محمد مکرم احمد

ویکی‌وحدت سے
محمد مکرم احمد
محمد اکرم احمد.jpg
دوسرے ناممفتی ڈاکٹر محمد مکرم احمد
ذاتی معلومات
پیدائش کی جگہہندوستان
مذہباسلام، سنی

محمد مکرم احمد

اقوام متحدہ اسرائیل پر پابندیاں عائد کرے

فتحپوری مسجد دہلی کے شاہی امام اقوام متحدہ سلامتی کونسل سے ہمارا پر زور مطالبہ ہے کہ جنگ بندی کی قرارداد پر سختی سے عمل کرایا جائے، اگر صہیونی حکومت اس پر عمل نہ کرے تو عالمی برادری اسکا بائیکاٹ کرے اور اس پر پابندیاں لگائی جائیں۔ فتحپوری مسجد دہلی کے شاہی امام مولانا ڈاکٹر مفتی محمد مکرم احمد نے آج نماز جمعہ سے قبل خطاب میں کہا کہ رمضان المبارک کے اخیر عشرہ میں شب قدر کی عبادت کریں اور اعتکاف کی پابندی کریں۔

مفتی مکرم نے الٰہ آباد ہائی کورٹ کے لکھنؤ بینچ کے فیصلہ پر شدید تشویش کا اظہار کیا جس میں عدالت عالیہ نے 2004ء کے مدرسہ تعلیمی بورڈ ایکٹ کو منسوخ کرتے ہوئے اترپردیش حکومت کو حکم دیا ہے کہ مدرسوں کو بند کیا جائے اور جو طلبہ و طالبات فی الحال مدارس میں زیر تعلیم ہیں ان کا اسکولوں میں داخلہ کرایا جائے۔ مفتی مکرم نے کہا کہ لاکھوں مسلم بچوں کا مستقبل خطرہ میں پڑ گیا ہے۔ انہوں نے اترپردیش کی حکومت سے اور مدرسہ تعلیمی بورڈ سے پر زور مطالبہ کیا کہ اس فیصلہ کے خلاف اپیل دائر کی جائے اور مدارس کو بند نہ کیا جائے۔

مفتی مکرم نے صہیونی وزیر اعظم نتن یاہو کی وحشیانہ بربریت پر شدید غم کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ جنگی جرائم کا مرتکب ہے۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں فوری جنگ بندی کی قرارداد اتفاق رائے سے پاس ہونے کے بعد بھی اسرائیلی حکومت کے وحشیانہ حملوں میں کوئی فرق نہیں آیا۔ الشفاء ہسپتال میں نرسوں، ڈاکٹروں اور مریضوں کو بھی ظالموں نے نہیں بخشا اور کئی سو لوگوں کو گرفتار کر کے لے گئے جن کی کوئی خبر نہیں ہے۔ عورتوں کی آبروریزی کی گئی۔

اقوام متحدہ سلامتی کونسل سے ہمارا پر زور مطالبہ ہے کہ جنگ بندی کی قرارداد پر سختی سے عمل کرایا جائے، اگر صہیونی حکومت اس پر عمل نہ کرے تو عالمی برادری اس کا بائیکاٹ کرے اور اس پر پابندیاں لگائی جائیں[1]۔

فلسطین میں اسرائیل کے ظلم وبربریت کو رکوانے مسلم دنیا عملی اقدام کرے

فلسطین میں اسرائیل کے ظلم وبربریت کو رکوانے مسلم دنیا عملی اقدام کرے: مفتی مکرم - فلسطین میں اسرائیل کے ظلم وبربریت کو رکوانا ضروری دہلی کی مسجد فتح پوری کے شاہی امام ڈاکٹر مفتی محمد مکرم احمد نے کہا کہ فلسطین میں اسرائیل کے ظلم و بربریت کو رکوانا ناگزیر اور وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی بچوں کی فریاد کو سن کر مسلم دنیا کو عملی اقدام کرنا چاہیے۔

فلسطین میں اسرائیل کی جانب سے قتل عام اور نسل کشی ظلم وبربریت برابر جاری ہے۔ اس ترقی یافتہ دور میں ایسا ظلم جس میں ہزاروں بچے اور بڑے ہلاک ہو گئے ہیں۔ یہ ایک نا قابل برداشت جرم ہے۔ جنگ کو ایک ماہ سے زیادہ گزر چکا ہے حملے روز بروز بڑھتے جا رہے ہیں۔ شاہی امام مسجد فتح پوری ڈاکٹر مفتی محمد مکرم احمد نے اپنے خطاب میں غزہ اور مغربی کنارہ پر وحشیانہ بمباری، بچوں، خواتین اور عام شہریوں کی کثیر تعداد میں ہلاکتوں پر شدید رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری اور مسلم دنیا سے پر زور اپیل کی کہ فلسطین کے بچوں کی فریاد کو سن کر مؤثر عملی اقدامات کیے جائیں۔ دنیا بھر میں اسرائیلی ظلم و بربریت کے خلاف آواز اٹھ رہی ہے۔

انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ اقوام متحدہ اور اس کے ذیلی اداروں بشمول یونیسیف، ورلڈ فوڈ پروگرام اور ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے بھی عام شہریوں، پناہ گزین کیمپوں، اسپتالوں اور عبادت گاہوں پر صہیونی حملوں کو فوری بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس ترقی یافتہ دور میں ایسا ظلم جس میں ہزاروں بچے اور بڑے ہلاک ہو گئے یہ ناقابل برداشت ہے۔ جنگ کو ایک ماہ سے زیادہ گزر چکا ہے حملے روز بروز بڑھتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اسرائیل کو پابند کیا جائے کہ وہ عام شہریوں پر حملے بند کرے۔ ہمارا مطالبہ سب ہی سے ہے کہ فوری جنگ بندی پر عمل کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل جنگی جرائم کا ارتکاب کر رہا ہے۔ اس پر اقتصادی پابندیاں عائد کی جائیں۔ مسلم ممالک بھی عملی اقدام کریں اور اللہ پر بھروسہ کر کے ظلم کے خلاف کھڑے ہوں۔ مظلوموں کی حمایت اللہ کا حکم ہے۔ اس پر عمل ہونا چاہیے۔ مفتی مکرم احمد نے فلسطین کی عوام کے لیے بھارتی مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ موجودہ حالات میں توبہ واستغفار کثرت سے کریں۔ تہجد کی نوافل کے بعد فلسطین اور مسجد اقصیٰ کے لیے خشوع و خضوع کے ساتھ دعا کریں[2]۔

مسلمان امریکی اور اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کریں

آج شاہی امام مسجد فتحپوری دہلی مفتی محمد مکرم احمد نے مسلمانوں سے اسرائیلی اور امریکی مصنوعات کے بائیکاٹ کی اپیل کی ہے۔ شاہی امام نے نماز ِجمعہ سے پہلے اپنے خطاب میں اسرائیلی اور امریکی مصنوعات کے بائیکاٹ کی اپیل کی اور مسجد اقصیٰ کی فضیلت کو بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ یہ مسجد قبلہ اول ہے۔ حضور ﷺ نے فرمایا کہ مسجد حرام (مکہ مکرمہ)، مسجد نبوی (مدینہ منورہ) اور مسجد اقصیٰ سفر کرکے نمازیں ادا کرنے کا ثواب بہت زیادہ ملتا ہے۔

لہٰذا مسجد اقصیٰ مسلمانوں کی عقیدت کا مرکز ہے اُس کی بازیابی اور تحفظ کے لیے ہر مسلمان کو اور پوری اُمت کو کوشش کرنی چاہیے۔ انہوں نے ہندوستان کی آزادی اور اس کی ترقی و خوش حالی میں دل کھول کر مسلمانوں کی تعریف کی اور یہ بھی کہا کہ دہشت گردی کا مذہب سے کوئی رشتہ نہیں ہے۔ دہشت گردی قومی دائرہ میں ہو یا بین الاقوامی اس کی مذمت ہونی چاہیے۔

بھارت میں مسلم اقلیت کے ساتھ انصاف کیا جائے

انہوں نے کہا بے قصور انسان کو ہلاک کرنے کی کوئی بھی مذہب اور کوئی بھی قانون اجازت نہیں دیتا۔ شاہی امام صاحب نے حکومت ہند سے مطالبہ کیا کہ بھارت میں مسلم اقلیت کے ساتھ انصاف کیا جائے۔ شاہی امام مفتی محمد مکرم نے ہندوجاگرن منچ کی طرف سے علی گڑھ اور دیگر مقامات پر اسکولوں میں کرسمس کی تقریبات پردھمکےوں کے خط لکھنے کی مذمت کی اور بھارت حکومت سے فرقہ پرستوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔

احمد مکرم نے کہا پبلک اسکولوں اور مشنری کے اسکولوں میں ہر روز صبح کو جو دعائیہ پروگرام ہوتا ہے اس میں بھی مذہبی دعائیں شامل ہوتی ہیں تو ایسے لوگوں کو اپنے بچوں کو مشنری کے اسکولوں میں داخلہ ہی نہیں کرانا چاہیے۔ شاہی امام نے امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے اعلان پر مذمت کرتے ہوئے ہندوستانی حکومت اور وزیر اعظم سے اپیل کی کہ یروشلم کو اسرائیل کی راجدھانی بنائے جانے کی مخالفت کی جائے۔

یو این او نے امریکی صدر کے حکم کے خلاف قرارداد پاس کی ہے بھارت کو بھی اس کے خلاف آواز بلند کرنی چاہئے۔واضح رہے کہ ملک کی کئی تنظیموں کی جانب سے اسرائیلی اور امریکی مصنوعات کے بائیکاٹ کیلئے مہم چلا ئی جا رہی ہے ۔ جن میں الفلاح فرنٹ کی ’مشن بائیکاٹ مہم قابلِ ذکر ہے۔مشن بائیکاٹ مہم کے کنوینر اور الفلاح فرنٹ کے صدر ذاکر حسین نے شاہی امام کی اس اپیل کا خیر مقدم کرتے ہوئے مسلمانوں سے امام صاحب کی اپیل پر عمل کرنے کی درخواست کی ہے[3]۔

  1. اقوام متحدہ اسرائیل پر پابندیاں عائد کرے، مفتی محمد مکرم احمد- شائع شدہ از: 29 مارچ 2024ء- اخذ شدہ بہ تاریخ: 20 دسمبر 2024ء۔
  2. فلسطین میں اسرائیل کے ظلم وبربریت کو رکوانے مسلم دنیا عملی اقدام کرے: مفتی مکرم-شائع شدہ از: 15 نومبر 2023ء- اخذ شدہ بہ تاریخ: 20 دسمبر 2024ء۔
  3. مسلمان امریکی اور اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کریں : مفتی محمد مکرم احمد- شائع شدہ از: 22 دسمبر 2017ء- اخذ شدہ بہ تاریخ: 20 دسمبر 2024ء۔