں فلسطینی مجاہدین نے غزہ کی پٹی سے اسرائیل کے خلاف بڑے پیمانے پر حملے کا آغاز کیا، مجاہدین اسلام نے اسرائیلی رکاوٹ کو توڑتے ہوئے اور غزہ کی سرحدی گزرگاہوں کے ذریعے قریبی اسرائیلی بستیوں میں داخل ہوگئے۔ حماس نے اسے آپریشن طوفان الاقصیٰ کا نام دیا۔ 1948 کی عرب اسرائیل جنگ کے بعد اسرائیل کی حدود میں یہ پہلا براہ راست تنازعہ ہے۔ جنگ کا آغاز صبح سویرے اسرائیل کے خلاف راکٹوں اور گاڑیوں کے ذریعے اسرائیلی سرزمین میں داخلے کے ساتھ کیا گیا تھا، جس میں ارد گرد کے اسرائیلی شہری علاقے اور اسرائیلی فوجی اڈوں پر کئی حملے کیے گئے تھے۔ بعض مبصرین نے ان واقعات کو تیسرے فلسطینی انتفاضہ کا آغاز قرار دیا ہے۔ 1973 کی جنگ یوم کپور کے بعد پہلی بار اسرائیل نے باضابطہ طور پر جنگ کا اعلان کیا۔ اسرائیل نے اپنے جوابی عمل کو آپریشن آہنی تلوار کا نام دیا ہے ۔

فلسطینیوں کا حملہ، غزہ اور اسرائیل کے درمیان تعلقات کی بڑی خرابی کو ظاہر کرتا ہے ۔ یہ جنگ اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان مہینوں کی جھڑپوں کے بعد شروع ہوئی ہے ، جن میں جنین اور مسجد اقصی بھی شامل ہے، جس میں تقریباً 250 فلسطینی اور 32 اسرائیلی مارے گئے؛حماس نے ان واقعات کو حملے کا جواز بنایا ہے۔ حماس کی عسکری شاخ، عزالدین القسام بریگیڈز کے کمانڈر محمد ضیف، نے فلسطینیوں اور عرب اسرائیلیوں سے مطالبہ کیا کہ وہ "قابضین کو نکال باہر کریں اور گرتی ہوئی دیوار کو دھکا دیں "۔ جنگ شروع ہونے کے فوراً بعد مغربی کنارے میں ایک ہنگامی اجلاس میں فلسطینی اتھارٹی کے محمود عباس نے جنگ کی حمایت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینیوں کو اسرائیلی قبضے کے خلاف اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔ اسرائیل میں یش عتید کے يائير لپید نے فلسطینی حملے کا مقابلہ کرنے کے لیے قومی اتحاد کی حکومت کے قیام کی وکالت کی ہے۔ غزہ کی پٹی سے کم از کم 3,000 راکٹ فائر کیے گئے۔ حماس کے مجاہد سرحدی رکاوٹوں کو توڑ کر اسرائیل میں داخل ہوئے، جس سے کم از کم 700 اسرائیلی ہلاک ہوئے ۔

اور اسرائیل کی حکومت کو ہنگامی حالت کا اعلان کرنے پر مجبور کیا۔ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے حملوں کے آغاز کے بعد ایک قومی خطاب میں کہا کہ اسرائیل حالت ’جنگ میں ہے‘۔اسرائیل میں داخل ہونے والے فلسطینی مجاہدین نے غزہ کی پٹی کے قریب کیبوتس کے ساتھ ساتھ سدیروت شہر کو بھی اپنی عملداری میشامل ں کرلیا۔ اسرائیل نے سٹریٹجک عمارتوں اور گھروں پر بمباری کرکے حملے کے خلاف جوابی کارروائی کی۔ غزہ میں حماس کی زیر قیادت فلسطینی وزارت صحت نے اطلاع دی ہے کہ اسرائیل نے کم از کم 400 فلسطینیوں کو دوبدو لڑائی اور فضائی حملوں میں شہید کیا ہے، جن میں عام شہری، 78 بچے اور 41 خواتین شامل ہیں۔ فلسطینی اور اسرائیلی میڈیا دونوں ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ اسرائیلی فوجیوں اور شہریوں کو، جن میں بچے بھی شامل ہیں، فلسطینی مجاہدین نے جنگی قیدی بنا لیا ہے؛ ان میں سے کئی یرغمالیوں کو مبینہ طور پر غزہ کی پٹی لے جایا گیا ہے۔ حماس کے حملے کے آغاز کے بعد ایک ہسپتال اور ایمبولینس سمیت شہری اہداف پر اسرائیلی بمباری ہوئی جس میں تقریباً 200 افراد مارے گئے [1]۔

فلسطینی حملہ

راکٹ بیراج

اکتوبر 2023ء کو اسرائیل 06:30 بجے، حماس نے آپریشن کے آغاز کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس نے غزہ کی پٹی سے اسرائیل میں 20 منٹ کے اندر اندر 5000 سے زیادہ راکٹ فائر کیے ہیں۔ اسرائیلی ذرائع نے بتایا ہے کہ غزہ سے کم از کم 3000 پروجیکٹائل داغے گئے ہیں۔ راکٹ حملوں میں کم از کم پانچ افراد ہلاک ہو گئے۔ دھماکوں کی اطلاع غزہ کے آس پاس کے علاقوں اور سہل شارون کے شہروں بشمول غدیرا، ہرتزیلیا، تل ابیب اور عسقلان میں موصول ہوئی تھی۔ بئر سبع، یروشلم، رحوووت، ریشون لصیون اور پاماچیم ایئربیس میں بھی فضائی حملے کے سائرن بجائے گئے۔ حماس نے جنگ کی کال جاری کی، جس میں اعلیٰ فوجی کمانڈر محمد ضیف نے ہر جگہ مسلمانوں سے اسرائیل میں حملہ کرنے کی اپیل کی۔

فلسطینی مجاہدین نے غزہ کی پٹی کے قریب اسرائیلی کشتیوں پر بھی فائرنگ کی، جب کہ غزہ کی سرحدی باڑ کے مشرقی حصے میں فلسطینیوں اور آئی ڈی ایف کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ شام کو حماس نے اسرائیل کی طرف تقریباً 150 راکٹوں کا ایک اور بیراج داغ دیا، جس میں یفنہ، جفعاتایم، بت یام، بیت دگان، تل ابیب اور رشون لیزیون میں دھماکوں کی اطلاع ہے۔ اس کے بعد 8 اکتوبر کی صبح ایک اور راکٹ بیراج ہوا، جس میں ایک راکٹ عسقلان کے برزیلائی میڈیکل سینٹر پر گرا۔ حماس نے سدیروت پر 100 راکٹ بھی فائر کیے ہیں۔ 9 اکتوبر کو حماس نے تل ابیب اور یروشلم کی سمت میں ایک اور بیراج فائر کیا، ایک راکٹ بین گوریون ہوائی اڈے کے ٹرمینل کے قریب گرا۔

اسرائیل میں فلسطینی حملہ

تقریباً 1000 فلسطینی مجاہدین نے ٹرکوں، پک اپ، موٹر سائیکلوں، بلڈوزروں، اسپیڈ بوٹس اور پیرا گلائیڈر کے ذریعے غزہ سے اسرائیل میں دراندازی کی۔ تصاویر اور ویڈیوز میں سیاہ رنگت والے پک اپ ٹرکوں میں ملبوس بھاری مسلح اور نقاب پوش مجاہدین کو دکھایا گیا ہے جنہوں نے سدیروت میں فائرنگ کرتے ہوئے کئی اسرائیلی شہریوں اور فوجیوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ دیگر ویڈیوز میں اسرائیلیوں کو قیدی بناتے اور جلتے ہوئے اسرائیلی ٹینک، کے ساتھ ساتھ مجاہدین کو اسرائیلی فوجی گاڑیوں میں سوار دکھایا گیا ہے۔ اس صبح، ریئم کے قریب ایک آؤٹ ڈور میوزک فیسٹیول میں ایک قتل عام ہوا، جس کے نتیجے میں ممکنہ طور پر سینکڑوں افراد ہلاک ہو گئے، بہت سے لوگ ابھی تک لاپتہ اور روپوش ہیں۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ موٹر سائیکلوں پر سوار عسکریت پسند فرار ہونے والے شرکاء پر فائرنگ کر رہے تھے، جو پہلے ہی راکٹ فائر کی وجہ سے منتشر ہو رہے تھے جس سے کچھ شرکاء زخمی ہو گئے تھے۔

کچھ کو یرغمال بھی بنا لیا گیا۔ حملہ آور افواج کو نیر اوز، بیری اور نیتیو ہاسارا میں،نیز غزہ کی پٹی کے ارد گرد کبوتزم میں، بھی دیکھا گیا، جہاں انہوں نے مبینہ طور پر لوگوں کو یرغمال بنایا اور گھروں کو آگ لگا دی،۔ نتيف عشرہ حملے میں 15 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ افکیم میں بھی یرغمال بنائے جانے کی اطلاع ملتی ہیں ، جبکہ سدیروت میں گھروں کو آگ لگا دی گئی۔ حماس نے کہا کہ اس نے اسرائیل کو اپنے فلسطینی قیدیوں کی رہائی کے لیے مجبور کرنے کے لیے قیدیوں کا سہارا لیا اور دعویٰ کیا کہ اس نے تمام فلسطینی قیدیوں کی رہائی کے لیے کافی تعداد میں اسرائیلی قیدی بنائے ہیں۔

آپریشن طوفان الاقصیٰ کے حوالے سے سید علی خامنه ای کا موقف

طوفان الاقصی ایسا تباہ کن زلزلہ تھا جس نے غاصب صیہونی حکومت کی بنیادوں کو تباہ کردیا۔ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ نے منگل کو تہران کی امام علی کیڈٹ یونیورسٹی کی سالانہ تقریب سے خطا ب میں مزاحمتی فلسطینی محاذ کے آپریشن طوفان الاقصی کی قدردانی کی۔ ایران کے سپریم لیڈر نے فرمایا کہ سات اکتوبر کو غاصب صیہونی حکومت کو فوجی اور خفیہ ایجنسی دونوں لحاظ سے ایسی شکست کا سامنا کرنا پڑا کہ جس کی تلافی نہیں ہوسکتی ۔آپ نے فرمایا کہ صیہونی حکومت کی شکست کی بات سب کرتے ہیں لیکن میں کہتا ہوں کہ یہ شکست ناقابل تلافی ہے [2].

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ میں کہتا ہوں کہ یہ ایسا تباہ کن زلزلہ تھا جس نے غاصب صیہونی حکومت کی بنیادوں کو تباہ کردیا اور ان بنیادوں کی تعمیر آسانی سے ممکن نہیں ہے۔ آپ نے فرمایا کہ میں فلسطینی نوجوانوں اوراس آپریشن کی منصوبہ بندی کرنے والے ذہین اور مدبر جوانوں کی پیشانی اور بازوؤں کو بوسہ دیتا ہوں اور جو یہ کہتے ہیں کہ یہ رزمیہ کارنامہ فلسطینیوں کا کام نہیں ہے، وہ اپنے اندازوں میں غلطی کررہے ہیں۔ رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ یہ مصیبت اپنے اوپر صیہونی خود اپنی کارکردگی سے لائے ہیں ۔ جب ظلم و جرائم حد سے گزرجائے، جب درندگی آخری حد کو پہنچ جائے تو طوفان کا منتظر رہنا چاہئے ۔

سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ فلسطینیوں کا دلیرانہ اور فداکارانہ اقدام غاصب دشمن کے ان جرائم کا جواب ہے جس کا ارتکاب اس نے برسوں کیا ہے اور حالیہ مہینوں کے دوران ان میں شدت آگئی تھی ۔ اس کی ذمہ دار موجودہ صیہونی حکومت بھی ہے اور ماضی کی حکومتیں بھی ہیں۔ سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ خبیث اور ظالم دشمن اب طمانچہ کھانے کے بعد خود کو مظلوم ظاہر کرنے کی کوشش کررہا ہے ۔ دوسرے بھی اس کی مدد کررہے ہیں ، یہ مظلوم نمائی حقیقت کے برعکس اور جھوٹ ہے۔ اور یہ کوشش اس لئے کی جارہی ہے کہ فلسطینی مجاہدین غزہ کے محاصرے سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوئے اور صیہونیوں کے فوجی اور غیر فوجی مراکز تک پہنچ گئے ۔ آپ نے سوالیہ انداز میں فرمایا کہ " کیا وہ مظلوم ہے؟ یہ حکومت غاصب ہے ، مظلوم نہیں ظالم ہے ، جارح ہے، جاہل ہے ، ہرزہ سرائی کرتی ہے، مظلوم نہیں ظالم ہے اور کوئی بھی اس شیطان صفت دیو کو مظلوم بنا کے نہیں پیش کرسکتا۔ رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ یہ مظالم اورجرائم ، بہادر فلسطینی جوانوں اور فداکار فلسطینیوں کے عزم و ارادے کو مزید پختہ کریں گے ۔ آپ نے فرمایا کہ وہ دن چلا گیا جب وہ آتے تھے تاکہ ظالم کے ساتھ نشست وبرخاست کرکے، بات کرکے، فلسطین میں اپنے لئے کوئی جگہ بنالیں ۔ وہ دور اب نہیں رہا۔ آج فلسطینی بیدار ہیں ، فلسطینی نوجوان بیدار ہیں اور فلسطینی منصوبہ ساز پوری مہارت کے ساتھ اپنے کام میں مشغول ہیں ۔ رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ دشمن کا یہ اندازہ اس غلط فہمی پر مبنی ہے کہ وہ خود کو مظلوم ظاہر کرکے اپنے مجرمانہ حملوں کا سلسلہ جاری رکھ سکیں گے۔

حضرت آیت اللہ سید علی سیستانی کا اسرائیل کے خلاف جهاد کا کا فتوی

آیت اللہ سیستانی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ صیہونی حکومت کے جرائم دنیا کی آنکھوں کے سامنے ہورہے ہیں لیکن کوئی انکو روکنے والا نہیں ہے.[3] ۔ اس بیان میں کہا گیا ہے کہ پوری دنیا کو اس گھناؤنے ظلم کے خلاف کھڑا ہونا چاہیے، ورنہ جارحین کے خلاف مزاحمت جاری رہے گی۔ آیت اللہ سیستانی نے تاکید کی کہ فلسطینیوں کو جائز حقوق دینا اور قبضے کا خاتمہ ہی خطے میں سلامتی کے حصول کا واحد راستہ ہے.

رد عمل

ایران

اقوام متحدہ میں ایران کے وزیر خارجہ امیر عبداللہیان کی تقریر:

  • اسرائیلی صھیونی حکومت غزہ میں نسل کشی کر رہی ہے۔
  • طوفان اقصی آپریشن صرف ایک اسرائیلی صھیونی جرائم کا نتیجہ ہے۔
  • اسرائیلی صھیونیوں کو حق دفاع ایک مذاق ہے۔
  • صہیونی اسرائیل ہر قسم جنگی جرائم کا مرتکب ہوا ہے۔
  • امریکہ کو خبردار کرتے ہیں کہ اگر خطے میں جنگ بھڑکاؤ گے تو خود بھی امان میں نہیں رہو گے [4].

پاکستان

پاکستان میں فلسطینی مزاحمت کے حامیوں کی جانب سے آپریشن "الاقصی طوفان" کی حمایت۔ آج پاکستانی نیوز نیٹ ورکس نے "الاقصیٰ طوفان" نامی آپریشن کے آغاز کے بعد مقبوضہ فلسطینی علاقوں کی لمحہ بہ لمحہ بدلتی صورت حال بتانے کے لیے اپنے روزمرہ کے پروگراموں کے دوران خصوصی رپورٹنگ کی۔ پاکستان کے سیاسی رہنماؤں نے بھی غاصب صیہونی دشمن کے خلاف فلسطینی مزاحمت کے حامیوں کی جانب سے آپریشن "الاقصی طوفان" کی بھرپور حمایت کی۔ پاکستانی جی ٹی وی نیٹ ورک نے اپنی بریکنگ نیوز میں اعلان کیا کہ صہیونی ’’اقصیٰ طوفان‘‘ آپریشن سے حیران ہیں۔ پاکستان کے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ اور او آئی سی کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ فلسطین کے منصفانہ، جامع اور دیرپا حل کا اعادہ کرتا ہے، ساتھ ہی مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کی کلید کے طور پر دو ریاستی حل کی مسلسل وکالت کی ہے۔.[5]

جماعت اسلامی پاکستان

جماعت اسلامی کے نمائندے سینیٹر مشتاق احمد خان نے الاقصیٰ طوفان آپریشن کی کامیابی پر فلسطینی عوام اور جنگجوؤں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ فلسطینیوں نے اپنی آزادی اور استقلال کے لیے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔ انہوں نے کہا کی کہ فتح یقینی طور پر بہادر فلسطینی عوام کی ہے جبکہ شکست اور ذلت غاصب صیہونی افواج کا ابدی مقدر ہے۔

اسلامی تحریک پاکستان

غزہ 66 دن سے ظلم کی تاریکی کا شکار ، ایسی نسل کشی کبھی انسانیت نے نہ دیکھی، ساجد نقوی۔ قائد ملت جعفریہ پاکستان: جنرل اسمبلی ،سلامتی کونسل، او آئی سی سمیت عالمی ادارے بری طرح ناکام ہوگئے، دنیا نے ظلم و تشدد کے موقع پر بھی اعلانیہ جانبداری کا مظاہرہ کیا۔ حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کہتے ہیں غزہ 66دن سے ظلم کی تاریکی کا شکار، ایسی نسل کشی کبھی انسانیت نے دیکھی نہ سنی جو ظلم و جبر و تشدد غز ہ پر 7 اکتوبر کے بعد سے آج تک جاری ہے، جنرل اسمبلی، سلامتی کونسل، او آئی سی سمیت عالمی ادارے بری طرح ناکام ہوگئے، دنیا نے ظلم و تشدد کے موقع پر بھی اعلانیہ جانبداری دکھائی، اس سے بڑا ظلم، اس سے بڑی دہشت گردی اور اس سے بڑھ کر نسل کشی اور کیا ہوگی کہ شیرخوار بچوں سمیت حاملہ خواتین تک کو درندگی کانشانہ بناتے ہوئے بموں سے اڑادیاگیا، اسپتالوں، مساجد، گرجا گھروں اور سکولوں سمیت رہائشی عماراتوں کو نشانہ بناکر انسانیت کو درگور کردیاگیا۔

مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ماہرین، دانش ور، صحافی، سماجی و سیاسی شخصیات، ادیب اور رضا کاروں سمیت سب کو چن چن کر نشانہ بنایاگیا،انسانی وقار خاک میں مل چکا ہے ،استعماریت کو کھلی چھوٹ مل چکی۔ان خیالات کا اظہار قائد ملت جعفریہ پاکستان نے صحت سہولیات اور غیر جانبداری کے یوم پر اقوام عالم کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ افسوس کہ اقوام متحدہ اقوام عالم کے لئے انسانی حقوق کی فراہمی کے اپنے مشن میں کامیاب نہ ہوسکا، بڑی ریاستوں اور جارح ممالک کے سامنے اقوام عالم کے سب سے بڑے ادارے کی ایک نہیں چلتی۔ غزہ 66 دن سے ظلم کی تاریکی کا شکار، ایسی نسل کشی کبھی انسانیت نے دیکھی نہ سنی جو ظلم و جبر و تشدد غز ہ پر 7 اکتوبر کے بعد سے آج تک جاری ہے، جنرل اسمبلی، سلامتی کونسل، او آئی سی سمیت عالمی ادارے بری طرح ناکام ہوگئے، اس سے بڑا ظلم، اس سے بڑی دہشت گردی اور اس سے بڑھ کر نسل کشی اور کیا ہوگی کہ شیرخوار بچوں سمیت حاملہ خواتین تک کو درندگی کانشانہ بناتے ہوئے بموں سے اڑادیاگیا، اسپتالوں، مساجد، گرجا گھروں اور سکولوں سمیت رہائشی عماراتوں کو نشانہ بناکر انسانیت کو درگور کردیاگیا، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ماہرین، دانش ور، صحافی، سماجی و سیاسی شخصیات، ادیب اور رضا کاروں سمیت سب کو چن چن کر نشانہ بنایاگیا۔ انہوں نے مزید کہاکہ یو این سیکرٹری جنرل سلامتی کونسل کے مفلوج ہونے کی دہائی دے رہے ہیں کیونکہ انسانی حقوق پامال ہوچکے، شیطان اپنی آب و تاب کیساتھ استعماریت کو کھلی چھوٹ دے چکا [6]۔

وحدت المسلمین

پارٹی کے سربراہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ "الاقصی طوفان" آپریشن فلسطین کے بہادر جوانوں کی ایمانی طاقت کے مقابلے میں کرپٹ اور ناجائز غاصب صیہونی حکومت کی ذلت اور بے بسی کو ظاہر کرتا ہے۔ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام ہمیشہ اپنے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ ہیں اور آج کے آپریشن کی کامیابی کے لیے خدا سے دعاگو ہیں۔ انہوں نے غزہ کی پٹی پر رہائش پذیر فلسطینیوں پر اسرائیل کے فضائی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عالم اسلام کو نہتے فلسطینیوں کے خلاف صیہونی غاصب حکومت کی جارحیت کے خلاف متحد ہونا چاہیے۔

امت واحده پاکستان

امت واحدہ پاکستان کے سربراہ نے طوفان الاقصی آپریشن اور موجودہ فلسطین کی صورتحال کے حوالے سے حوزہ نیوز کے نامہ نگار سے گفتگو کی ہے۔ حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، امت واحدہ پاکستان کے سربراہ علامہ محمد امین شہیدی نے طوفان الاقصی آپریشن اور موجودہ فلسطین کی صورتحال کے حوالے سے حوزہ نیوز کے نامہ نگار کو انٹرویو دیا ہے۔ جسے قارئین کی خدمت میں پیش کیا جا رہا ہے:

  • سوال: اسرائیل و فلسطین جنگ کی کیا وجہ ہے؟ اس میں اسرائیل کا کیا رول ہے اور حماس نے یہ حملہ کیوں کیا؟

علامہ امین شہیدی: پوری دنیا کی طاقتوں نے مل کر 18ویں صدی کے آخری عشرے میں یہ فیصلہ کر لیا تھا کہ انہوں نے ہر صورت میں فلسطین کی سرزمین کو فلسطینیوں سے لے کر یہودیوں کے حوالے کرنا ہے اور اس کے لئے امریکہ، برطانیہ اور یورپ کے تمام ممالک نے اپنا کردار ادا کیا۔ یہاں تک کہ 1917ء میں انہوں نے اعلامیہ بالفور (Balfour Declaration)کے ذریعہ باقاعدہ اس کا اعلان کر دیا کہ وہ آہستہ آہستہ سرزمینِ فلسطین میں یہودیوں کی آباد کاری کی بنیاد فراہم کرتے چلیں گے۔ پھر 1948ء میں انہوں نے ایک غاصب ریاست کی تشکیل کے حوالے سے اعلان کر دیا جس کا نام اسرائیل رکھا گیا۔ صورتحال یہ تھی کہ اس میں سب سے زیادہ رول برطانیہ، فرانس، امریکہ اور یورپ نے ادا کیا۔ اقوامِ متحدہ نے چونکہ اس سرزمین کو برطانیہ کے حوالے کر دیا تھا کہ آپ اس کو کنٹرول کریں گے تو انہوں نے فلسطینیوں کو دبا کر اور باہر سے یہاں یہودیوں کو لا کر کے آباد کیا اور اقوامِ متحدہ ہی کے ذریعہ سے فلسطین کی 57 فیصد زمین ان کے حوالے کر دی۔ اس کے نتیجہ میں اسرائیلیوں کو ایک نئی ریاست کے قیام کا موقع مل گیا جس کی پشت پر پوری مغربی دنیا موجود تھی۔

اسرائیل کی تشکیل کے اصل ہدف دو تھے۔ ایک ہدف تو یہ تھا کہ اس خطے میں چونکہ تیل کے ذخائر، معدنیات کے ذخائر اور بہت بڑے گیس کے ذخائر اس کے علاوہ اس علاقہ میں کئی دیگر قدرتی ذخائر بے تحاشا موجود ہیں تو اس علاقہ کو وہ جب جنگوں کا مرکز بنا دیں گے اور انہیں ہمیشہ آپس میں جھگڑوں اور مسائل کا شکار رکھیں گے تو نتیجتاً اس علاقے میں ترقی نہیں ہو گی اور جب ترقی نہیں ہو گی، علم آگے نہیں بڑھے گا، علمی اور ثقافتی حوالے سے جب وہاں کی ثقافت ترقی نہیں کرے گی تو نتیجتاً مغربی ممالک کو اس علاقہ پر قبضہ کرنے کا موقع ملے گا اور اس کے لئے یہاں پر جھگڑے کی بنیاد قائم کرنا ضروری ہے اور وہ ہے اسرائیل اور یہودی ریاست کا قیام۔

دوسرا یہودیوں کے حوالے سے مغربی دنیا کو ایک تلخ تجربہ تھا کہ یہ ایک ایسی نسل ہے جس نے ہمیشہ سے انسانیت کی ناک میں دم کر رکھا ہے لہذا انہوں نے ان کو ایک الگ ریاست دے اور مغربی دنیا سے دور رکھ کر اپنی بھی جان چھڑائی ہے لیکن یہودی ریاست کو اپنے آلۂ کار کے طور پر استعمال کرنے اور ان کے ذریعہ سے مسلمانوں کو ہمیشہ روندنے کا ایک موقع فراہم کیا۔

اس کے بعد فلسطینیوں کو ان کی سرزمین سے نکالنا شروع کر دیا گیا، اقوامِ متحدہ اور اقوامِ عالم نے ان کی پوری پوری حمایت کی۔ ابتدائی دور میں عربوں نے اس کے مقابلہ میں مزاحمت کی اور کئی جنگیں ہوئیں لیکن وہ اسرائیل سے شکست کھا گئے۔ جس کے نتیجہ میں اسرائیل کی قوت و ہیبت میں اضافہ ہوتا چلا گیا۔

یہاں تک کہ پچاس کی دہائی میں p-n-oتشکیل پائی اور پی- این- او کی تشکیل کے بعد ایک مزاحمتی عمل خود فلسطین کے اندر سے شروع ہوا لیکن وہ بھی بہت زیادہ دیر تک قائم نہیں رہا۔ یاسر عرفات کو انہوں نے آہستہ آہستہ اپنے شیشہ میں اتار لیا اور اس کی شادی بھی یورپ کی ایک خاتون سے کروا دی اور گھر سے ہی اس کی تبدیلی کا آغاز ہوا اور وہ بجائے مبارزہ اور مقابلہ کے مفاہمت وغیرہ کی ڈگر پر چل پڑا۔

1967ء میں اقوامِ متحدہ کے زیرِ سایہ ایک معاہدہ انجام پایا جس میں دو ریاستی تصور دیا گیا جس کے نتیجہ میں ایک ریاست اسرائیل اور دوسری ریاست فلسطین بننا قرار پائی۔ یاسر عرفات اور اس کے ساتھیوں نے اس کو قبول کر لیا، عربوں نے اس کو قبول کر لیا۔ اس لئے کہ ان کو اندازہ ہو گیا کہ وہ اسرائیل کا مقابلہ اس لئے بھی نہیں کر سکتے چونکہ اس کے ساتھ پوری دنیا ہے۔ لہذا انہوں نے کمپرومائز کرنا مناسب سمجھا اور جہادی اور مبارزاتی راستے کے بجائے مفاہمت، شکست اور ذلت کا رستہ اختیار کیا۔ لیکن اس کا بھی نتیجہ یہی نکلا کہ جنگ تو ختم ہو گئی لیکن اسرائیلیوں کی پیش قدمی نہیں رکی اور انہوں نے بجائے اس کے کہ فلسطین کو ایک الگ ریاست کے طور پر قبول کرتے، انہوں نے اس کو مزید سکیڑنا شروع کر دیا اور اس کے حدودِ اربعہ پر قبضہ کرنا شروع کر دیا اور یہ سلسلہ مسلسل جاری رہا یہاں تک کہ اس دوران ایران میں 1979ء میں انقلابِ اسلامی کامیاب ہوتا ہے جس کی کامیابی کے بعد صورتحال تبدیل ہونا شروع ہوئی۔

اب اگر انقلابِ اسلامی سے پہلے اور بعد کی فلسطین کی جنگوں کو دیکھیں تو ایک واضح فرق نظر آئے گا کہ جب امام خمینی (رہ) نے قدس کی حمایت کا اعلان کیا تھا تو اس کے بعد ریاستی طور پر ایران نے فلسطینیوں کا ساتھ دینا شروع کر دیا، ان کے سر پر ہاتھ رکھنا شروع کر دیا لہذا 1979ء کے بعد کی جنگوں میں طوالت کو مشاہدہ کیا جا سکتا ہے جو کہ پہلے صرف 2،3 دن جاری رہنے اور عربوں کے پسپا ہو جانے پر ختم ہو جایا کرتی تھیں۔ اس سے پہلے یہ غلیلوں اور پتھر سے یا زیادہ سے زیادہ چاقو سے لڑتے تھے لیکن اس کے بعد ان کے پاس اسلحہ بھی آیا اور آہستہ آہستہ وہ منظم ہونا شروع ہوئے۔ لیکن باوجود اس کے یاسر عرفات نے صہیونیوں کا مقابلہ نہیں کیا یا نہیں کر سکا یہاں تک کہ حماس تشکیل پائی۔ جس کے تشکیل پانے کی وجہ بھی یہی تھی کہ جو مسلمانوں کے یہودیوں سے جنگ کا جذبہ ہے اسے زندہ رکھا جائے۔

اب جب حماس نے اپنی سرگرمیوں کا آغاز کیا تو فلسطینیوں کے اندر ایک نئی روح پیدا ہونی شروع ہوئی۔ اس دوران کئی تحولات بھی آئے جس میں دہشت گروہ داعش کا وجود اور اس کے ذریعہ حماس کے کئی افراد کو ورغلا کر ساتھ ملانا وغیرہ شامل تھا۔ جو کہ بعد میں انہیں حقیقت پتا چلنے پر پشیمانی کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ اسی طرح اسرائیلیوں نے دینِ ابراہیمی کے نام پر الہی ادیان کے درمیان مفاہمت کے نام سے ایک تحریک چلانی شروع کر دی اور اس میں سعودیہ سمیت باقی عرب ممالک کو شریک کیا اور نتیجتاً اسرائیل کو تسلیم کرنے کی راہیں ہموار کرنا شروع کر دیں۔

اسرائیل کو تسلیم کرنا یعنی جہاد و مقاومت سے ہاتھ اٹھانا، غاصب صہیونیوں کے ناجائز حق کو تسلیم کرنا، لاکھوں کروڑوں بے گناہ شہید ہونے والے بچوں، بڑوں، بوڑھوں اور خواتین کے خون کا سودا کرنا، بیت المقدس کو یہودیوں کے ہاتھ فروخت کرنا، فلسطین کی سرزمین کے مالک بلاشرکت غیرے یہودیوں کو قرار دینا اور مسلمانوں کو ان کا غلام تسلیم کرنا وغیرہ۔ اور ہمارے عرب ملکوں کے حکمرانوں نے اس بات کو تسلیم بھی کر لیا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ یو۔اے۔ای اور بحرین نے تسلیم کر لیا، ترکی اور مصر پہلے ہی تسلیم کر چکا تھا اور اسی طرح کئی اور عرب ممالک کا بھی اضافہ ہوا۔ اور یہ سلسلہ بڑی تیزی سے آگے بڑھ رہا تھا حتی کہ عالم اسلام کی یہ ذہنی کیفیت بنا دی گئی کہ دنیا کہہ رہی تھی کہ جو مسلم ممالک بچ گئے ہیں سب نے اسرائیل کو تسلیم کر لینا ہے لہذا اب اس صورتحال میں حماس کو یہ نظر آ رہا تھا کہ اب اگر انہوں نے کوئی ردعمل نہیں دکھایا تو ان کے اصولی موقف اور انسانی ایشو کو زندہ رکھنا شاید مشکل ہو جائے۔

یہی وجہ ہے کہ آزادیٔ فلسطین کے ہدف کو زندہ رکھنے اور آزادی ٔبیت المقدس کے اندر نئی جان پھوکنے کے لئے فلسطینیوں نے 7 اکتوبر کو اک ایسا معرکہ سرانجام دیا کہ ماضی کی سات دہائیوں میں جس کی مثال نہیں ملتی۔ اس آپریشن سے فلسطینیوں کو کئی عظیم فوائد حاصل ہوئے اور دنیا کی آنکھ کھلی۔ سب سے پہلا اس کا فائدہ یہ تھا کہ حماس نے یہ ثابت کیا کہ اسرائیلی مکڑی کے جالے کی طرح سے ہیں، انہیں شکست دی جا سکتی ہے۔ حماس نے اس حملہ سے دنیا کو بتایا کہ اسرائیل کی جتنی بھی ٹیکنالوجی اور پیشرفتہ سسٹم ہے جس کی وجہ سے کئی مسلم ممالک ان سے مرعوب تھے، وہ فلسطینیوں کا کچھ نہیں بگاڑ سکتے، حماس نے یہ بھی ثابت کیا کہ جس فوج کو دنیا کی سب سے بڑی اور طاقتور فوج کے طور پر پیش کیا جا رہا تھا وہ غبارے میں ہوا کی مانند تھا جس کو پھاڑنا اور انہیں شکست دینا صرف چند سو جوانوں کا کام ہے، حماس کے اس حملے نے یہ بھی ثابت کیا کہاسرائیلیوں کے اردگرد جتنی بھی دیواریں اور ٹیکنالوجیز ہیں ان سب کو چکمہ دیا جا سکتا ہے اور ان کی وہ پیشرفتہ ٹیکنالوجیز فیل ہو سکتی ہیں، حماس نے یہ بھی ثابت کیا کہ اسرائیلی کتنے بڑے درندہ صفت ہیں کہ چند سو حماس کے جوانوں کے ردعمل میں وہ اس خطے میں کس کس طرح کے ظلم ڈھا سکتے ہیں۔

حماس نے اس آپریشن کے ذریعہ پوری دنیا کی آنکھیں کھول دیں، حماس کے اس حملے کے نتیجے میں یورپ اور امریکہ میں رہنے والے عام مسیحیوں کی آنکھیں کھل گئیں کہ یہ یہودی کتنے ظالم اور درندہ صفت ہیں، کتنے وحشی ہیں کہ ان کو نہ بچوں کا پاس ہے اور نہ عورتوں اور بوڑھوں کا خیال ہے، نہ ہسپتالوں کا خیال ہے اور نہ اسکولوں کا خیال ہے۔ ان کو اپنے علاوہ سب کیڑے مکوڑے نظر آتے ہیں اور وہ اپنے مقاصد کے لئے بڑے سے بڑا جرم انتہائی آسانی سے انجام دے سکتے ہیں۔ اس لئے کہ ان کے اندر حیوانیت اپنے عروج پر ہے۔ یہ حماس کے اس حملے نے اور اس کے ردعمل کے طور پر اسرائیلی درندگی نے ثابت کیا ہے۔یہی وجہ ہے کہ اس وقت ہم دیکھتے ہیں کہ نیویارک، برلن، پیرس، مشی گن، لندن، کینیڈا اور مغرب کے تقریبا تمام بڑے بڑے ممالک اور شہروں میں لاکھوں کے حساب سے لوگ نکلے اور ان میں مسلمانوں کے ساتھ مسیحی بھی تھے اور حتی بہت ساری جگہوں پر یہودی بھی تھے۔

اس کا مطلب یہ ہے کہ حماس نے بہترین اور تاریخی کام کیا اور وہ جو دینِ ابراہیمی کے نام پر ایک مفاہمت کی تحریک چل رہی تھی اور امن پراسیس کے نام پر وہ فلسطینیوں کا قلع قمع کرنا چاہتے تھے اور فلسطینی اور بیت المقدس ایشو کو دفن کرنا چاہتے تھے، وہ اس میں بہت بری طرح ناکام ہوئے اور جو بڑے بڑے اسلامی ممالک جو اپنے آپ کو لیڈنگ رول پر دیکھتے ہیں ان ممالک نے جو منصوبہ بندی کی تھی کہ ہم اسرائیل کو تسلیم کریں گے اور وہاں سفارت خانے کھولیں گے تو وہ سارے کا سارا منصوبہ ملیا میٹ ہو گیا اور اس وقت فلسطین کو حوالے سے رائے عامہ اتنی شدید ہے کہ یہ سارے عرب ممالک مل کر سوچ بھی نہیں سکتے کہ وہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کے حوالے سے کوئی ہلکا سا بھی بیان دے سکیں۔

تو اس حوالے سے اگر دیکھا جائے تو حماس کے اس قدم نے یہ ثابت کیا کہ حماس کے اس آپریشن نے کتنے بڑے فوائد حاصل کئے اگرچہ اس کی قیمت دینی پڑی، اگرچہ اسرائیلیوں نے 5ہزار سے زیادہ نہتے لوگوں کو شہید کیا، اگرچہ اسرائیلیوں نے مختلف بلڈنگز گرائیں، انفراسٹرکچر کو تباہ کیا لیکن دنیا کے سامنے اسرائیل بے نقاب بھی ہوا اور اسرائیل کی ہمدردی کے جو جذبات یورپ وغیرہ میں تھے وہ بھی ختم ہوئے اور خود فلسطینیوں کو یہ احساس ہوا کہ ہم نے ہر صورت میں مقابلہ کرنا ہے، مقاومت کرنی ہے اور اسی میں ہماری بقا ہے۔

  • سوال: حماس کو ظاہری و باطنی طور پر کن لوگوں کی پشت پناہی حاصل ہے اور اسے سپورٹ کرنے کی وجہ کیا ہے؟

علامہ امین شہیدی: فلسطین ایک اسلامی، قرآنی اور دینی نبوی (ص) کا ایشو ہے۔ یہ کسی خاص قوم، نسل اور جغرافیا کا ایشو نہیں ہے۔ اس لئے بیت المقدس کے مسئلہ میں پوری دنیا کے مسلمانوں کے دلوں کی دھڑکنیں فلسطینیوں کے ساتھ دھڑکتی ہیں۔ لہذا پوری دنیا کے مسلمان فلسطینیوں کے حق اور حمایت میں کھڑے ہیں، اگرچہ مختلف ممالک کے حکمران اور ان کا رخ اسرائیل، امریکہ اور یورپ کی طرف ہے لیکن اسی ملک کے عوام کے دلوں کا رخ فلسطینیوں کی طرف ہے اور اس کی زندہ مثال آپ کو اسلامی ممالک میں ہونے والے بڑے اور عظیم مظاہرے ہیں جیسے صنعا میں تاریخ کا عظیم ترین مظاہرہ ہوا، بغداد میں تاریخ کا عظیم ترین مظاہرہ ہوا، تہران، مشہد اور قم میں لوگ لاکھوں کی تعداد میں باہر آئے، پاکستان کے اندر آپ نے لوگوں کو باہر آتے ہوئے دیکھا، اسی طرح باقی اسلامی ممالک میں لوگوں نے اپنے جذبات کا مظاہرہ کیا اور فلسطینیوں سے اپنی حمایت کا اظہار کیا۔

یہ سب کے سب فلسطینیوں اور حماس کی پشت پناہی کرتے ہیں۔ لیکن جہاں اس پوری تحریک میں عوامی موومنٹ کی ضرورت ہے وہیں پر فلسطین خصوصا حماس سمیت جہادی تنظیموں کو اسلحہ کی بھی ضرورت ہے، ٹیکنالوجی اور ٹیکنیکی معاونت کی بھی ضرورت ہے، ٹریننگ کی بھی ضرورت ہے اور جدید ترین جنگی طور و طریقے سیکھنے کی بھی ضرورت ہے۔ تو اس حوالے سے ان کا بھرپور پشت پناہ یا تو حزب اللہ ہے یا ایران کی حکومت ہے۔ اس حوالے سے دنیا کو کوئی شک بھی نہیں ہے اور نہ ہی یہ بات کوئی کسی سے ڈھکی چھپی ہے۔ حتی رہبر معظم نے بارہا اپنی گفتگو میں اس بات کا اعادہ کیا کہ ہاں! ہم ہیں جو اسرائیل کے مقابلہ میں حماس اور فلسطینیوں کی حمایت کرتے ہیں اور ان کو ہم مسلح کرتے ہیں، ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اس جرأت کے ساتھ دنیا کے کسی اور ملک نے ایسا کوئی بیان نہیں دیا جیسا بیان رہبر معظم نے دیا ہے۔اس وقت حزب اللہ فلسطینیوں کے ساتھ ہے، عراقی اور یمنی ان کے ساتھ ہیں، اس وقت بہرحال دنیا فلسطین کے ایشو پر دو حصوں میں تقسیم ہے: ایک وہ حصہ ہے جو بڑھ چڑھ کر فلسطینیوں اور حماس کی حمایت میں میدان میں کھڑا ہے اور دوسرا وہ جو حیلے بہانوں سے اپنی جان بھی چھڑاتا ہے اور فلسطینیوں کی حمایت کے بجائے ان کی پشت پر چھرا گھونپنے کی کوشش بھی کرتا ہے۔

اس موقع پر رہبر معظم کی حکمتِ عملی ایرانی اور اسلامی انقلاب کے حامیوں اور سرکردہ لیڈرز کی بردباری، عمیق سوچ اور حکمتِ عملی کے ساتھ فلسطینیوں کی گام بہ گام اور قدم بہ قدم حمایت اور مدد کے لئے یقینا ایک بہت بڑا اثاثہ ہے۔

  • سوال: اسرائیل کو جو لوگ سپورٹ کر رہے ہیں اس کی وجہ کیا ہے؟

علامہ امین شہیدی: یورپ اور امریکہ کے مفادات اس خطے کے اندر ہیں، اس خطے کے اندر جتنے بھی ممالک ہیں وہ انہیں اگر انڈر پریشر رکھنا چاہیں تو ان کے سر پر کسی کا جوتا ہونا ضروری ہے تاکہ ہمیشہ ان کو یہ خطرہ ہو کہ انہیں کیا کیا نقصانات ہو سکتے ہیں۔ تو اس کے لئے اسرائیل کا وجود اور اس کی بقا یورپ اور امریکہ کے لئے بہت ہی اہمیت اختیار کر جاتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پورا یورپ اور پورا امریکہ بلا کسی تأمل اور اختلاف کے سب کھل کر اسرائیلیوں کا ساتھ دیتے ہیں اور ان کی حمایت کرتے ہیں۔ لہذا اس جنگ میں بھی آپ نے دیکھا کہ برطانیہ کے وزیراعظم نے اسرائیل آکر اور کھل کر ان کو سپورٹ کیا، امریکہ کے صدر اور وزیرخارجہ نے آ کر کھل کر ان کو سپورٹ کیا۔ یہاں تک کہ امریکی وزیرخارجہ نے یہ بھی کہہ دیا کہ آپ کو خود جنگ لڑنے کی ضرورت نہیں ہے ہم آپ کی جگہ جنگ لڑیں گے۔ انہوں نے اپنے طور پر بحری بیڑے بھی بھیجے اور ہزاروں اپنے جنگجو فوجی اور سپاہی بھی بھیجے تاکہ حماس کا راستہ روکا جا سکے۔ یہ جو حمایت ہے وہ اسی لئے ہے کہ اس خطے سے اگر امریکی اثر و رسوخ کو ختم کیا جا سکتا ہے تو اس کی ابتدا اسرائیل سے ہو گی اور اسرائیل کے خاتمے کا مطلب ہے امریکہ، یورپ اور مغربی دنیا کا اس علاقے سے اثر و رسوخ کا خاتمہ۔

اس لئے وہ اسرائیلیوں کی بھرپور حمایت کرتے ہیں اور خطے کے عرب ممالک چونکہ انہی کے بٹھائے ہوئے وہ ایجنٹ ہیں جن کو سلطنتِ عثمانیہ کے خاتمہ کے بعد اس سلطنت کو ٹکڑوں میں تقسیم کر کے ان کے درمیان بانٹ دیا گیا تھا۔

اس لئے اس وقت موجود عرب حکمران اپنے آقا برطانیہ اور امریکہ کے اشارے اور اپنے مفادات کی خاطر فلسطینیوں کی پیٹھ پر خنجر گھونپنے کے لئے ہمیشہ تیار نظر آتے ہیں اور اسرائیلیوں اور اس غاصب ریاست کو تسلیم کرنے کے لئے بے تاب نظر آتے ہیں۔

  • سوال: آپ کی نظر میں یہ جنگ مزید کتنا آگے جائے گی اور اس کے کیا نتائج ہوں گے؟ اور یہ جنگ کیسے رک سکتی ہے؟

علامہ امین شہیدی: اس دفعہ جس طرح اسرائیل نے ردعمل دکھایا ہے وہ اس کی بوکھلاہٹ اور اس کی انتہا درجہ کی پریشانی کو ظاہر کرتا ہے۔ ان کا یہ ردعمل دکھاتا ہے کہ حماس نے بہت ہی کاری ضرب لگائی ہے جس کی انہیں کوئی توقع نہیں تھی۔

یورپ کے تمام ممالک کا بلااستثناء کھل کر اسرائیلیوں کی حمایت کرنا بھی یہی بتاتا ہے کہ حماس نے انہیں اس دفعہ ان کے تصور سے کہیں زیادہ نقصان پہنچایا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اسرائیل اس جنگ کو طول دینے کے درپے ہے۔ اس کی تو خواہش ہے کہ غزہ کی پٹی سے تمام فلسطینی زمینیں چھوڑ کر نکل جائیں اور مہاجر اور پناہ گزین کیمپوں میں چلے جائیں۔ لیکن ظاہر ہے کہ غزہ کے لوگ اس پر کسی بھی صورت میں تیار نہیں ہیں۔

یہ جو آپ دیکھتے ہیں کہ 7 اکتوبر سے لے کر آج تک مسلسل جنگ جاری ہے اور اتنے دنوں میں اسرائیل غزہ کے اندر داخل نہیں ہو سکا حالانکہ وہ دعوی کر رہے تھے کہ ہم بس کل ہی (زمینی) غزہ پر حملہ کرنے والے ہیں حالانکہ ان کا وہ پروجیکٹ مکمل فیل ہو چکا ہے اور وہ غزہ میں داخل نہیں ہو سکے اور اس کی بنیادی وجہ بھی یہی ہے کہ اگر وہ غزہ میں ایک دفعہ داخل ہوں تو غزہ کی گلیاں ان کا قبرستان بن جائیں۔ چونکہ غزہ ان کے لئے کوئی تر نوالہ یا حلوے کی پلیٹ نہیں ہے۔ غزہ وہ سرزمین ہے جس میں زیرزمین سرنگیں ہیں اور یہ ان بھول بھلیوں میں انہی کے جال میں پھنستے ہیں اور اپنی جان سے ہاتھ دھوتے ہیں اور دوسری طرف ایران اور حزب اللہ کی دھمکی ایک زبردست اور واضح اور کھلی دھمکی تھی کہ اگر اسرائیل غزہ میں داخل ہوتا ہے تو پھر جنگ چھڑ جائے گی اور پھر جنگ محدود نہیں رہے گی۔ تو ظاہر ہے انہیں اب چاروں طرف سے خطرہ تھا۔ انہیں یمن سے خطرہ تھا، شام سے خطرہ تھا، فلسطین کے اندر سے خطرہ تھا، حزب اللہ کی طرف سے شدید خطرات لاحق تھے۔ اس لئے اب تک وہ عام اور بے گناہ شہریوں پر حملہ کر کے اپنی بربریت کا ثبوت دے رہے ہیں۔

لیکن ان تمام قربانیوں کے باوجود فلسطینی ہمت ہارنے والے نہیں ہیں۔وہ مقابلہ کے لئے کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے ان شاء اللہ تعالی۔ آکرکار اسرائیلیوں کو رکنا بھی پڑے گا اور معافی بھی مانگنی پڑے گی چونکہ اس وقت اقوامِ عالم کی طرف سے جو ان پر پریشر ہے اور اخلاقی دباؤ ہے وہ کوئی معمولی دباؤ نہیں ہے۔ جیسے اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے اسرائیل پر کھل کر تنقید کی اور حماس کے حملے کو گذشتہ پچاس سالوں میں ہونے والے ظلم و جبر کا نتیجہ قرار دیا اور اسرائیل کو من حیث غاصب ریاست اور اور بچوں اور عورتوں کا قاتل قرار دیا یہ کوئی چھوٹی بات نہیں ہے۔ اس سے پہلے اس طرح کی مثالیں آپ کو نہیں ملیں گے۔ لہذا جتنے بھی دن گزریں گے صہیونیوں اور امریکیوں پر پریشر بڑھتا چلا جائے گا اور اس کے نتیجہ میں عائے عامہ میں ان کا چہرہ مسخ سے مسخ تر ہوتا چلا جائے گا۔اور جنگ تو رکنی ہے لیکن جب جنگ رکے گی تو اسرائیلیوں کو بہت کچھ واپس بھی دینا پڑے گا اور کمپرومائز بھی کرنا پڑے گا۔

  • سوال: اس جنگ میں ایران، ترکی، سعودی عرب، یو اے ای، یو ایس اے، جیسے ممالک کا کیا رول ہے؟

علامہ امین شہیدی: جیسا کہ پہلے بھی ذکر ہوا کہ ایران کا رول بالکل واضح ہے کہ انقلابِ اسلامی کے بعد اس نے فلسطین کی مکمل حمایت کی ہے اور دنیا بھر میں من حیث ریاست اور من حیث نظریہ ان کا سب سے بڑا مدافع ایران ہے۔

جہاں تک ترکی کا سوال ہے تو ترکی سوداگر ہے۔ فلسطینیوں کے نام پر عالم اسلام کے جذبات سے کھیلتا ہے لیکن اس کو بیچتا ہے اور فلسطین سے پیسے لیتا ہے۔ ترکوں کو اگرچہ زعم ہے کہ وہ عثمانی خلافت کے علمبردار ہیں لیکن عملی طور پر اسرائیلیوں اور امریکیوں کے غلام ہیں اور یورپ میں شمولیت کے لئے وہ ہر قیمت دینے پر تیار ہیں۔ اس وقت بھی ان کی کمزوری کی سب سے بڑی اور بنیادی وجہ یہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ان کا جو 18 سے 20 ارب ڈالر کا کاروبار ہے وہ انہیں مجبور کرتا ہے کہ وہ اسرائیل کے خلاف کوئی بھی بات نہ کریں اور کوئی قدم نہ اٹھائیں۔ ہاں! زبانی جمع خرچ اور زبانی بیانات میں وہ شیر ہیں لیکن عملی طور پر انتہا درجے کے ناقابلِ اعتبار اور اہلِ نفاق ہیں۔

جہاں تک سعودیوں کی بات ہے تو وہ بھی درپردہ اسرائیلیوں کو تسلیم کر چکے تھے اور آنا جانا شروع ہو چکا تھا۔ اسرائیلی اب بڑی آسانی کے ساتھ سعودیہ آتے ہیں اور یہ لوگ بھی اسی طرح اسرائیل جاتے ہیں۔ تو اب ایسی فضا میں سعودیوں کے لئے بھی کوئی رستہ باقی نہیں رہا کہ وہ اسرائیلیوں کے حوالے سے کسی نرم گوشہ کا اظہار کر سکیں اگرچہ دلوں میں یہ نرم گوشے بے تحاشا زیادہ ہیں لیکن عملی طور پر اس وقت حماس کے حملے کے بعد وہ یہ جرأت نہیں کر سکتے۔

جہاں تک یو۔ اے۔ ای کا تعلق ہے تو اس نے یو۔ اے۔ ای میں یہودیوں کے لئے ٹیمپل اور ان کی عبادتگاہ بنا کر اور انہیں 50ہزار ویزے دے کر ثابت کر دیا ہے کہ وہ اور یہودی آپس میں بھائی ہیں اور ان کے درمیان خون کا رشتہ ہے اور ان کے درمیان کسی طرح کی کوئی مخاصمت نہیں ہے۔

اور جہاں تک امریکہ یا اس کے ساتھ یورپ کا تعلق ہے تو انہوں نے اس جنگ میں اسرائیل کو اسلحہ دے کر، اسرائیل کے ہر قدم کی حمایت کر کے اور خصوصا اس بڑے ہسپتال پر حملے کے حوالے سے ان کی تکنیکی معاونت کر کے اور منصوبہ بندی میں ان کا ساتھ دے کر یہ ثابت کیا ہے کہ اصل جنگ امریکیوں کے ساتھ ہے اور امریکی بڑے مجرم ہیں اور جتنا جرم اور ظلم اسرائیلیوں نے کیا ہے اس میں امریکی بھی ان کے برابر کے شریک ہیںجتنا۔ جرم اور ظلم اسرائیلیوں نے کیا ہے اس میں امریکی بھی ان کے برابر کے شریک ہیں [7]۔

فلسطین فاؤنڈیشن

پاکستان میں فلسطین فاؤنڈیشن کے سیکرٹری جنرل اور اراکین نے بھی ایک بیان جاری کرتے ہوئے غاصب صیہونی حکومت کے خلاف فلسطینی مزاحمت کاروں کی کارروائیوں کی حمایت کا اعلان کیا۔ اس فاؤنڈیشن کے سیکرٹری جنرل صابر ابو مریم نے کہا کہ اسلامی ممالک کی حکومتوں اور فوجوں کو فلسطینی جنگجوؤں کی مدد کے لیے آگے بڑھنا چاہیے کیونکہ آج کی کارروائی مسلمانوں کے قبلہ اول بیت المقدس کی صیہونی بے حرمتی کا جواب ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ الاقصیٰ طوفان آپریشن سے صیہونیوں کی تباہی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوچکا ہے اور غاصب صہیونیوں کے خلاف مزاحمت اسرائیل کے ساتھ کسی بھی سمجھوتے کے منصوبے کے خلاف انکار ہے۔[8]

ہندوستان

آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ: حماس کا اقدام اسرائیلی مظالم کا فطری رد عمل۔ مولانا خالد سیف اللہ رحمانی صدر آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس وقت حماس اور اسرائیل کے درمیان جو جنگ جاری ہے، وہ بہت افسوسناک اور تکلیف دہ ہے اوریہ واضح طور پر اسرائیل کی بدعہدی اوراس کی طرف سے ہونے والی زیادتی اور مسجد اقصی کی بے حرمتی کا فطری رد عمل ہے، اس رد عمل کو دہشت گردی کہنا ظالموں کو طاقت پہنچانا اور مظلوموں کے ساتھ ناانصافی ہے۔ حقیقت یہی ہے کہ اسرائیل ایک غاصب ریاست ہے جس کو مغربی نے خلافت عثمانیہ کے سقوط کے بعد جبر و استبداد کے زیر سایہ قائم کیا۔[9]

حزب الله

حزب اللہ کے نمائندے حجت الاسلام الشيخ وائل علي العاملي اپنے نے اپنے خطاب میں طوفان الاقصی کے بارے میں مندرجہ ذیل نکات بیان کئے:

  • طوفان الاقصی اسرائیلی خفیہ ایجنسیوں کی بڑی ناکامی ہے اور پہلی بار جنگ اسرائیلی شہروں میں جا پہنچی ہے۔
  • دشمن کے اپنے اعتراف کے مطابق ہولوکاسٹ کے بعد اب سب سے بڑا جانی نقصان ہوا ہے۔
  • اسرائیل عالمی سطح پر اپنی ساکھ کھو بیٹھا ہے دنیا کے تیس ممالک سے ذیادہ میں فلسطینیوں کے حق میں مظاہرے ہو رہے ہیں جن میں لندن کا لاکھوں کا اجتماع سرفہرست ہے۔
  • طوفان الاقصی عوامی بیداری کا سبب بنا ہے جس کی دلیل مصر اور اردن میں سید حسن نصر اللہ کو جنگ کی دعوت دینا ہے۔
  • شام کی جنگ میں حماس کے مزاحمتی محاذ ساتھ کے تعلقات میں کشیدگی پیدا ہو چکی تھی لیکن رہبر معظم اور حاج قاسم کی سٹریٹجی کی وجہ سے تعلقات مکمل قطع نہیں ہوے۔
  • رہبر معظم کے بقول فلسطینیوں کے ہاتھ حاج قاسم نے بھر دئے ہیں اور آج کی کامیابی کا کریڈٹ انہیں دیا جا سکتا ہے

[10].

سید حسن نصر الله

طوفان اقصیٰ آپریشن نے اسرائیل کو ہر سطح پر جھنجھوڑ کر رکھ دیا. لبنانی مزاحمتی تحریک حزب اللّٰہ کے سربراہ حسن نصراللّٰہ کا کہنا ہے کہ طوفان اقصیٰ آپریشن نے اسرائیل کو ہر سطح پر جھنجھوڑ کر رکھ دیا اور اسرائیلی طاقت کی اصل حقیقت کھول کر بیان ک ردی۔

غزہ پر اسرائیلی حملے کے بعد حسن نصر اللّٰہ نے اپنے پہلے خطاب میں کہا کہ اسرائیل کا دفاعی نظام مکڑی کے جال سے زیادہ کمزور ثابت ہوا، اسرائیلی کارروائیاں اس کے مستقبل پر اثر انداز ہونے والے منفی اثرات کو ختم نہیں کر سکتیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کی بدترین ناکامی پر اسرائیل کے عوام اور اس کے حامی تک کو شرمندگی ہوئی، امریکا کو اسرائیل کی تباہ ساکھ کو بچانے کیلئے فوری طور پر میدان میں اترنا پڑا، غزہ کے عوام کی قربانیوں نے نئی تاریخ رقم کر دی۔

انہوں نے کہا کہ طوفان اقصیٰ جنگ وسیع تر ہوکر مختلف محاذوں اور میدانوں تک پہنچ گئی ہے، اسرائیل کے خلاف طوفان اقصیٰ کی جنگ انسانی، اخلاقی اور دینی اعتبار سے جائز اور حق کی جنگ ہے، صہیونیوں کے خلاف جاری جنگ کی اخلاقی اور شرعی حیثیت پر ذرہ بھر شبہ نہیں، شہداء کا رتبہ منفرد رتبہ ہوتا ہے، صرف مسلمان ہی اس رتبے کو سمجھ سکتا ہے۔

حزب اللّٰہ کے سربراہ نے کہا کہ جنگ کا اختتام فلسطینیوں کی کامیابی پر ہوگا، اسرائیل حماس کے خاتمے کا خواب دیکھنا چھوڑ دے، اسرائیل کے سامنے قیدیوں کے تبادلے کے سوا کوئی اور آپشن نہیں بچا۔

حسن نصر اللّٰہ نے کہا کہ 7 اکتوبر واقعات کے محرکات پر روشنی ڈالنا اور حزب اللّٰہ کا مؤقف واضح کرنا ضروی ہے، طوفان اقصیٰ فلسطینی مزاحمتی گروپ القسام بریگیڈز کا کامیاب کارنامہ ہے، حزب اللّٰہ کو 7 اکتوبر آپریشن سے متعلق کوئی پیشگی اطلاع نہیں تھی، آپریشن کو انتہائی رازداری سے انجام دیا گیا۔

سربراہ حزب اللّٰہ نے کہا کہ طوفان اقصیٰ آپریشن فلسطینیوں کی جنگ ہے، اس کا علاقائی ممالک سے کوئی تعلق نہیں، ہزاروں فلسطینی طویل عرصے سے اسرائیلی جیلوں میں قید ہیں، 20 لاکھ فلسطینی 20 سالوں سے اسرائیلی محاصرے میں زندگی گزارنے پر مجبور تھے، مسجد اقصیٰ کی مسلسل بےحرمتی سب کے سامنے عیاں تھی۔

حسن نصر اللّٰہ نے مزید کہا کہ ایران کی حزب اللّٰہ اور دیگر مزاحمتی گروپوں پر کوئی اجارہ داری نہیں، حزب اللّٰہ کا اسرائیل کے خلاف 7 اکتوبر کے آپریشن سے کوئی تعلق نہیں [11]۔

اہم خصوصیات

الاقصیٰ طوفان آپریشن کی سب سے اہم خصوصیت صیہونی حکومت کی حیرانی و بے خبری ہے۔ سات اکتوبر 2023ء کو مزاحمتی تحریک نے صیہونی حکومت کے خلاف طوفان الاقصیٰ نامی تاریخی آپریشن انجام دیا، جس نے اس حکومت کی چولیں ہلا کر رکھ دی ہیں۔ اس آپریشن میں حماس کے عسکری شعبہ القسام بریگیڈ نے اسرائیل کے خلاف نہ صرف زبردست راکٹ بلکہ حیران کن زمینی حملہ بھی کیا۔ قسام بٹالین کے کمانڈر محمد الضیف جو بہت کم بیان دیتے ہیں، انہوں نے اس حملے کا نام "الاقصیٰ طوفان" رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملہ مسجد الاقصیٰ پر بنیاد پرست یہودیوں کے مسلسل حملوں کے جواب میں کیا گیا ہے۔ قسام بٹالین کے کمانڈر محمد الضیف کے بقول یہ حملہ مسجد اقصیٰ کے اسلامی تشخص کے دفاع میں کیا گیا۔ گذشتہ ایک ہفتے کے دوران صیہونیوں نے مسجد اقصیٰ پر یہودیوں کی عید "سوکوت" کے نام پر کئی بار حملہ کیا، اس موقع پر فلسطینیوں کے ساتھ جھڑپیں ہوئیں، جس میں متعدد فلسطینی شہری زخمی ہوئے۔ یاد رہے کہ یہ حملہ مسجد الاقصیٰ پر حملے کے حوالے سے فلسطینیوں کا فیصلہ کن ردعمل ہے۔

پہلی خصوصیت

الاقصیٰ طوفان آپریشن کی سب سے اہم خصوصیت صیہونی حکومت کی حیرانی و بے خبری ہے۔ یہ حملے ایسے وقت کیے گئے ہیں، جب فلسطینیوں کی طرف سے اسرائیل پر حملہ کرنے کا کوئی اشارہ نہیں تھا۔ اسی وجہ سے قدس پر قابض حکومت کو اس حملے سے شدید ضربیں پہنچیں۔ بلاشبہ صیہونی حکومت کی 75 سالہ تاریخ میں یہ سب سے بھاری فوجی شکست تھی۔ مرنے والوں کی صحیح تعداد کے بارے میں کوئی صحیح اعداد و شمار نہیں ہیں، لیکن صرف ایک دن میں ایک سو کے قریب افراد ہلاک ہوئے، جبکہ فلسطینی ذرائع اور حتیٰ کہ بعض اسرائیلی ذرائع نے مرنے والوں کی تعداد 100 سے زائد بتائی ہے۔ زخمیوں کی تعداد بھی ایک ہزار سے زیادہ بتائی جاتی ہے۔

دوسری خصوصیت

اس حملے کی سب سے اہم بات اسرائیلی خفیہ ایجنسیوں کی ناکامی ہے، کیونکہ فلسطینیوں نے آسمان اور سرنگ دونوں کا استعمال کرتے ہوئے ہوا اور زمین دونوں سے حملہ کیا اور بہت سے لوگ اسیر کئے نیز مال غنیمت بھی حاصل کیا۔ مرکاوا ٹینک اور آہنی گنبد جسے صہیونی اپنے لئے بہت اہم سمجھتے تھے، عملی طور پر ناکارہ ثابت ہوئے۔ فلسطینی راکٹ آہنی گنبد کو عبور کرتے ہوئے اہم اہداف کو تباہ کرتے رہے۔ تاہم، جو چیز اس حملے اور اسرائیل کی انٹیلی جنس کی ناکامی کو نمایاں کرتی ہے، وہ راکٹ حملے نہیں بلکہ غزہ کی پٹی کے ارد گرد اسرائیل کے زیر قبضہ علاقوں میں حماس کے مجاہدین کا ایک قابل ذکر تعداد میں داخل ہونا اور بعض اڈوں کا کنٹرول اپنے ہاتھوں میں لیکر درجنوں فوجیوں کو گرفتار کرنا ہے۔ مجاہدین نے کچھ بکتر بند گاڑیوں اور فوجی سازوسامان پر قبضہ کرکے انہیں غزہ واپس لے گئے اور غزہ کی سڑکوں پر ان کی نمائش بھی کی۔

تیسری خصوصیت

الاقصیٰ آپریشن کی ایک اور اہم خصوصیت اس حملے کے لیے تحریک حماس کی بہترین منصوبہ بندی تھی۔ وقت کے لحاظ سے یہ حملہ اس لئے بھی اہمیت کا حامل تھا، کیونکہ اس وقت صیہونی حکومت داخلی انتشار کے عروج پر ہے۔ چونکہ یہ حملہ زمین اور آسمان دونوں سے کیا گیا تھا اور حماس کی افواج نے درجنوں اسرائیلی فوجیوں کو پکڑ لیا، جس کے مستقبل میں دورس اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔ اگر تل ابیب انہیں رہا کرانا چاہے گا تو اسے ان کے بدلے سینکڑوں فلسطینی قیدیوں کو رہا کرنا ہوگا۔ یہ حملہ یوم الکپور یا اکتوبر 1973ء کی جنگ کی سالگرہ کے موقع پر کیا گیا تھا، جو اسرائیل کے خلاف عربوں کی نسبتاً فتح کا دن تھا۔

چوتھی خصوصیت

مزید یہ کہ الاقصیٰ آپریشن اس وقت انجام پایا، جب اسرائیلی اور سعودی حکام تعلقات کو معمول پر لانے کے لیے ایک معاہدے کے قریب آنے کی بات کر رہے تھے۔ اس بات سے قطع نظر کہ الاقصیٰ آپریشن سعودی عرب اور صیہونی حکومت کے درمیان تعلقات کو معمول پر لانے کے معاہدے میں خلل ڈالے گا یا نہیں، اس آپریشن نے ثابت کیا کہ فلسطینی نہ صرف تعلقات کو معمولی بنانے سے متاثر نہیں ہوئے بلکہ اس سے ان کی ہمت زیادہ مضبوط ہوئی ہے۔ تعلقات معمولی بنانے سے اسرائیل کی سلامتی کو بھی کوئی فائدہ نہیں پہنچا ہے۔[12]

طوفان الاقصی سے کیا فائدہ حاصل ہوا؟

  • طوفان الاقصی نے مختلف اسلامی ممالک کی جانب سے اسرائیل کو تسلیم کرنے اور اس کے ساتھ بہتر تعلقات بنانے کی ساری کوششوں پر پانی پھیر دیا۔
  • دنیا کی چوتھی مضبوط فوج کہلائی جانے والی اسرائیلی فوج اور اسرائیلی ایجنسی کا غرور خاک میں ملاکر ان کی ساری ٹیکنالوجی کو ناکام ثابت کیا۔
  • ایک ہزار سات سو تو صرف اسرائیلی فوجی مرے ہیں۔ 300 سے زیادہ اہکار و افسران گرفتار ہوۓ۔ ان میں چار بریگیڈیئر جنرل اورایریا کمانڈر کے عہدے پر فائز تھے، یہ سب عام شہریوں کے علاوہ بیں جن کی تعداد ایک سو پچاس بتائی جا رہی ہے۔
  • دشمن کی چار فوجی چھاونیوں اور غزہ کے اس پار واقع مقبوضہ علاقوں سے بڑی مقدار میں اسلحہ، بارود اور مال غنیمت ہاتھ آیا۔
  • جدید ٹیکنالوجی سے لیس دنیا کے بہترین فوجی ٹینک کہلائے جانے والے 50 سے زائد ٹینک جلا کر راکھ کا ڈھیر بنا دیے۔
  • موساد کے ہیڈکوارٹر پر حملہ کیا اور غزہ اور مشرقی وسطی میں تعینات کیے جانے والے سارے جاسوسوں کا ڈیٹا اور ہیڈکوارٹر حماس کے مجاہدین کے قبضے میں آچکے ہیں۔
  • فوجی افسران اور غزہ کی 40 کلو میٹر کی حدود میں واقع دشمن کے فوجی ڈپو میں موجود چھوٹے ریڈار اور ڈپو اکسز مجاہدین کے ہاتھ آگئے ہیں اور دیگر کئی بڑے ریڈار تباہ کرکے میزائل دشمن کے ٹھکانوں پر مارے۔
  • اسرائیل کے مختلف علاقوں پر 15 ہزار سے زائد میزا‏ئل برساۓ ہیں جس کے نتیجے میں پانچ لاکھ سے زائد صہیونی اپنے اپنے علاقے چھوڑنے پر مجبور ہوئے اور بہت سے مقبوضہ علاقے تو بالکل خالی کر دیے ہیں۔ انہی میں سے ایک عسقلان کا علاقہ بھی ہے جس سے اسرائیلی دم دبا کر بھاگے ہیں [13]۔

الشفاء ہسپال پر اسرائیلی فوج کا حملہ

اسلامی تحریک مزاحمت حماس نے غزہ میں الشفاء ہسپتال پر اسرائیلی فوج کے حملے کی تمام تر ذمہ داری امریکی صدر جوبائیڈن پر عاید کی ہے۔ امریکی صدر جو بائیڈن نے منگل کو خیال ظاہر کیا کہ حماس سے قیدیوں کی رہائی سے متعلق ڈیل کا جلد امکان ہے تاہم انہوں نے اس بارے میں مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔ اے ایف پی کے مطابق بائیڈن نے وائٹ ہاؤس میں میڈیا نمائندگان سے کہا: ’میں ہر دن ان لوگوں سے بات کر رہا ہو جو اس(معاملے) میں شامل ہیں مگر میں اس کی تفصیل میں نہیں جاؤں گا۔ حماس کی جانب سے بنائے گئے 240 قیدیوں میں کم از کم نو امریکی بھی شامل ہیں۔

حماس نے ایک پریس بیان میں کہا کہ "ہم قابض ریاست اور اس کے نازی رہ نماؤں کو اور صدر بائیڈن اور ان کی انتظامیہ کو قابض فوج کے شفا میڈیکل کمپلیکس پر حملے کے نتائج کے لیے مکمل طور پر ذمہ دار ٹھہراتے ہیں۔ قابض فوج نے بدھ کی صبح الشفاء میڈیکل کمپلیکس پر دھاوا بول دیا تھا۔ اس سے چند دن قبل قابض فوج نے ہسپتال کا ٹینکوں سے گھیراؤ کرلیا تھا اور ایندھن اور بجلی کاٹ دی گئی، جس کی وجہ سے بہت سے انتہائی نگہداشت کے مریض اور قبل از وقت پیدا ہونے والے بچوں کی موت واقع ہوئی۔ گذشتہ روز منگل کے روز ہسپتال انتظامیہ نے شہداء کی درجنوں لاشیں گلنے سڑنے کے بعد ایک صحن میں دفن کرنے پر مجبور کیا کیونکہ قابض انتظامیہ نے انہیں معمول کے طریقہ کار کے مطابق تیار کرنے اور دفنانے سے روک دیا۔ الشفا ہسپتال میں اس وقت ہزاروں فلسطینی مریض، طبی عملہ اور بے گھر شہری موجود ہیں۔ حماس نے کہا کہ دھاوے کا مقصد شہریوں کے خلاف مزید قتل عام کرنا ہے اور انہیں شمال سے جنوب کی طرف جانے پر مجبور کرنا ہے۔ ہمارے لوگوں کو بے گھر کرنے کے قابض دشمن کے منصوبے کو مکمل کرنا ہے [14]۔

اسرائیل پر حماس کا طوفانی حملہ صیہونیوں کے خاتمے کی شروعات

صیہونی اور یہودی دو الگ الگ مذھب و آئیڈیالوجی ہے جس کا اس وقت دونوں نے نہ صرف اپنے اپنے نظریات بلکہ عملا بھی اظہارات کیے ہیں یہودیوں نے اندرون اسرائیل و بیرون نیتن یاہو کی فلسطین پالیسی کی کھل کر مخالفت کی ہے اس کی جنونی مسلم دشمنی کو انسانی جرم قرار دیا ہے الٰہی مقدس کتاب توریت کی تعلیمات کی صریحا خلاف ورزی جبکہ صیہونی اپنی کسی مقدس کتاب عبرانی زبان کا حوالہ دیتے ہیں اور کہتے ہیں کہ ان کے بڑے کہہ گئے اور مقدس کتاب میں لکھ گئے ہیں کہ دشمن کو کیڑے مکوڑے سے بھی حقیر سمجھو اسے تہ تیغ کر دو ان کی عورتوں، بچوں اور مال مویشی کو بھی ہلاک کر دو جو تمہارے راستے میں حائل ہو اسے تباہ کر دو زمین پر حکمرانی کا حق صرف تمہیں ہے یروشلم کے قریب ایک پہاڑى کو صیہون کہاجاتا ہے اسے انبیا ء کے حوالے سے تقدس حاصل ہے۔ ان صیہونیوں کا عقیدہ ہے کہ ان کا بزرگ مذکورہ پہاڑ پر اترے گا اور پوری دنیا پر صیہونیوں کا راج ہو گا ۔ میرا خیال ہے کہ ان کا وہ بزرگ دجال ہے جس کے بارے میں ہماری دینی کتابوں میں بھی ذکر ہے غزہ جنگ شروع ہونے کے بعد شوشل میڈیا پر ایک ویڈیو دیکھی گئی تھی بیت المقدس میں مسجد الاقصیٰ کے قریب دیوارگریہ پر صیہونیوں کی ایک بڑی جماعت نے بلند آواز میں بہت زیادہ گریہ و زاری کرتےاور دجال کو مدد کے لیے پکار رہےتھے ۔ ہمارے ہاں دجال شیطان کا نمائیدہ ہے تو صیہونی کتاب اور تعلیمات دجالی ہوں گی۔ اگر ایسا ہے تو ہم اندازہ لگا سکتے ہیں کہ آج غزہ مسلمانوں کے صیہونی دشمن ہیں کل کو فلسطینی مسلمان کا دشمن ہو گا اورپھر عرب مسلمان کا۔ جب عرب مسلمانوں کا خاتمہ ہو جاۓ گا تو پھر دنیا کے ہر انسان کی باری آۓ گی اور سرزمین پر عالمی صیہونی راج قائم ہو جاۓ گا۔ اس تناظر میں غزہ اور مغربی کنارے پر بمباری، قتل و غارت اور نسل کشی کا جائزہ لیا جاۓ تو غزہ جنگ سے تباہی و بربادی اور تیسری جنگ عظیم کے انعقاد پذیر ہونے کو سمجھنا آسان ہو جاۓ گا آج اسرائیل کے سابق وزیر اعظم ایہود المرٹ نے بھی نیتن یاہو کو دہشتگرد قرار دیا ہے۔ اسرائیلی پارلیمنٹ میں اپوزیشن لیڈر اور زیادہ تر اسرائیلی سیاستدان نیتن یاہو کو پاگل اور حواس باختہ قرار دے چکے اس اور اس کی رجیم سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا جارہاہے حتکہ اس کی جنگی کابینہ میں بھی جنگ جاری رکھنے پر اختلافات ہیں ۔ امریکہ کی مقتدر اشرافیہ میں بھی اکثر یت صیہونی ازم پر کاربند ہیں نیز یورپ کے زیادہ تر سیاستدان صیہونی نواز ہیں امریکہ اور برطانیہ نے عرب ممالک میں حکمران اشرافیہ کی اکثریت کو اپنے شکنجے میں جکڑا ہویا ہے جس کی وجہ سے غزہ کے مسلمان خصوصی اور فلسطینی عمومی طور پر اس صیہونی ازم کی جارحیت و بربریت کا شکار ہیں ۔ دنیا بھر کے تمام مذاھب و مسالک کے انسانوں کی اکثریت فلسطین میں بچوں اور عورتوں نیز نہتے انسانوں کے قتل عام پر سراپا احتجاج ہیں لیکن ان صیہونیوں پر کوئی اثر نہیں ہورہا وہ ہر حالت میں فلسطینی دشمنوں کے خاتمے کے لئے کوشاں ہیں لگتا ہے کہ انھیں یقین ہے کہ اگر صیہونی راج کا خواب اب پورا نہ ہویا تو کبھی بھی پورا نہیں ہوگاان حالات میں کسی ایک کے خاتمے تک جنگ جاری رہنے کا امکان نظر آتا ہے۔

میڈیا نیوز سے تاثر ملتا ہے کہ ایران اور روس نے غزہ میں ممکنہ عظیم تر انسانی المیے کو روکنے کے لیے مشترکہ طور پر صیہونی ازم کی مسلط کردہ جنگ کو روکنے کے لیے اتفاق کر لیا ہے اور محتاط کاروائیوں کا آغاز کر دیا ہے نیز اس خطے میں موجود تمام مزاحمتی گروپوں کو ضروری جنگی سازوسامان کی فراہمی ممکن بنائی جا رہی ہے اور ہر جنگی محاذ پر جنگ تیز تر اور شدید تر ہوتی جارہی ہے۔ عالمی میڈیا کے ذرائع و پاکستانی میڈیا نے بھی مذکورہ روز بتایا : اسرائیل میڈیا نے تسلیم کرلیا کہ جنگ شروع ہونے سے لے کر اب تک پانچ ہزار اسرائیلی فوجی زخمی ہو گئے جبکہ فلسطینی ذرائع ان کی ہلاکت کا دعویٰ کرتےہیں ۔ المیادین میڈیا نے اسرائیلی میڈیا کے حوالے سے نشر کیا کہ دو ہزار سے زیادہ نئے فوجی معذور ہو گئے ہیں ۔ یعنی پہلے سے بھی معذور شدہ فوجی تھے ۔ صرف ایک اسرائیلی ادارہ بحالی معذوران میں فوج کی طرف سے روزانہ کی بنیاد پر 60 نئے زخمی آ رہے ہیں اور ایسے ادارے اور بھی ہیں۔ الجزیرہ فلسطین بھی دعویٰ کرتا ہے کہ روزانہ کم از کم 60 اسرائیلی فوجی ہلاک ہو رہے ہیں ۔ یہی نہیں بلکہ پانچ ہزار سے زیادہفوجی انفیکشن سے بیکار اسرائیلی ہسپتالوں میں پڑے ہیں۔

اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جانا چاہیے، صاحبزادہ ابو الخیر محمد زبیر

علامہ سید ساجد علی نقوی: عالمی ادارے مسئلہ فلسطین کا سبب ہیں ان سے حل کی توقع کرنا درست نہیں۔ لیاقت بلوچ: عالمی ادارے اس حقیقت کو تسلیم کریں کہ مسئلہ فسلطین اور مسئلہ کشمیر دنیا کے حقیقی مسائل ہیں۔ اعلامیہ جاری: ملی یکجہتی کونسل کا سربراہی اجلاس نو رکنی ٹاسک فورس کا قیام، کونسل مسئلہ فلسطین کے حوالے سے مشترکہ لائحہ عمل دے گی۔ اسلام آباد/ مسئلہ فلسطین پر مسلمان حکمران بے حس ہیں اور غیر مسلم جلوس نکال رہے ہیں۔ مسلمانوں میں غیرت و حمیت ختم ہو چکی، سفاکیت کی انتہاء ہے اس کا علاج یہی ہے کہ مسلمان اپنے بے حس حکمرانوں سے نجات حاصل کریں۔ ان خیالات کا اظہار ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے سربراہی اجلاس برائے مجلس قائدین سے خطاب کرتے ہوئے کیا انھوں نے کہا کہ اسلامی ممالک میں ایسی تحریک اٹھنی چاہیے جو مدنی حکمرانی قائم کریں۔صاحبزادہ ابو الخیر نے کہا قائد اعظم کا کہنا تھا کہ ہم غاصب ریاست کو تسلیم نہیں کریں گے۔ آج ہمارے وزیر اعظم کہ رہے ہیں کہ ہم دو ریاستی حل کی اپیل کرتے ہیں۔ہمارے ذمہ داروں کو معلوم ہونا چاہیے کہ ہم دو ریاستی حل کو قبول نہیں کرتے، اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کرنا چاہیے۔ علامہ سید ساجد علی نقوی سینئیر نائب صدر ملی یکجہتی کونسل پاکستان و سربراہ اسلامی تحریک پاکستان نے کہا ہے کہ غزہ کے قتل عام کی اصل موجب سامراجی طاقتیں ہیں ہم ان سے جنگ بندی کا مطالبہ کیوں کریں ۔مسلم دنیا کو اپنا کلیدی کردار اد کرنا چاہیے۔ہم اپنی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں عالمی قتل اور جنگ بندی کے لیے بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔ہماری اپنی حکومت کو بھی چاہیے کہ وہ ایک ذمہ دار ملک کی حیثیت سے مسلہ فلسطین کے حوالہ سے کلیدی کردار ادا کریں۔

لیاقت بلوچ سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل پاکستان و سربراہ جماعت اسلامی نے کہا کہ عالمی ادارے اس حقیقت کو تسلیم کریں کہ مسئلہ فسلطین دنیا کا حقیقی مسئلہ ہے اسکے حل سے ہی امن ہو سکتا ہے۔15دسمبر بروز جمعہ تمام خطباء مسئلہ فلسطین کو اجاگر کریں اور عوامی مظاہرے کریں۔ملی یکجہتی کونسل پاکستان آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کرے گی ۔ یہ کانفرنس ایک لائحہ عمل اور حل دے گی۔ آزادی فلسطین امریکی استعمار کی چھتری میں مظالم کے خلاف صوبائی سمینار منعقد کرے گی۔ ملی یکجہتی کونسل پاکستان کا وفد اسلامی ممالک کے سفراء سے ملاقات کرے گا اور دیگر ممالک کو یاداشت پیش کی جائے گی۔ نو رکنی ٹاسک فورس لائحہ عمل تیار کرے گی۔

علامہ راجہ ناصر عباس سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے کہا کہ آج یمن ایلات پر حملہ آور ہے، عراقی امریکی اڈوں پر حملہ آور ہیں ، لبنان سے حزب اللہ اسرائیل پر حملہ آور ہے ۔ ہمیں دو ریاستی حل کے مطالبوں کے خلاف آواز اٹھانی چاہیے۔ ہم کیوبا ، ونیزویلا اور بلیویا کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے اسرائیل کا بائیکاٹ کیا ہے۔اسلامی ممالک کو بھی اسرائیل کا بائیکاٹ کرنا چاہیے، کونسل کو مل کر مظاہرہ کرنا چاہیے مجلس وحدت اس میں خادم کی حیثیت سے کردار ادا کرے گی۔ جلاس سے کونسل کے قائدین پیر معین الدین کوریجہ سربراہ علماء و مشائخ کونسل، حافظ عبدالغفار روپڑی سربراہ جمعیت اہل حدیث ، مولانا عبدالمالک سربراہ اتحاد علماء پاکستان ، آصف لقمان قاضی مرکزی راہنما جماعت اسلامی پاکستان، مفتی گلزار احمد نعیمی سربراہ جماعت اہل حرم، عبداللہ حمید گل سربراہ تحریک جوانان پاکستان ، امیر حمزہ مرکزی راہنما مرکزی مسلم لیگ، سید صفدر گیلانی مرکزی راہنما جمعیت علمائے پاکستان ، علامہ عارف حسین واحدی نائب صدر اسلامی تحریک، علامہ شبیر میثمی سیکریٹری جنرل اسلامی تحریک، سید ناصر عباس سیکریٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پاکستان ، مفتی گلزار احمد نعیمی ، پروفیسر محمد ابراہیم مرکزی راہنما جماعت اسلامی ، ڈاکٹر محمد نقوی مرکزی راہنما وفاق المدارس شیعہ ،مفتی معرفت شاہ صدر ہدیہ الہادی پاکستان ، رضیت باللہ نائب صدر ہدیہ الہادی پاکستان ،ڈاکٹر علی عباس نقوی سربراہ البصیرہ ، طاہر رشید تنولی سیکریٹری مالیات، نمائندگان تنظیم العارفین ، متحدہ جمعیت اہل حدیث، تحریک ختم نبوت اور دیگر نے خطاب کیا ۔ یہ اجلاس اسلامی تحریک کی میزبانی میں منعقد ہوا جس میں کونسل میں شامل پچیس جماعتوں کے قائدین شریک تھے ۔اجلاس کے اختتام پر اعلامیہ جاری کیا گیا [15]۔


حوالہ جات

  1. اردو ویکیپیڈیا سے ماخوذ
  2. sahartv.ir
  3. irna.ir
  4. سخنرانی وزیر خارجه در سازمان ملل، mfa.gov.ir
  5. express.pk
  6. غزہ 66 دن سے ظلم کی تاریکی کا شکار ، ایسی نسل کشی کبھی انسانیت نے نہ دیکھی، علامہ ساجد نقوی، hawzahnews.com
  7. علامہ امین شہیدی سربراہ امت واحدہ پاکستان، hawzahnews.com
  8. ur.irna.ir/news
  9. آل انڈیا مسلم پرسنل لا، 10اکتوبر، 2023۔
  10. hawzahnews.com
  11. طوفان اقصیٰ آپریشن نے اسرائیل کو ہر سطح پر جھنجھوڑ کر رکھ دیا، jang.com.pk/news
  12. imam-khomeini.ir/ur
  13. مجمع العلوم الاسلامیہ کراچی پاکستان،mui.edu.pk
  14. غزہ میں ہسپتال پر حملے کے مکمل ذمہ دار جوبائیڈن ہے:حماس urdu.palinfo.com
  15. اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جانا چاہیے، hawzahnews.com