حزب اللہ لبنان

المقاومه.jpg

حزب اللہ لبنان میں شیعوں کی ایک طاقتور سیاسی اور فوجی تنظیم ہے۔ ایران کی حمایت سے 1980ء میں تشکیل پانے والی اس تنظیم نے لبنان سے اسرائیلی فوجی دستوں کے انخلاء کے لیے جدوجہد کی۔ اس تنظیم کو مئی 2002ء میں اپنے اس مقصد میں کامیابی حاصل ہوئی۔ اس عمل کے پس منظر میں جماعت کی عسکری شاخ اسلامی مزاحمت یا اسلامک ریزسسٹینس کا ہاتھ تھا۔ لبنان پر اسرائیلی قبضے کے بعد علما کے ایک چھوٹے سے گروہ سے ابھرنے والی اس تنظیم کے مقاصد میں اسرائیل کے خلاف مزاحمت جنگ، لبنان سے غیر ملکی فوجوں کا انخلاء، لبنان کی کثیر المذہبی ریاست کی جگہ ایرانی طرز کی اسلامی ریاست کی تشکیل ہے۔ لبنان میں شیعہ اکثریت میں ہیں اور یہ تنظیم لبنان کے شیعوں کی نمائندگی کرتی ہے۔ لبنان سے اسرائیلی فوجوں کے انخلاء سے اس تحریک نے عام لوگوں کے دلوں میں جگہ بنا لی۔ اس وقت لبنان کی پارلیمان میں اس تنظیم کے امیدواروں کو واضح اکثریت حاصل ہے۔ حزب اللہ سماجی، معاشرتی اور طبی خدمات کے حوالے سے لوگوں میں مقبولیت حاصل کر لی ہے۔ اس تنظیم کا اپنا ٹی وی سٹیشن المنار کے نام سے قائم ہے۔ اس تنظیم کا موجودہ سربراہ سید حسن نصر اللہ ہے۔

حزب اللہ کی تشکیل

طالبان کی طرح حزب اللہ کے جنم کے بارے میں مغربی ذرائع ابلاغ میں کئی کہانیاں گردش کر رہی ہیں۔ ایک مکتبہ فکر کے مطابق 20ویں صدی کے چھٹے عشرے میں ذرائع مواصلات میں بے پناہ ترقی کی وجہ سے لبنان سے مسلمان بھی عالمی سطح پر ہونے والی تبدیلیوں سے متاثر ہونے لگے۔ کچھ لبنانی مسلمان فلسطین کی آزادی کی مختلف تحریکوں سے وابستہ ہوگئے جبکہ بعض ممتاز شیعہ عالم امام موسی صدر کی مسلمانوں کی فلاح کے لیے تشکیل دی گئی تنظیم حرکت المحرومین میں شامل ہوگئے۔ امام موسی صدر 15 مئی 1928ء کے ایران کے شہر قم میں پیدا ہوئے۔ 1956ء میں انہوں نے اسلامی فقہ و قانون میں ڈگری حاصل کی اور مختلف مذہبی اداروں میں مذہب کی تعلیم دیتے رہے۔ 1960ء میں وہ لبنان کے شہر طائر میں آباد ہوگئے۔ وہ مذہبی تعلیم دینے کے علاوہ لبنان میں شیعہ مسلمانوں کی فلاح و بہبود کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے رہے ہیں۔ 1974ء میں حرکت المحرمین کے جھنڈے تلے انہوں ںے دیہی علاقوں میں پسماندگی کے خاتمے میں لبنانی حکومت کی عدم دلچسپی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے۔ لبنان کی خانہ جنگی کے دوران انہوں نے الامل نامی تحریک کا آغاز کیا جو حرکت المحرومین کی ذیلی تنظیم تھی۔ 1978ء میں دورہ لیبیا کے دوران وہ پر اسرار طور پر لاپتہ ہوگئے جس کے بعد ان کے بارے میں کوئی علم نہ ہوسکا۔

حرکت الامل، حرکت المحرومین کا فوجی ونگ تھا جو جلد ہی ایک سیاسی پارٹی کی شکل میں تبدیل ہو گئی۔ 1982ء میں اسرائیل نے لبنان میں اپنے حامی تلاش کرنے کے لیے طائر میں ایک سنٹر قائم کیا جس کا سربراہ امریکی نژاد اور اسرائیلی پروفیسر اور علوم شرقیہ کے ماہر 70 سالہ بیلے کو مقرر کیا گیا۔ بیلے نے 1982ء کے آخر میں اپنے منصوبے کا آغاز کیا۔ بیلے لبنان کے مختلف افراد سے ملاقات کرتا اور ان کو اسرائیل کے جنوبی لبنان میں کردار کے حولے سے قائل کرتا۔ شاطر یہودیوں نے جلد ہی حرکت الامل میں اپنا اثر و رسوخ قائم کرلیا۔ تحریک کے کچھ لوگ خفیہ طور پر اسرائیل کی مدد کو تیار ہوگئے۔ لیکن الامل جلد ہی انتشار کا شکار ہو کر کئی گروپوں میں تقسیم ہوگئی۔ الامل سے علیحدہ ہونے والے ایک گروپ نے حزب اللہ کے نام سے اپنی جدوجہد کا آغاز کیا۔

لیطانی آپریشن

1970ء کے عشرے میں اردن کے فلسطینیوں کے خلاف رسوائے زمانہ کریک ڈاؤن کے دوران جان بچا کر فلسطینی جنوبی لبنان میں آباد ہوگئے۔ اسرائیل نے فسلطینیوں کو جنوبی لبنان سے نکالنے لے لیے آپریشن لیطانی شروع کیا۔ اسرائیلی فوجین بغیر کسی بڑی مزاحمت کے 20 میل تک لبنان کے اندر دریا‎ۓ لیطانی کے جنوبی کنارے پر آکر رک گئیں۔ لبنان کی سرحدی پٹی میں آباد فلسطینی مقامی راستوں سے زيادہ آشنائی نہیں رکھتے تھے۔ اسرائیل نے عالمی دباؤ کے زیر اثر جنوبی لبنان خالی کردیا لیکن دریائے لیطانی کے جنوبی کنارے تک علاقے پر اندھا دھند بمباری کا سلسلہ جاری رکھا۔ اسرائیل و‌‌زیر دفاع (بعد ازاں صدر) اذرویزلسن نے ہر چلتی ہوئی چیز پر چاہے وہ انسان ہی کیوں نہ ہو، بمباری جاری رکھنے کا حکم دیا۔ اسرائیل چاہتا تھا کہ علاقہ انسانی آبادی سے بالکل خالی ہوجائے۔ اسرائیلی طیارے ہر حرکت کرتے انسان کو فلسطینی کوریلا سمجھ کر نشانہ بنارہے تھے۔ مارکیٹ میں فروخت کے لیے تمباکو اور دوسری زرعی اجناس لے کر جانے والے کسان، پہاڑوں سے پکنک مناتے خاندان، گلیوں میں کھیلتے ہوئے بچے، گھریلو کام میں مصروف عورتیں اور بمباری سے جان بچا کر علاقے سے دور ہونے کی کوشش کرنے والے عام شہری سب اس بمباری کا شکار ہو‏گئے۔ اسرائیلی بمباری سے بچ کر بیروت پہنچنے والے خوش نصیبوں کی بڑی تعداد ان بد نصیب بچوں پر مشتمل تھی جن کے والدین لقمہ اجل بن چکے تھے۔ ان بے گھر خاندانوں کو مقامی تنظیمون نے بیروت ائیرپورٹ اور دریائے لیطانی کے درمیان بنجر پٹی میں آباد کیا یہاں ایا نیا شہر آباد ہوا جس کا نام ضائیہ رکھا گیا۔ تعاقب کرتے ہوئے اسرا‏ئیلی طیاروں کے خوف سے بچ جانے والے یہ بچے جب بڑے ہوئے تو ان کی نظر میں اسرائیل سے انتقام کرنے علاوہ اور کوئی جذبہ نہیں تھا۔

فاذ اللہ اور حزب اللہ

حرکت المحرومین کے زوال کے بعد یہ بے گھر یتیم بچے جو اب جوان ہوچکے تھے ممتاز شاعر اور عالم دین محمد حسین فاذ اللہ کے گرد اکٹھا ہونا شروع ہو گئے۔ 67 سالہ محمد حسین فاذ اللہ بڑی کرشماتی شخصیت کے حامل عالم دین تھے۔ ضائیہ کی مقامی آبادی میں اتنے مقبول ہیں کہ 20 ہزار افراد کی امامت میں نماز جمعہ ادا کرتے تھے۔ فاذ اللہ حزب اللہ کے ساتھ اپنے کسی بھی تعلق کا انکار کرتے ہیں لیکن بعض لوگوں کا خیال ہے کہ وہ حزب اللہ کی روح رواں ہیں اور وہ جان بوجھ کر خود کو مخفی رکھتے ہیں۔ کئی عشروں پر محیط جنوبی لبنان کے ان مسلمانوں کو مسلسل دربدری اپنے والدین کو اپنی آنکھوں کے سامنے اسرائیلی درندگی کا شکار ہونے کے ناقابل فراموش مناظر، بے روزگاری اور غربت نے بہت زیادہ راسخ العقیدہ بنا دیا۔

حزب اللہ اور انقلاب اسلامی ایران

افغانستان میں مجاہدین کی فتح اور آنے والے ایرانی انقلاب نے انہیں اپنے سب بہت زیادہ طاقتور دشمن سے لڑنے کا حوصلہ بخشا۔ یہ تمام عوامل حزب اللہ کے قیام کی وجہ بنے۔ حزب اللہ کی پارٹی کی عمارت چار ستونوں پر کھڑی ہے۔ ان میں سیاسی جد و جہد، سماجی و فلاحی خدمات، جہاد اور گوریلا جنگ ہے۔ حزب اللہ نے کبھی اپنے مقاصد خفیہ نہیں رکھے۔ حزب اللہ کی منزل مقصود یروشلم کی آزادی اور لبنان میں اسلامی حکومت کا قیام ہے۔ حزب اللہ کے ترجمان نے مقاصد کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس وقت تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے جب تک فلسطین کو آزاد نہیں کروا لیتے اور فلسطین میں آباد کار یہودیوں کو ان ممالک کو واپس جانے پر مجبور نہیں کرلیتے جہاں سے وہ آئے تھے۔ حزب اللہ کے مجاہدین کی تعداد 3 ہزار کے لگ بھگ ہے جبکہ 20 ہزار کے قریب مسلح رضا کار ہیں۔ حزب اللہ جدیدیت کی قائل ہے اور وہ پراپیگنڈہ جنگ کے رموز سے آشنا ہے۔

قائدین

اسرائیل امریکہ مشرکہ آپریشن کا مقصد لبنان کی اسرائیل کے مخالف مزاحمت کو کچل کر فلسطینیوں کے آزادی کے عزائمم کو کچلنا ہے۔ لیکن میں عالم اسلام کے شہریوں پر واضح کردینا چاہتا ہوں کہ ایسا نہیں ہوگا۔ اللہ ہمارے ساتھ ہے۔ 1991ء میں عباس موسوی کو حزب اللہ کا جنرل سیکرٹری مقرر کیا گیا۔ 1992ء میں حزب اللہ کے جنرل سیکرٹری موسوی اسرائیلی فضائیہ کے حملے میں شہید ہو گئے اور ان کی جگہ حسن نصر اللہ کو حزب کا نیا سیکرٹری جنرل مقرر کیا گیا۔ نصر اللہ اپنے پیش روؤں کے برعکس لیڈر ثابت ہوئے جو عملی جدوجہد پر یقین رکھتے تھے۔ انہوں نے سماجی میدان میں بے پناہ خدمات انجام دے کر عام لبنانی شہری کا دل جیت لیا۔ انہوں نے سکول، ہسپتال اور شیعہ آبادی کے علاقوں میں مکانات تعمیر کروائے۔

ذر‏‏ائع ابلاغ

حزب اللہ کا سب سے خطرناک ہتھیار اس کے زیر اہتمام چلنے والا المنار ٹیلی ويژن اور النور ریڈیو سٹیشن ہے۔ المنار ٹیلی ویژن کے ڈائریکٹر نے سی- این- این اور الجزیرہ ٹیلی ويژن کا تقابلی جائزہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ سی این این صہیونی نیٹ ورک، الجزیرہ غیر جانبدار جبکہ المنار فلسطینیوں کا حامی ٹیلی ویژن نیٹ ورک ہے [1]۔ حزب اللہ نے ایک ریڈیو سٹیشن بھی قائم کر رکھا ہے جو لبنانی شہریوں کو معلومات فراہم کرتا رہتا ہے۔ المنار ٹیلی ویژن کے ناظرین کی تعدار ایک کروڑ سے زائد ہے۔

اسلحے

مغربی ذرائع کے مطابق حڑب اللہ کے پاس روسی ساختہ ایرانی ماڈل کیتوشا راکٹ ہیں جن کی رینج چند کلو میٹر سے لے کر 70 کلو میٹر تک ہے۔ یہ راکٹ دنیا کے 50 سے زائد ملکوں کے زیر استعمال ہیں۔ حزب اللہ کے پاس ایرانی ماڈل فجر 3 کے 12 ہزار کے قریب راکٹ موجود ہیں۔ 5 ہفتوں سے جاری حزب اللہ اسرائیل جنگ میں حزب اللہ 100 راکٹ فی یوم کے حساب سے فائر کرتی رہی جس کی وجہ سے اسرائیلی صنعتی شہر حیفہ ویران ہوچکا ہے۔ اسرائیل کے ذرا‏ئع کے مطابق حزب اللہ کے پاس زلزلہ نامی ایرانی ہیں۔ جن کی رینج 2 سو کلو میٹر سے زائد ہے اور وہ 400 کلو گرام گولہ بارود لے جانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

2006ء میں اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جنگ

2006ء میں اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان باقاعدہ جنگ ہوئی۔ مہینہ بھر جنگ رہی اور اسرائیل‘ جو مشرق وسطیٰ کی سب سے بڑی فوجی قوت ہے‘ نے جو کچھ اُس کے پاس تھا اس جنگ میں جھونک دیا۔ بیروت اور دیگر شہروں پہ بے پناہ ہوائی بمباری ہوئی۔ 1200 کے لگ بھگ لبنانی سویلین اُس بمباری میں ہلاک ہوئے۔ لیکن میدان میں حزب اللہ نے اسرائیلی فوج کو مزہ چکھا دیا۔ جنگ میں تقریباً ڈیڑھ سو اسرائیلی فوجی ہلاک ہوئے جو کہ اسرائیل کے لئے بہت بھاری نقصان تھا۔ جیسا ہمارا ٹینک الخالد ہے‘ ویسا اسرائیل کا بھاری ٹینک 'مرکاوا‘ ہے۔ ایسے کئی معرکے ہوئے جس میں 'مرکاوا‘ آتے تھے اور حزب اللہ کے مجاہدین نزدیک جا کر ٹینک شکن میزائلوں سے انہیں نشانہ بناتے تھے۔ ایک قصہ اسرائیلی اخبار Haaretz میں جنگ کے کچھ دن بعد رپورٹ ہوا۔ ایک اسرائیلی جرنیل نوجوان فوجی افسروں سے مخاطب تھا۔ اُس نے حزب اللہ کو برا بھلا کہا۔ نوجوان فوجی افسروں نے کہا: ہم حزب اللہ سے لڑے ہیں اور وہ بہادر سپاہی ہیں۔ یہ تب کی بات تھی۔ اب سرزمینِ شام میں کامیاب فوجی حکمتِ عملی کے بعد حزب اللہ کی حیثیت کو مزید تقویت ملی ہے [2]۔

حزب اللہ کے حملے، اسرائیلی فوج کو جانی نقصانات

سرحدی علاقوں پر حزب اللہ کے حملوں میں اسرائیلی فوج کی تنصیبات تباہ ہونے کے علاوہ جانی نقصان ہوا ہے۔ مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، المیادین نے کہا ہے کہ لبنانی مقاومتی تنظیم حزب اللہ نے لبنانی سرحد پر صہیونی فوجی تنصیبات پر حملہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق زرعیت قصبے میں حزب اللہ میزائل گرنے سے صہیونی فوجی تنصیبات کو نقصان ہوا ہے۔ حزب اللہ نے حملوں کے بعد ایک بیان میں کہا ہے کہ صہیونی فوج لبنان پر حملے کی تیاری کررہی تھی تاہم حزب اللہ کے جوانوں نے بروقت کاروائی کرکے دشمن کے منصوبے کو ناکام بناتے ہوئے شدید نقصان سے دوچار کیا۔

مقامی ذرائع کے مطابق حزب اللہ کے حملوں میں کم از کم ایک صہیونی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔ حزب اللہ کے میزائل حملوں کے بعد صہیونی بستی شومیرا اور جلیل علیا میں بھی خطرے کے سائرن بجائے گئے ہیں۔ دوسری طرف لبنانی سرحد اور غزہ کے اندر صہیونی فوج کو مسلسل شکست کے بعد تل ابیب کے ایوانوں میں کھلبلی مچ گئی ہے۔ نتن یاہو کابینہ کے اجلاس میں اراکین کے درمیان تلخ کلامی اور الزامات کے ردوبدل کے بعد اجلاس ہنگامی کا شکار ہوگیا ہے۔ صہیونی میڈیا کے مطابق کابینہ کے اراکین ایک دوسرے پر چیخ رہے تھے۔ تلخی بڑھنے کے بعد وزیرجنگ یواو گیلانت نے اجلاس کو ترک کیا [3]۔

حزب اللہ نے صیہونی فوج کا مرکاوا ٹینک تباہ کر دیا

لبنان کی حزب اللہ نے شمالی مقبوضہ فلسطین میں البغدادی بیس میں صیہونی فوج کے مرکاوا ٹینک کو میزائل مار کر تباہ کرنے کی اطلاع دی ہے۔ مہر خبررساں ایجنسی نے المنار ٹی وی چینل کے حوالے سے بتایا ہے کہ لبنان کی حزب اللہ نے شمالی مقبوضہ فلسطین کے البغدادی اڈے پر صیہونی فوج کے مرکاوا ٹینک کو نشانہ بنایا ہے۔

حزب اللہ کے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ کے مظلوم اور ثابت قدم عوام اور مزاحمتی فورسز کی حمایت میں حزب اللہ کے مجاہدین نے آج دوپہر کو صیہونی فوج کے اڈے البغدادی کو نشانہ بناتے ہوئے ایک مرکاوا ٹینک کو تباہ کر دیا۔ واضح رہے کہ حزب اللہ آج کے دن مقبوضہ شمالی فلسطین کے اسرائیلی جاسوسی اڈے "دوویو" کو بھی تباہ کر چکی یے [4]۔

لبنان اور مزاحمت کی بھرپور حمایت جاری رکھیں گے، ایرانی وزیر خارجہ

ایرانی وزیر خارجہ امیر عبداللہیان نے لبنان پہنچنے پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مزاحمتی قیادت نے فلسطین اور لبنان میں سیاسی اور عملی میدان میں تدبر اور حکمت سے کام لیا۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان جمعہ کی شام بیروت پہنچ گئے۔ امیر عبداللہیان نے لبنان پہنچنے پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مزاحمتی قیادت نے فلسطین اور لبنان میں سیاسی اور عملی میدان میں تدبر اور حکمت سے کام لیا۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم دیکھتے ہیں کہ فاتح فلسطینی مزاحمت نے حماس کے نام سے ایک سیاسی آپشن میز پر رکھ دیا ہے۔ ہم نے امریکہ سے کہا ہے کہ وہ غزہ اور مغربی کنارے کی نسل کشی میں صیہونیوں کی حمایت نہ کرے۔ ہم نے غزہ بحران کے آغاز پر ہی واضح اعلان کیا کہ جنگ مسئلے کا حل نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ کی جانب سے صیہونی رجیم اور نیتن یاہو کی حمایت جاری رکھنے کا نتیجہ قطعی ناکامی اور شکست کے سوا کچھ نہیں ہو گا۔ ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ صیہونی رجیم مشرق وسطیٰ میں امریکہ کو جنگ کی دلدل میں دھکیلنا چاہتی ہے۔ ہم لبنان اور مزاحمت کی بھرپور حمایت جاری رکھیں گے کیونکہ لبنان کی سلامتی کو ایران اور خطے کی سلامتی سمجھتے ہیں [5]۔

حزب اللہ کے صہیونی فوج کے ٹھکانوں پر حملے

لبنانی تنظیم نے صہیونی قصبوں یارون اور بنت جبیل پر میزائلوں سے حملہ کیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے لبنانی مقاومتی تنظیم کے حوالے سے خبر دی ہے کہ غزہ میں فلسطینی شہریوں پر حملوں کے جواب میں حزب اللہ نے جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوج کے ٹھکانوں پر حملے کئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق حزب اللہ نے شبعا فارم کے اطراف میں صہیونی فوج کے ٹھکانوں پر میزائلوں سے حملہ کیا ہے۔

تنظیم نے ایک بیان میں کہا ہے کہ السماقہ قصبے میں صہیونی فوج کے اجتماع پر حملے میں دشمن کو کافی نقصان پہنچا ہے۔ علاوہ ازین تنظیم نے الظہرہ میں واقع اسرائیلی فوجی مرکز کو بھی نشانہ بنانے کا دعوی کیا ہے۔ دوسری طرف صہیونی فوج نے حزب اللہ کے حملوں کے جواب میں لبنانی قصبے یارون اور بنت جبیل پر حملہ کیا ہے [6]۔

صیہونی رجیم کی حزب اللہ کے خلاف گیدڑ بھبکیاں!

صہیونی حلقوں نے خبروں میں اعتراف کیا ہے کہ لبنان کی سرحد سے متصل شمالی محاذ پر لڑائی کے بارے میں صہیونی حکام کے میڈیا کے دعووں کے برعکس پردے کے پیچھے ایک اور صورت حال چل رہی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے العہد ویب سائٹ کے حوالے سے خبر دی ہے کہ حالیہ دنوں میں صہیونی حکام نے مقبوضہ علاقوں کی شمالی سرحدوں میں لبنان کی حزب اللہ کے خلاف ہمہ گیر جنگ کے تناظر میں متعدد دعوے کیے ہیں۔

اس دوران صیہونی حکومت کے وزیر جنگ نے اس حقیقت کے باوجود کہ اسرائیلی فوج غزہ جنگ میں طاقت کے وحشیانہ استعمال کے باوجود ابھی تک کوئی قابل ذکر کامیابی حاصل نہیں کرسکی ہے، شمالی محاذ میں ایک مکمل جنگ کی تیاری کی دھمکی دی ہے۔ جس پر صہیونی حلقوں نے شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے تل ابیب حکام کے پر فریب اور بزدلانہ موقف کو برملا کیا۔

لبنان کے ساتھ مقبوضہ فلسطین کا سرحدی قصبہ کریات شیمونا عبرانی میڈیا نے خبر دی ہے کہ ایک اسرائیلی فوجی اہلکار نے امریکی حکومت کو بتایا کہ حزب اللہ کے خلاف تل ابیب کی دھمکیاں صرف نفسیاتی جنگ تک محدود ہیں اور اسرائیل کے پاس عملی طور پر حزب اللہ کو شمالی محاذ کی سرحدوں سے ہٹانے کی طاقت نہیں ہے۔

دوسری جانب مقبوضہ علاقوں کے سرحدی قصبے کریات شمونہ کے میئر نے آج ایک بیان میں لبنان کی حزب اللہ کے خلاف صیہونی لیڈروں کی گیدڑ بھبکیوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا: کیا حالات اس نہج پر پہنچ گئے ہیں کہ اسرائیل لبنان کی حزب اللہ کے ساتھ سیاسی معاہدہ کرنے کے لئے التماس کرنے لگا ہے؟![7]۔

حزبُ الله کے جنرل سیکریٹری سید مقاومت حسن نصرُالله کے پوتے شہید

حزبُ اللہ نے اعلان کیا ہے کہ عباس خلیل جو سید مقاومت کے پوتے ہیں وہ بھی اُن جنگجووں میں سے ایک ہیں جو یروشلم کے راستے پر شہید ہوگۓ ہیں۔ سید مقاومت کے بیٹا بھی 1997 میں اسرائیلی حملے کے نتیجے میں شہید ہو گۓ تھے، جس پر حسن نصراللہ نے کہا تھا ” مجھے اپنے بیٹےکی شہادت پر فخر ہے۔

حزب اللہ کے شبعا کے صیہونی ٹھکانوں پر نئے حملے

میڈیا ذرائع نے مقبوضہ فلسطین کے شمال میں صیہونی فوجی ٹھکانوں پر حزب اللہ کے نئے میزائل حملے کی اطلاع دی ہے۔

لبنانی مزاحمت کی جانب سے میزائل حملے کے بعد بالائی الجلیل میں کریات شمونا اور دیگر علاقوں میں خطرے کا سائرن بج گیا۔

در این اثناء لبنان کی حزب اللہ نے اعلان کیا: غزہ میں ثابت قدم فلسطینی قوم اور دلاوران مزاحمت کی حمایت میں مجاہدین نے شبعا کے میدانوں میں صیہونی ٹھکانے زبدین کو میزائل سے نشانہ بنایا۔

واضح رہے کہ حزب اللہ کی کارروائیاں طوفان الاقصیٰ آپریشن کے آغاز اور غزہ کی پٹی پر صیہونی حکومت کے تجاوزات کے بعد شروع ہوئیں۔ صیہونی حکومت کے ذرائع ابلاغ نے بھی کئی بار اعتراف کیا ہے کہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں کے شمال میں اب بھی حزب اللہ کا قبضہ ہے اور صیہونی فوج اس علاقے میں پھنسی ہوئی ہے [8]۔

صہیونی ڈرون طیارہ "ہرمس450" کو مارگرانے کا دعوی

لبنانی مقاومتی تنظیم حزب اللہ نے صہیونی فوج کا معروف ڈرون طیارہ "ہرمس 450" کو لبنانی فضائی حدود کے اندر مارگرانے کا دعوی کیا ہے۔

حزب اللہ نے ایک بیان میں دعوی کیا ہے کہ صہیونی ڈرون لبنان کی فضائی حدود کو پامال کرتے ہوئے اندر گھس آیا جس کے بعد مخصوص ہتھیاروں سے حملہ کرکے ڈرون کو مارگرایا گیا۔

"ہرمس450" طیارہ کثیرالمقاصد ڈرون طیارہ ہے جو جاسوسی اور نگرانی کے مقاصد کے لئے استعمال کیا جاتا ہے [9]۔

مقبوضہ فلسطین کے شمال میں غاصب صیہونی فوج کے متعدد ٹھکانوں پر نئے میزائل حملہ

صیہونی ذرائع نے اس رجیم کے فوجی ٹھکانوں پر حزب اللہ کی جانب سے نئے میزائل حملوں کی تصدیق کی ہے۔

مذکورہ ذرائع کی رپورٹ کے مطابق مقبوضہ فلسطین کے شمال میں واقع صیہونی قصبے تنوعا کو اینٹی آرمر میزائل سے نشانہ بنایا گیا ہے [10]۔

ڈپٹی سیکرٹری جنرل شیخ نعیم قاسم

ڈپٹی سیکرٹری جنرل شیخ نعیم قاسم کا اہم بیان جو مندرجہ ذیل ہیں:

  • اگر اسرائیل ہمہ گیر جنگ لڑنا چاہتا ہے تو ہم اس کے لیے تیار ہیں۔
  • لبنان پر جنگ کی کسی بھی اسرائیلی توسیع میں اسرائیل کو تباہی و بربادی اور قابض علاقوں سے نقل مکانی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
  • مزاحمت جنگ کے لیے تیار ہے اور اسرائیل کو کبھی فاتح نہیں ہونے دے گی۔
  • ہمارا فیصلہ ہے کہ جنگ کو نہ بڑھایا جائے، لیکن اگر جنگ ہم پر مسلط کی گئی تو ہم لڑیں گے۔
  • ہمیں پچھلے دو مہینوں میں دھمکیاں موصول ہوئی ہیں اور ہمارا جواب تھا کہ لبنانی محاذ غزہ سے منسلک ہے۔
  • فلسطین کے ساتھ لبنان کی سرحد سے حزب اللہ کے Special Rodwan forces کو واپس بلانے کی کوئی بھی بات درست نہیں ہے۔
  • ہم نے اب تک اپنی صلاحیتوں کا ایک چھوٹا سا حصہ جنگ کی نوعیت کے مطابق استعمال کیا ہے۔
  • بائیڈن کی خوشامدی پیشکشوں میں واقعیت کا فقدان ہے اور اس کی تجویز آئندہ امریکی انتخابات میں ووٹرز کو متاثر کرنے کے لیے بنائی گئی ہے۔
  • غزہ پر اسرائیل کی جنگ روکنے کے لیے امریکہ کا کوئی سنجیدہ اقدام نہیں ہے۔

حزب اللہ کے درست حملوں سے اسرائیلی دفاعی سسٹم کی کمزوری ظاہر ہوئی

اسرائیلی حکومت سے وابستہ ذرائع نے مقبوضہ فلسطین کے شمال میں حزب اللہ کے میزائل حملوں کی صلاحیت کا اعتراف کرتے ہوئے اسے اسرائیلی دفاعی نظام کی کمزوری کی دلیل قرار دیا۔ مہر خبررساں ایجنسی نے النشرہ ٹی وی چینل کے حوالے سے بتایا ہے کہ لبنان کی حزب اللہ نے صیہونی فوجی ٹھکانے زرعیت کو توپ خانے سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں صیہونیوں کو بھاری جانی نقصان پہنچا۔ اسی دوران صہیونی میڈیا چینل ماکور ریشون نے اعتراف کیا: حزب اللہ نے اسرائیل کے دفاعی نظام میں موجود کمزور پکڑ لی ہے اور اسی لئے اس کے میزائل صیہونی دفاعی سسٹم کو چکمہ دیتے ہوئے ٹھیک نشانے پر جا لگتے ہیں۔

اس چینل کی رپورٹ کے مطابق: حالیہ مہینوں میں، حزب اللہ کی طرف سے کئے گئے ٹھیک نشانے پر لگنے والے فضائی حملوں کی تعداد میں بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے۔ ادھر صیہونی فوج نے حسب سابق ہلاکتوں کی تعداد کو ظاہر کئے بغیر تصدیق کی ہے کہ مقبوضہ فلسطین کی شمالی سرحدوں میں فائر فائٹنگ آپریشن کے دوران چھے فوجی زخمی ہوئے۔ یاد رہے کہ حزب اللہ کے حملوں کی وجہ سے مقبوضہ فلسطین کے شمال میں واقع علاقوں میں بڑے پیمانے پر آگ لگ گئی ہے جس پر ابھی تک قابو نہیں پایا جا سکا [11]۔

حزب اللہ لبنان کے اہم کمانڈر شہید؛ حماس کا اظہارِ تعزیت

فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے غاصب صہیونیوں کے حملے میں حزب اللہ لبنان کے کمانڈر کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تعزیت پیش کی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی نے عرب ذرائع ابلاغ کے حوالے سے بتایا ہے کہ فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے ایک بیان میں جنوبی لبنان کے شہر جویا پر غاصب صہیونی فوج کے حملے میں حزب اللہ کے سینئر فیلڈ کمانڈر "طالب سامی عبداللہ" کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے ایک بیان میں طوفان الاقصیٰ میں فلسطینی قوم کے لیے حزب اللہ کی حمایت کو سراہتے ہوئے غاصب صہیونی فوج کے حملوں میں لبنان کے درجنوں مجاہدین کی شہادت پر تسلیت اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

بیان میں تاکید کی گئی ہے کہ یہ پاکیزہ خون غاصب صہیونی دشمن اور اس کی جارح فوج کو شکست دے گا اور فلسطینی قوم اور ملت اسلامیہ کو مزید مزاحمت اور قربانیوں پر ابھارے گا جس سے فلسطین کی آزادی کی راہ ہموار ہو جائے گی [12]۔

حزب اللہ کا اسرائیل کے خلاف وسیع آپریشن/ بیک وقت100 راکٹ اور 30 ​​ڈرون لانچ کئے

عبرانی ذرائع نے مقبوضہ علاقوں کے شمال میں الجلیل اور گولان کی بلندیوں پر لبنان سے ڈرونز اور میزائلوں کے بڑے پیمانے پر حملے کی اطلاع دی ہے۔ مہر خبررساں ایجنسی نے المنار ٹی وی چینل کے حوالے سے بتایا ہے کہ عبرانی ذرائع نے حزب اللہ کی جانب سے مقبوضہ فلسطین کے شمالی علاقوں پر بڑے پیمانے پر ڈرون اور میزائل حملے کی خبر دی ہے۔

عبرانی میڈیا کے مطابق مقبوضہ گولان کے علاقوں پر کم از کم 50 راکٹ داغے گئے۔ دوسری طرف المنار ٹی وی چینل نے اطلاع دی ہے کہ مقبوضہ شمالی علاقے الجلیل اور گولان پر صرف آخری گھنٹے میں کم از کم 100 راکٹ داغے گئے۔ صہیونی میڈیا نے اس کارروائی کو بڑے پیمانے کا حملہ قرار دیتے ہوئے الجلیل اور گولان کے بڑے علاقوں میں انتباہی سائرن بجنے کی اطلاع دی۔

مذکورہ ذرائع ابلاغ نے کم از کم 30 ڈرونز کا استعمال کرتے ہوئے مقبوضہ سرزمین پر بڑے پیمانے پر ڈرون حملے کی بھی خبر دی ہے۔ ان حملوں میں ابتدائی طور پر گولان میں صیہونی رجیم کی حساس فوجی تنصیبات کو وسیع نقصان پہنچا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز لبنان کی حزب اللہ نے اپنے ایک سینئر فیلڈ کمانڈر کی شہادت کے بدلے میں مقبوضہ علاقوں پر بڑے پیمانے پر حملے کیے اور بعض ذرائع نے بتایا کہ اس آپریشن کے دوران 200 راکٹ داغے گ‏ئے[13]۔

اسرائیل کے حملے کی صورت میں حزب اللہ کے شانہ بشانہ کھڑیں ہوں گے

عراقی مزاحمتی گروہوں نے لبنانی حزب اللہ کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ اگر تل ابیب رجیم نے نئی جنگ چھیڑنے کا فیصلہ کیا تو وہ حزب اللہ کا ساتھ دیتے ہوئے غاصب رجیم کے خلاف لڑیں گے۔ مہر نیوز کے مطابق لبنان کے روزنامہ الاخبار نے عراق کی اسلامی مزاحمت کے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے خبر دی ہے کہ دہشت گردی کے خلاف سرگرم مزاحمتی گروہ کتائب حزب اللہ، کتائب سید الشہداء اور حرکت حزب اللہ النجباء نے لبنان کے خلاف کسی بھی ممکنہ اسرائیلی جارحیت کا مقابلہ کرتے ہوئے حزب اللہ کے شانہ بشانہ لڑنے کے لئے اپنی بھرپور تیاری کا اعلان کیا ہے۔

تاہم ذرائع نے واضح کیا کہ عراقی مزاحمتی گروہ حزب اللہ کی منظوری کے منتظر ہیں۔ اس سلسلے میں کتائب سید الشہداء کے ترجمان کاظم الفردوسی نے کہا کہ حزب اللہ کے پاس زبردست جنگی صلاحیت، طاقتور اور موثر ہتھیار اور بڑی تعداد میں مجاہدین موجود ہیں جو کہ اسرائیل کی جارحیت کو پسپا کرنے کے لئے کافی ہیں۔

انہوں نے واضح کیا: اگر جنوبی لبنان میں عراقی مجاہدین کی ضرورت پیش آئی تو ہم حزب اللہ کی حمایت میں سب سے پہلے صہیونی دشمن کی جارحیت کا سامنا کریں گے، کیونکہ یہ ایک مسلم اور عرب مسئلہ ہے،"۔ یاد رہے کہ بدھ کے روز، حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل سید حسن نصر اللہ نے خبردار کیا کہ مکمل جنگ کی صورت میں اسرائیل کے زیر قبضہ علاقوں میں "کوئی جگہ" حزب اللہ کے ہتھیاروں سے محفوظ نہیں ہوگی۔

انہوں نے واضح کیا نے کہ اگر اسرائیل جنوبی لبنان پر حملہ کرتا ہے تو الجلیل کے علاقے پر چڑھائی کا آپشن موجود ہے۔ حسن نصر اللہ نے قبرص کا حوالہ دیتے ہوئے کہ جس نے تربیتی مشقوں کے لئے اسرائیلی افواج کی میزبانی کی ہے، واضح طور پر کہا کہ اسرائیل کی جنگی جارحیت میں مدد کرنے والے خطے کے کسی بھی دوسرے ملک کو غاصب رجیم کا حلیف سمجھتے ہوئے ضرور حملہ کریں گے۔

حزب اللہ، لبنان کے خلاف صیہونی رجیم کی جارحیت کے جواب میں اور فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر اسرائیلی ٹھکانوں پچھلے نو مہینوں سے مسلسل حملے کرتی آرہی ہے۔

غزہ میں امریکہ اور یورپ کی حمایت سے غاصب رجیم کی جارحیت کے نتیجے میں اب تک 37,551 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے ہیں۔ اے ایف پی کے مطابق، لبنان کی سرحد پر کم از کم 455 شہید ہو گئے ہیں، جن میں 80 سے زیادہ عام شہری ہیں۔ یاد رہے کہ لبنان کے خلاف دو اسرائیلی جنگوں 2000ء اور 2006ء میں، حزب اللہ کی طرف سے غاصب رجیم کو سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا، جس کے نتیجے میں اسرائیل کو شکست فاش ہوئی اور وہ بے آبرو ہو کر پسپائی اختیار کرنے پر مجبورا ہوا [14]۔

عرب لیگ نے حزب اللہ کو دہشت گرد تنظیموں کی فہرست سے خارج کردیا

عرب لیگ نے لبنانی مقاومتی تنظیم حزب اللہ کو دہشت گرد تنظیموں کی فہرست سے خارج کرنے کا اعلان کیا ہے۔ عرب ممالک کی تنظیم عرب لیگ نے لبنانی مقاومتی تنظیم حزب اللہ کو دہشت گرد تنظیموں کی فہرست سے خارج کرنے کا اعلان کیا ہے۔ تنظیم کے سیکریٹری جنرل حسین زکی نے الجزیرہ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ عرب لیگ اب حزب اللہ کو دہشت گرد تنظیم نہیں سمجھتی ہے۔

لبنان کا دورہ مکمل کرنے کے بعد حسین زکی نے کہا کہ عرب لیگ کے سابقہ ​​فیصلوں میں حزب اللہ کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا گیا تھا جس کے نتیجے میں لبنانی تنظیم اور عرب لیگ کے درمیان رابطہ منقطع ہو گیا تھا تاہم اب عرب لیگ کے اراکین نے فیصلہ کیا ہے کہ حزب اللہ دہشت گرد تنظیم نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ عرب لیگ اور لبنانی مقاومتی تنظیم کے درمیان تعلقات کی شرائط موجود ہیں۔ یاد رہے کہ عرب لیگ نے 11 مارچ 2016 کو اسرائیل کے حامی مغربی ممالک کے دباو پر حزب اللہ کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا تھا [15]۔

حزب اللہ کے ساتھ سرحدی جھڑپ میں ایک صیہونی فوجی ہلاک، متعدد زخمی

اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے ساتھ محاذ جنگ پر اپنے ایک فوجی کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ مہر خبررساں ایجنسی نے ہاریٹز کے حوالے سے بتایا ہے کہ اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ اس کا ایک فوجی لبنانی سرحد کے ساتھ ایک کارروائی کے دوران مارا گیا ہے۔

صہیونی فوج نے اس جھڑپ میں دو فوجیوں کے زخمی ہونے کی بھی تصدیق کی ہے۔ پچھلے ہفتے کے اندر حزب اللہ کے مجاہدین کے ہاتھوں 9 صہیونی فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔ مزاحمتی فورسز غاصب صیہونی فوجیوں کو ناکوں چنے چبوا رہی ہیں [16]۔

ہمارا کمانڈ اور کنٹرول ڈھانچہ پہلے سے زیادہ مضبوط ہو کر دوبارہ کام کر رہا ہے

جیسا کہ ہمارے نائب سیکرٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے فرمایا، ہم اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ ہماری میزائل قوت مکمل طور پر فعال ہے اور مقبوضہ ف لسطین کے اندر ہر جگہ کو نشانہ بنانے کے لیے تیار ہے۔

ہمارا کمانڈ اور کنٹرول ڈھانچہ پہلے سے زیادہ مضبوط ہو کر دوبارہ کام کر رہا ہے۔ حیفہ اور حیفہ کے بعد کے علاقے کرایت شمونا، میتولا اور دیگر سرحدی بستیوں کو ہم نشانہ بناتے رہیں گے۔

حزب اللہ دشمن کو وہاں سے دیکھتی اور سنتی ہے جہاں سے وہ توقع بھی نہیں کرتا۔ ہمارا ہاتھ مقبوضہ ف لسطین میں جہاں چاہے پہنچ سکتا ہے، اور ہماری آگ صرف میزائلوں یا حملہ آور ڈرونز تک محدود نہیں رہے گی۔

ہمارے بہادر مجاہدین دشمن کا مقابلہ جاری رکھے ہوئے ہیں، جو کہ شرمناک شکستوں کا سامنا کر رہا ہے، یہاں تک کہ وہ یونائیٹڈ نیشنز انٹرمیڈیٹ فورس ان لبنان (UNIFIL) کی پوزیشنوں کے پیچھے اور لبنانی سرحد کی غیر مرئی راہوں میں چھپنے پر مجبور ہے۔ اب تک دشمن ہمارے دیہات میں داخل ہونے میں ناکام رہا ہے اور اسے بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے، جس میں اس کے 35 سے زیادہ ہلاک اور 200 سے زائد زخمی ہوئے ہیں، جن میں اس کے ایلیٹ افسران اور فوجی شامل ہیں۔

دشمن جو کچھ دیکھ رہا ہے وہ صرف شروعات ہے۔ ہم اپنے معزز عوام سے کہتے ہیں کہ آپ ہمارے تمام مجاہدین کے دلوں میں بستے ہیں، آپ وہ ہیروز ہیں جو اس دشمن کو ذلیل کرتے ہیں، آپ میدان میں اللہ اکبر کی صدائیں ہیں، اور آپ وہ فتح کی دعائیں ہیں جن سے ہم خدا کی رضا کے قریب ہوتے ہیں۔

جہاں تک ہمارے محبوب غزہ کا تعلق ہے، ہم اپنے عہد اور وعدے پر قائم ہیں اور کبھی بھی غزہ کو اور غزہ کی عوام اور ان کی بہادر اور عزت دار مزاحمت کی حمایت سے دستبردار نہیں ہوں گے۔

حزب اللہ کا اسرائیل پر شدید حملہ، بیک وقت 100 میزائل داغے

لبنان کی ح ز ب اللہ نے مقبوضہ علاقوں میں حیفہ اور کیریوت پر میزائلوں کی شدید بارش کر دی۔ حزب اللہ کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل شیخ نعیم قاسم کے خطاب کے ساتھ ہی اسلامی مزاحمتی تنظیم نے مقبوضہ حیفہ پر ایک سو 100 میزائل داغے ہیں جس پر علاقے میں خطرے کا سائرن بج گیا ہے جب کہ اس دوران کیریوٹ اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں بھی میزائل گرنے کی آواز سنائی دی۔

دوسری طرف صہیونی میڈیا نےتصدیق کی ہے کہ کریات یم میں ایک عمارت کو براہ راست نشانہ بنایا گیا جب کہ حیفا شہر سے دھواں اٹھنے کی اطلاع دی ہے۔ در این اثناء اسرائیلی ہسپتال ذرائع نے حیفا پر حزب اللہ کے بھاری میزائل حملے کے بعد زخمیوں کی بڑی تعداد کو منتقل کرنے کی اطلاع دی ہے۔ صہیونی آرمی ریڈیو نے بھی تصدیق کی ہے کہ حیفہ پر آج کا حملہ جنگ کے آغاز کے بعد سے اس شہر پر سب سے شدید اور وسیع حملہ تھا۔ صیہونی چینل 12 نے بھی خلیج حیفہ کے علاقوں میں 5 میزائل گرنے کی تصدیق کی ہے۔

آسٹریلیا کے شہریوں کا حزب اللہ کے جھنڈوں کے ساتھ ملک کی حکومت کے خلاف احتجاج

ہزاروں آسٹریلوی شہریوں نے ملبورن میں لبنان اور حزب اللہ کے جھنڈے اٹھا کر حکومتی اقدام کے خلاف بھرپور احتجاج کیا۔ مہر خبررساں ایجنسی نے رشیا ٹو ڈے کے حوالے سے بتایا ہے کہ میلبورن میں لبنان کی حزب اللہ کے جھنڈے پر پابندی کے حکومتی اقدام کے خلاف ہزاروں آسٹریلوی باشندوں نے لبنان اور حزب اللہ کے جھنڈے اٹھا کر احتجاج کیا۔

مظاہرین نے غزہ اور لبنان میں صیہونی حکومت کے جرائم کی بھی مذمت کی۔ واضح رہے آسٹریلوی حکومت نے ملک میں حزب اللہ کے جھنڈوں پر پابندی لگائی تھی جس پر ملک بھر کے عوام نے مشتعل ہو کر حزب اللہ کی حمایت میں جھنڈے اٹھا کر احتجاج کیا اور یورپ کے انسانی حقوق کے دوغلے پن کو برملا کرنے کے ساتھ ان کی اسرائیل نوزی پر بھی بھرپور تنقید کی[17]۔

حزب اللہ کے ڈرون حملے نے صیہونی حکومت کی گولانی بریگیڈ کو تباہ کر دیا

حزب اللہ کے ڈرون حملے نے صیہونی حکومت کی گولانی بریگیڈ کو تباہ کر دیا، 72 ہلاک اور زخمی۔ غاصب صیہونی حکومت کے ذرائع ابلاغ نے اعتراف کیا ہے کہ بنیامینہ میں حکومت کی گولانی بریگیڈ بیرکوں میں حزب اللہ کے خودکش ڈرون کے دھماکے کے نتیجے میں 72 صیہونی فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، الجزیرہ کے حوالے سے صیہونی حکومت کے ذرائع ابلاغ نے اعتراف کیا ہے کہ مقبوضہ علاقوں میں لبنانی حزب اللہ سے تعلق رکھنے والے خودکش ڈرون کے دھماکے کے نتیجے میں بڑی تعداد میں صیہونی فوجی زخمی ہوئے ہیں۔ صیہونی حکومت کے ذرائع ابلاغ نے اعلان کیا ہے کہ حیفہ کے جنوب میں صیہونی حکومت کے فوجی اڈے پر لبنانی حزب اللہ کے ڈرون حملے میں زخمی ہونے والوں کی تعداد 69 ہوگئی ہے۔

دوسری جانب صیہونی حکومت کے ذرائع ابلاغ نے اطلاع دی ہے کہ حیفہ کے شمال میں حیفہ بے اور کریوت میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ ان ذرائع ابلاغ نے اعلان کیا کہ صیہونی حکومت کی فوج کے فوجی مقبوضہ حیفہ میں حکومت کے بحری اڈے کی پناہ گاہوں میں فرار ہوگئے ہیں۔

صہیونی حکومت کے آرمی ریڈیو نے جنوبی حیفہ میں بنیامینہ پر ڈرون حملے کے بارے میں اپنی تازہ ترین رپورٹ میں اعلان کیا ہے کہ لبنانی اسلامی مزاحمت کے آپریشن کے نتیجے میں تین صیہونی ہلاک ہوئے ہیں جن میں سے چار کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ بعض ذرائع ابلاغ نے اطلاع دی ہے کہ زخمی صیہونیوں کو ہسپتال منتقل کرنے کے لئے آپریشن کے مقام پر متعدد ہیلی کاپٹر اور 50 ایمبولینسیں روانہ کی گئی ہیں [18]۔

حوالہ جات

  1. محمد اسلم لودھی، اسرائیل ناقابل شکست کیوں؟ وفا پبلی کیشنز، 2007ء، ص53
  2. ایاز میر، ہمیں سبق حزب اللہ کی تاریخ سے سیکھنا چاہیے،www.taghribnews.com
  3. حزب اللہ کے حملے، اسرائیلی فوج کو جانی نقصانات، mehrnews.com
  4. حزب اللہ نے صیہونی فوج کا مرکاوا ٹینک تباہ کردیا، mehrnews.com
  5. لبنان اور مزاحمت کی بھرپور حمایت جاری رکھیں گے، ایرانی وزیر خارجہ، .mehrnews.com
  6. حزب اللہ کے صہیونی فوج کے ٹھکانوں پر حملے، .mehrnews.com
  7. صیہونی رجیم کی حزب اللہ کے خلاف گیدڑ بھبکیاں!،mehrnews.com
  8. فلسطین: حزب اللہ کے شبعا کے صیہونی ٹھکانوں پر نئے حملےmehrnews.com،- شا‏ئع شدہ:29مارچ 2024ء- اخذہ شدہ:3اپریل 2024ء۔
  9. حزب اللہ نے صہیونی ڈرون طیارہ "ہرمس450" مارگرایاmehrnews.com-شائع شدہ:7اپریل 2024ء -اخذ شدہ: 7اپریل 2024ء
  10. حزب اللہ کے شمالی مقبوضہ فلسطین پر میزائل حملے-ur.mehrnews.com-شائع شدہ از:24اپریل 2024ء-اخذ شدہ بہ تاریخ:24اپریل 2024ء۔
  11. حزب اللہ کے درست حملوں سے اسرائیلی دفاعی سسٹم کی کمزوری ظاہر ہوئی، صیہونی میڈیا کا اعتراف-ur.mehrnews.com- شائع شدہ از: 7 جون 2024ء- اخذ شدہ بہ تاریخ: 7 جون 2024ء۔
  12. حزب اللہ لبنان کے اہم کمانڈر شہید؛ حماس کا اظہارِ تعزیت-ur.hawzahnews.com- شائع شدہ از: 12 جون 2024ء- اخذ شدہ بہ تاریخ: 12 جون 2024ء۔
  13. حزب اللہ کا اسرائیل کے خلاف وسیع آپریشن/ بیک وقت100 راکٹ اور 30 ​​ڈرون لانچ کئے-ur.mehrnews.com- شائع شدہ از: 13 جون - اخذ شدہ بہ تاریخ: 13 جون 2024ء۔
  14. اسرائیل کے حملے کی صورت میں حزب اللہ کے شانہ بشانہ کھڑیں ہوں گے، عراق کے مزاحمتی گروہوں کا اعلان-ur.mehrnews.com- شائع شدہ از: 22جون 2024ء- اخذ شدہ بہ تاریخ: 22جون 2024ء۔
  15. عرب لیگ نے حزب اللہ کو دہشت گرد تنظیموں کی فہرست سے خارج کردیا- ur.mehrnews.com-شائع شدہ از: 30 جون 2024ء- اخذ شدہ بہ تاریخ: 30 جون 2024ء۔
  16. حزب اللہ کے ساتھ سرحدی جھڑپ میں ایک صیہونی فوجی ہلاک، متعدد زخمی- ur.mehrnews.com- شائع شدہ از: 7 اکتوبر 2024ء- اخذ شدہ بہ تاریخ: 7 اکتوبر 2024ء
  17. آسٹریلیا کے ہزاروں شہریوں کا حزب اللہ کے جھنڈوں کے ساتھ ملک کی حکومت کے خلاف احتجاج-ur.mehrnews.com- شائع شدہ از: 13 اکتوبر 2024ء- اخذ شدہ بہ تاریخ: 13 اکتوبر 2024ء۔
  18. حزب اللہ کے ڈرون حملے نے صیہونی حکومت کی گولانی بریگیڈ کو تباہ کر دیا، 72 ہلاک اور زخمی+ ویڈیو-ur.mehrnews.com- شائع شدہ از: 13 اکتوبر 2024ء- اخذ شدہ بہ تاریخ: 14 اکتوبر 2024ء۔