مندرجات کا رخ کریں

وحدت اسلامی

ویکی‌وحدت سے

وحدت اسلامی ایک ایسا اصطلاحی مفہوم ہے جو آج کے دور میں دشمنانِ اسلام اور دوستدارانِ اسلام دونوں کی طرف سے خاص توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ اس کی اہمیت میں اضافہ خاص طور پر اُن مفکرین اور مصلحین کے فکر سے متاثر ہے جو "دوسری عالمی جنگ" کے بعد اُبھرے اور جنہوں نے دیکھا کہ استعماری طاقتیں اسلامی ممالک کے قدرتی وسائل کو لوٹنے کے درپے ہیں۔ اس پس منظر میں مسلمانوں، بالخصوص اسلامی حکمرانوں کی زوال پذیری اور اسلامی تہذیب کی عظمت سے دوری نے امتِ مسلمہ کے فکری بیداری کو جنم دیا۔ اسی لیے مسلمانوں کے فکری ادب میں "امتِ واحدہ"، "دارالاسلام"، "اتحادِ اسلامی"، "امتِ محمدیہ"، "بلوکِ اسلامی"، "جہانِ اسلام"، "اخوتِ اسلامی" اور "ہمبستگیِ دینی" جیسے اصطلاحات سے ہماری ذہنی آشنائی قدیم ہے۔

وحدتِ اسلامی کا مفہوم

وحدتِ اسلامی سے مراد یہ ہے کہ مختلف "اسلامی مذاہب" کے پیروکار اپنے اپنے عقائد و فقہی احکامپر قائم رہتے ہوئے، باہمی سماجی، سیاسی، اقتصادی، عسکری اور ثقافتی امور میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون اور یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔ اس اتحاد کا مقصد یہ ہے کہ امتِ مسلمہ دشمنانِ اسلام کے مقابلے میں ہمیشہ "یدٌ واحدہ" یعنی ایک متحد قوت کی مانند عمل کرے۔

یہ بات واضح رہنی چاہیے کہ وحدتِ اسلامی کا مطلب یہ نہیں کہ شیعہ سنی بن جائیں یا سنی شیعہ، یا یہ کہ تمام مسلمان عقائد و فقہی تفصیلات میں یکساں ہوجائیں۔ ایسا اتحاد فطری طور پر ممکن نہیں۔ بلکہ مقصود یہ ہے کہ مسلمان اپنے اختلافات کے باوجود اسلامی اصولوں اور امتِ واحدہ کے مفہوم پر متحد رہیں۔

تقریبِ مذاہبِ اسلامی کا مفہوم

لفظ تقریب مادۂ "قرب" سے ہے، جس کے معنی ہیں نزدیکی پیدا کرنا۔ اصطلاحاً "تقریبِ مذاہبِ اسلامی" سے مراد یہ ہے کہ مختلف اسلامی مذاہب کے پیروکار ایک دوسرے کے ساتھ فکری و علمی مکالمہ کے ذریعے غلط فہمیوں کو دور کریں، مشترکاتکو اجاگر کریں، اور منفی اثرات کو کم کریں۔

تقریب کا مقصد اختلافات کو مٹانا نہیں بلکہ ان کے منفی اثرات کو کم کرنا اور دینی ہم آہنگی پیدا کرنا ہے۔ علماء اور مفکرین کے درمیان علمی و اخلاقی گفتگو کے ذریعے یہ عمل ممکن ہوتا ہے۔

اتحاد اور تقریب کا فرق

دونوں اصطلاحات ایک ہی مقصد رکھتی ہیں یعنی مسلمانوں میں یکجہتی اور باہمی ہم آہنگی۔ فرق صرف اتنا ہے کہ: اتحادِ امتِ اسلامی کا تعلق زیادہ سیاسی و سماجی پہلو سے ہے؛ جبکہ تقریبِ مذاہبِ اسلامی ایک علمی و فکری عمل ہے جو علماء کے درمیان مکالمہ کے ذریعے انجام پاتا ہے۔

وحدتِ امتِ اسلامی کی ضرورت

اسلام نے وحدت و اتحاد کو ایک بنیادی سیاسی و سماجی اصول کے طور پر پیش کیا ہے۔ قرآنِ کریم فرماتا ہے:"إِنَّمَا الْمُؤْمِنُونَ إِخْوَةٌ" "بے شک سب مومن آپس میں بھائی بھائی ہیں" [1]۔

یہی اخوت مدینہ میں اتنی مضبوط ہوئی کہ ابتدائی دور میں مسلمان ایک دوسرے کے وارث بھی بنتے تھے، یہاں تک کہ آیتِ کریمہ کے نزول سے یہ حکم منسوخ ہوا:"وَأُولُوا الْأَرْحَامِ بَعْضُهُمْ أَوْلَىٰ بِبَعْضٍ" "اور رشتہ دار ایک دوسرے کے زیادہ حق دار ہیں" [2] آج جب دشمنانِ اسلام اپنی تمام تر طاقت اسلام کے خلاف استعمال کر رہے ہیں، مسلمانوں کے لیے وحدت پہلے سے زیادہ ناگزیر ہے۔ اختلافات میں الجھنا صرف دشمن کو فائدہ پہنچاتا ہے۔

قرآن و سنت میں وحدت پر تأکید

قرآنِ کریم فرماتا ہے:"وَاعْتَصِمُوا بِحَبْلِ اللَّهِ جَمِيعًا وَلَا تَفَرَّقُوا" "اللہ کی رسی کو سب مل کر مضبوطی سے تھام لو اور تفرقہ میں نہ پڑو" [3]۔ علامہ طباطبائی رحمۃ اللہ علیہ اس آیت کی تفسیر میں فرماتے ہیں:" قرآن ہمیں اتحاد کی دعوت اس لیے دیتا ہے کہ ہم نے خود اتحاد کے میٹھے ثمرات اور تفرقے کی تلخیاں دیکھ لی ہیں۔ اتحاد نے ہمیں آگ سے بچایا، اور اختلاف نے ہمیں تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا۔"

قرآن ایک اور جگہ فرماتا ہے:" وَلَا تَكُونُوا كَالَّذِينَ تَفَرَّقُوا وَاخْتَلَفُوا ... أُولَٰئِكَ لَهُمْ عَذَابٌ عَظِيمٌ" "ان لوگوں کی طرح نہ ہو جاؤ جنہوں نے تفرقہ ڈالا اور اختلاف کیا، ان کے لیے بڑا عذاب ہے"[4]۔

احادیثِ نبوی اور اقوالِ ائمہ (ع)

رسولِ اکرم نے فرمایا:"أیُّهَا النَّاسُ! عَلَیکُم بِالجَماعَةِ وَإیَّاکُم وَالفُرقَةَ" "اے لوگو! جماعت کے ساتھ رہو اور تفرقہ سے بچو۔"[5] ایک اور روایت میں فرمایا:"الجَمَاعَةُ رَحْمَةٌ وَالفُرْقَةُ عَذَابٌ" "اجتماع رحمت ہے، اور تفرقہ عذاب۔" [6]۔

اور فرمایا:"یدُ اللَّهِ مَعَ الجَمَاعَةِ، وَالشَّیطانُ مَعَ مَن خَالَفَ الجَمَاعَةَ" "اللہ کا ہاتھ جماعت کے ساتھ ہے، اور شیطان اس کے ساتھ ہوتا ہے جو جماعت سے جدا ہو جائے۔" [7]۔ امام علی علیہ السلام نے فرمایا:"عَلَیْکُم بِالتَّواصُلِ وَالتَّباذُلِ وَإیَّاکُم وَالتَّدابُرَ وَالتَّقاطُعَ" "تم پر لازم ہے کہ باہم میل جول اور احسان کا رویہ رکھو، اور ایک دوسرے سے قطع تعلقی و دشمنی سے بچو۔" [8]۔

حوالہ جات

  1. سورہ حجرات، آیت10
  2. سورہ انفال، آیت 75
  3. سورہ آلِ عمران، آیت 103
  4. سورہ آلِ عمران، آیت 105
  5. مسند احمد، ج 4، ص 278
  6. سنن دارمی، ج 2، ص 312
  7. ترمذی، حدیث 2166
  8. نہج البلاغہ، حکمت 47