خالد سیف الله رحمانی
خالد سیف الله رحمانی | |
---|---|
پورا نام | خالد سیف الله رحمانی |
ذاتی معلومات | |
پیدائش کی جگہ | ہندوستان |
اساتذہ |
|
مذہب | اسلام، سنی |
اثرات |
|
مناصب |
|
خالد سیف اللہ رحمانی ایک بھارت کے فقیہ، متعدد فقہی کتابوں کے مصنف اور شرعی علوم کے محقق ہیں۔ نیز آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے جنرل سکریٹری، اسلامک فقہ اکیڈمی انڈیا کے جنرل سکریٹری، حیدرآباد دکن میں واقع المعہد العالی الاسلامی کے بانی، سہ ماہی بحث و نظر کے مدیر، دار العلوم ندوۃ العلماء کی مجلس انتظامی اور مجلس نظامت کے رکن اور متعدد مدارس اور تنظیموں کے سرپرست ہیں۔
سوانح عمری
10 جمادی الاولی 1376ھ مطابق نومبر 1956 میں بہار کے ایک قصبہ جالے کے معروف علمی گھرانہ میں آنکھیں کھولیں، تاریخی نام نور خورشید رکھا گیا جبکہ اصل نام خالد سیف اللہ طے پایا اور اسی نام سے معروف ہوئے۔ والد حکم زین العابدین علاقہ کے معروف لوگوں میں تھے، جبکہ دادا عبد الاحد صاحب دار العلوم دیوبند کے فاضل اور اس دور کے اہم علما میں تھے، وہ مدرسہ احمدیہ مدھوبنی کے شیخ بھی رہے ہیں جبکہ چچا مشہور عالم اور دینی و ملی رہنما قاضی مجاہد الاسلام قاسمی تھے، فقہ اور قضا کے باب میں جن کا مقام بلند معروف ومسلم رہا ہے۔
خالد سیف اللہ کا نانیہالی خاندان بہار کے مشہور بزرگ بشارت کریم گڑھلوی سے وابستہ تھا، اس خانوادہ کے مورث اعلیٰ ملا سید محمد علی ہیں جو ملا سیسو کے نام سے مشہور تھے، انہوں نے سید احمد شہید کی تحریک جہاد میں شرکت کی اور معرکہ بالاکوٹ کے بعد بہار لوٹے [1]
تعلیم
وه نے ابتدائی تعلیم اپنی دادی، والدہ اور پھوپھا مولانا وجیہ الدین صاحب سے حاصل کی، فارسی اور عربی کی ابتدائی کتابیں اپنے والد سے پڑھیں، اس کے بعد مدرسہ قاسم العلوم حسینیہ دوگھرا (ضلع دربھنگہ) میں کسب فیض کیا، پھر یہاں سے جامعہ رحمانیہ مونگیر کا رخ کیا جو اس وقت بھارت کا معروف ادارہ اور تشنگان علم دین کا مرکز توجہ بنا ہوا تھا۔ انہوں نے یہاں متوسطات سے دورۂ حدیث تک کی تعلیم حاصل کی، یہاں منت اللہ رحمانی سے خصوصی استفادہ کا موقع ملا، ان کے علاوہ وہاں کے دیگر اساطین علم و اصحاب فضل اساتذہ سے بھی استفادہ کیا۔ خالد سیف اللہ کے اساتذہ میں سید شمس الحق صاحب، اکرام علی صاحب، حسیب الرحمن صاحب، فضل الرحمن قاسمی صاحب اور فضل الرحمن رحمانی وغیرہ شامل ہیں۔ [2]
حوالہ جات
- ↑ پیام سیرت، مولف مولاناخالد سیف اللہ رحمانی(مضمون مصنف کتاب ایک تعارف از مولانامنورسلطان ندوی)، ص:21،ناشرعلامہ سید سلیمان ندوی ریسرچ سنٹر لکھنؤ، دوسرا ایڈیشن:2010
- ↑ قاموس الفقہ از خالد سیف اللہ رحمانی (مضمون حرفے چند صاحب کتاب کے بارے میں از مولانا مولانااشرف علی قاسمی) ج1،ص:200، ناشر کتب خانہ نعیمیہ دیوبند، پہلا ایڈیشن، 2007