غازی حنینہ
شیخ غازی حنینہ
غازی حنینہ | |
---|---|
ذاتی معلومات | |
پیدائش کی جگہ | لبنان |
مذہب | اسلام، سنی |
مناصب | انجمنِ علمائے مسلمان لبنان کے سربراہ |
امت مسلمہ کی کامیابی کا واحد راستہ وحدت و اتحاد ہے
انجمنِ علمائے مسلمان لبنان کے سربراہ نے کہا کہ ہمیں اسلامی وحدت و اتحاد سے متعلق مختلف خطرات، مشکلات اور سختیوں کا سامنا ہے اور اس راستہ میں بہت سی شہادتیں بھی دی ہیں، لیکن ان تمام مشکلات کے باوجود امتِ مسلمہ کی کامیابی کا واحد راستہ وحدت و اتحاد ہے۔ حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، انجمنِ علمائے مسلمان لبنان کے سربراہ شیخ غازی حنینہ نے حوزہ ہائے علمیہ خواہران ایران کے سربراہ حجۃ الاسلام والمسلمین مجتبی فاضل اور دیگر اراکین سے مرکزِ مدیریت حوزہ ہائے علمیہ میں ملاقات کی اور اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اسلامی وحدت و اتحاد پر زور دیا۔
اس ملاقات کے آغاز میں، حوزہ ہائے علمیہ خواہران ایران کے سربراہ حجۃ الاسلام والمسلمین فاضل نے ہفتۂ وحدت کی مبارکباد پیش کی اور شیخ غازی حنینہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ آج عالمِ اسلام میں اتحاد کو برقرار رکھنے کی اشد ضرورت ہے اور یہ ضرورت، خطے کی موجودہ سیاسی صورتحال بالخصوص فلسطین، شام اور لبنان کی صورتحال کے پیش نظر زیادہ اہمیت کی حامل ہے۔
اس دوران انجمنِ علمائے مسلمان لبنان کے سربراہ شیخ غازی حنینہ نے نیز ہفتۂ وحدت اور میلاد پیغمبرِ اسلام(ص) اور امام صادق(ع) کی مناسبت سے تبریک و تہنیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں امتِ محمدی (ص) ہونے کی حیثیت سے دلی اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرنے کے ساتھ موجودہ اتحاد و وحدت کی فضاء کو تقویت دینے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بعض نام نہاد مسلمان، مسلمانوں میں تفرقہ ایجاد کرنا چاہتے ہیں، ان کا یہ نظریہ، دلی اتحاد و وحدت پر مبنی نہیں ہے اور اس نظریے کا تعلق آج کل سے نہیں بلکہ 1400 سال پہلے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے زمانے سے چلا آ رہا ہے۔
شیخ غازی نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ تاریخِ اسلام میں شیعہ اور سنی کے مابین فکری اختلافات رہے ہیں، کہا کہ اگر آج کوئی مسلمانوں کے درمیان مسائل، اختلافات اور تفرقے کو ہوا دے رہے ہیں تو وہ بنی امیہ کے پیروکاروں کا کام ہے اور وہ صرف اقتدار اور حکمرانی کے بھوکے ہیں اور مسلمانوں کے اتحاد و وحدت سے ان کو کوئی دلچسپی نہیں ہے۔
انہوں نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے اتحاد و وحدت کی بنیاد، ایمان اور بھائی چارگی پر ہے اور ہمارے رہبرِ معظم حضرت آیۃ اللہ امام خامنہ ای کے ارشاد کے مطابق، ہمارا اتحاد اقوام و ملت کا اتحاد ہے اور اس سلسلے میں ہم سب بھائی بھائی ہیں۔ انہوں نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ ہمیں اسلامی وحدت و اتحاد سے متعلق خطرات، مشکلات اور سختیوں کا سامنا ہے اور اس راہ میں بہت سی شہادتیں بھی ہوئیں ہیں، کہا کہ ان تمام مشکلات کے باوجود امتِ مسلمہ کی کامیابی کا واحد راستہ وحدت و اتحاد ہے۔
آخر میں، انجمنِ علمائے مسلمان لبنان کے سربراہ نے کہا کہ مغرب اور غاصب صیہونیوں کے ساتھ تعلقات کے خواہاں عرب ممالک در حقیقت اتحاد و وحدت کے خواہاں نہیں بلکہ وہ بنی امیہ کے پیروکار ہیں اور ان کا منصوبہ مسلمانوں میں تفرقہ ایجاد کر کے موجودہ اتحاد و وحدت کو پارہ پارہ کرنا ہے [1]۔
امت مسلمہ کی سعادت رہبرِ انقلابِ اسلامی کی پیروی میں ہے
جمعیت علمائے مسلمان لبنان کے سربراہ نے کہا کہ سوال ہوتا ہے کہ کیسے ایک اہل سنت عالم دین کا ولی شیعہ علماء میں سے ایک ہو سکتا ہے؟ اس کے جواب میں کہا جا سکتا ہے کہ ہر انسان کا اپنا ایک مذہب ہوتا ہے، لیکن سختیوں سے گزرنے، ایک امت بننے اور امت مسلمہ کی سعادت کی راہ، ایک محور اور رہبر پر منحصر ہے اور اس عہدے پر رہبرِ انقلابِ اسلامی فائز ہیں، لہٰذا سب کو ان کی پیروی کرنی چاہیئے۔
حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جمعیت علمائے مسلمان لبنان کے سربراہ شیخ غازی یوسف حنینہ نے مؤسسہ سراج المنیر میں منعقدہ تکفیری اور افراطی گرہوں سے مقابلہ کی عالمی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جمعیت علمائے مسلمان 41 سال قبل، کثیر تعداد میں علمائے اسلام کی موجودگی میں وجود میں آئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جمعیت کی تاسیس کے دوران امام راحل نے حمایت کی، یہ جمعیت 350 فلسطینی اور لبنانی شیعہ سنی علماء کی موجودگی میں وجود میں آئی۔
جمعیت علمائے مسلمان لبنان نے کہا کہ جمعیت کی اولین ترجیح، شعیہ سنی علماء کے مابین یکجہتی اور وحدت ہے، یہاں کسی کو تشیع یا تسنن کی دعوت نہیں دی جاتی، بلکہ اسلام ناب محمدی صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم کی جانب بلایا جاتا ہے۔ انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ چار مذاہبِ اسلامی کا ماننے والا مسلمان ہے اور ہم بھی انہیں مسلمان سمجھتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جمعیت علمائے مسلمان وحدت امت کے ساتھ ساتھ اسلام کے اصل چہرے کو آشکار اور اسلامی مزاحمتی محاذوں کی حمایت کرتی ہے، کیونکہ ہمارا یقین ہے کہ مزاحمت ہی وہ واحد راستہ ہے جو فلسطین کو اہل فلسطین کے حوالے کر دے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ کئی سالوں سے مسلمانوں کے درمیان موجود اختلاف و افتراق کی اصل جڑ، وہابی تفکر ہے اور ہم اس تفکر کے ساتھ مقابلے میں ہیں۔
جمعیت علمائے مسلمان لبنان کے سربراہ نے کہا کہ اسلامی معاشرے کی قیادت، اسلامی معاشرے کی عزت و آبرو کا باعث ہے اور ہم اس میدان میں رہبرِ انقلابِ اسلامی کو رہبر کے عنوان سے قبول کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مزاحمتی محاذ کی حمایت کرنے والے ممالک ایک ہی خط پر گامزن ہیں۔ حقیقت میں اس مزاحمت کا محور رہبرِ انقلابِ اسلامی حضرت آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای ہیں کہ آپ اس کو منزل مقصود تک پہنچانے کی کوشش میں مصروف عمل ہیں۔
شیخ حنینہ نے کہا کہ سوال ہوتا ہے کہ کیسے ایک اہل سنت عالم دین کا ولی شیعہ علماء میں سے ایک ہو سکتا ہے؟ اس کے جواب میں کہا جا سکتا ہے کہ ہر انسان کا اپنا ایک مذہب ہوتا ہے، لیکن سختیوں سے گزرنے، ایک امت بننے اور امت مسلمہ کی سعادت کی راہ، ایک محور اور رہبر پر منحصر ہے اور اس عہدے پر رہبرِ انقلابِ اسلامی فائز ہیں، لہٰذا سب کو ان کی پیروی کرنی چاہیئے [2]۔
لبنان میں شیعہ اور سنی اتحاد کے ذریعے ہی اسرائیل کا خاتمہ ہوگا
رئیس مسلم علماء کونسل لبنان کے بورڈ آف ٹرسٹیز کے چیئرمین نے کہا ہے کہ لبنان میں شیعہ اور سنی اتحاد کے ساتھ اسرائیل کا مقابلہ کر رہے ہیں اور اس اتحاد کے ذریعے صہیونی دشمن کو شکست دیں گے۔ حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، رئیس مسلم علماء کونسل لبنان کے بورڈ آف ٹرسٹیز کے چیئرمین، شیخ غاذی یوسف حنینہ نے کہا ہے کہ لبنان میں شیعہ اور سنی اتحاد کے ساتھ اسرائیل کا مقابلہ کر رہے ہیں اور اس اتحاد کے ذریعے صہیونی دشمن کو شکست دیں گے۔ انہوں نے امام خمینی (رح) کے اس پیغام کو دہرایا کہ مسلمانوں کو متحد ہو کر صہیونیوں کا مقابلہ کرنا چاہیے۔
بوشہر میں امام خمینی (رح) قرآنی مدرسہ کے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے شیخ غاذی حنینه نے کہا کہ لبنان میں شیعہ اور سنی آبادی تقریباً برابر ہے، شمالی علاقوں میں زیادہ تر سنی جبکہ جنوبی لبنان میں شیعہ آبادی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلم علماء کونسل لبنان کا قیام 42 سال قبل ہوا تھا، جس میں 340 علمائے کرام شامل ہیں۔ اس تنظیم کا مقصد شیعہ و سنی اتحاد کو فروغ دینا اور فلسطین کے عوام کی حمایت کرتے ہوئے اسرائیلی قبضے سے آزادی حاصل کرنا ہے۔
شیخ یوسف غازی نے اس بات کا ذکر کیا کہ ابتدائی دور میں لبنان کے علماء نے امام خمینی (رح) سے ملاقات کی اور صہیونی دشمن کے خلاف اتحاد کا فیصلہ کیا، جس کی امام خمینی (رح) نے بھرپور تائید کی۔ انہوں نے کہا کہ اس تحریک کے بعد اسلامی جمہوریہ ایران نے لبنان کی مزاحمتی تحریک کی حمایت کی، خاص طور پر اسلحے کی فراہمی میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ لبنان میں اسلامی مزاحمتی تحریک نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف کامیابیاں حاصل کی ہیں اور اس میں ایران کا کردار کلیدی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کی تحریک حماس کو اسلحے کی فراہمی کا منصوبہ بھی شہید قاسم سلیمانی کی قیادت میں عمل میں آیا۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ لبنان کے شیعہ اور سنی متحد ہیں اور امام خمینی (رح) کے فرمان کے مطابق صہیونیوں کو شکست دینے کے لیے اپنے اتحاد کو برقرار رکھے ہوئے ہیں [3]۔
- ↑ امت مسلمہ کی کامیابی کا واحد راستہ وحدت و اتحاد ہے، شیخ غازی حنینہ-ur.hawzahnews.com- شائع شدہ از: 22 اکتوبر 2022ء- اخذ شدہ بہ تاریخ: 6 نومبر 2024ء۔
- ↑ امت مسلمہ کی سعادت رہبرِ انقلابِ اسلامی کی پیروی میں ہے-ur.hawzahnews.com- شائع شدہ از: 4 فروری 2024ء- اخذ شدہ بہ تاریخ: 7 نومبر 2024ء۔
- ↑ لبنان میں شیعہ اور سنی اتحاد کے ذریعے ہی اسرائیل کا خاتمہ ہوگا- ur.hawzahnews.com- شائع شدہ از: 16 اکتوبر 2024ء- اخذ شدہ بہ تاریخ: 7 نومبر 2024ء۔